Inquilab Logo

ہنڈن برگ رپورٹ کا مقصد ہماری ساکھ کو برباد کرنا تھا

Updated: July 19, 2023, 3:38 PM IST | New Delhi

اڈانی گروپ کی سالانہ میٹنگ میں گوتم اڈانی نے پھر صفائی پیش کی، کہا کہ رپورٹ سے شیئر بازار کو بھی نقصان پہنچا

Gautam Adani addressing the Annual General Meeting online.
گوتم اڈانی سالانہ جنرل میٹنگ سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے۔

 اڈانی گروپ پر سنگین الزامات عائد کرنے والی ہنڈن برگ کی رپورٹ کو حالانکہ کئی  مہینے گزر گئے ہیں لیکن ابھی تک اڈانی گروپ اس کے اثر سے باہر نہیں نکل پایا ہے۔ اس معاملے میں کئی بار گوتم اڈانی بیان دے چکے ہیں۔ منگل کواڈانی گروپ کے اے جی ایم (سالانہ  جنرل باڈی میٹنگ) میں بھی انہوں نے   صفائی پیش کی اور ہنڈن برگ ریسرچ کی رپورٹ کو  تنقید کا نشانہ بنایا۔ 
 گوتم اڈانی نے کہا کہ یہ رپورٹ ٹارگیٹیڈ (نشانہ بنانے کے مقصد سے)تھی اور اس میں غلط جانکاریوں کو بنیاد بنا کر گروپ کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔گوتم اڈانی نے میٹنگ میں دعویٰ کیا کہ ’’ ہنڈن برگ ریسرچ کی رپورٹ میں  جو الزامات لگائے گئے ان مین سے بیشتر۲۰۰۴ء سے۲۰۱۵ء کے درمیان کے ہیں۔ ان سبھی کا نمٹارا اس وقت کے افسران کے ذریعہ کر دیا گیا تھا۔‘‘ گوتم اڈانی نے کہا کہ ’’ یہ رپورٹ اڈانی گروپ کو نقصان پہنچانے کے مقصد سے ایک منصوبہ بند اور غلط نیت سے کی گئی کوشش تھی۔‘‘  
 انہوں نے اے جی ایم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ نے نہ صرف اڈانی گروپ کو نقصان پہنچایا بلکہ ہندوستانی شیئر بازار کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔گوتم اڈانی کا کہنا ہے کہ سیبی کی جانچ فی الحال چل رہی ہے اور دوسری طرف سپریم کورٹ کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کو بھی کوئی ثبوت ایسا نہیں ملا ہے کہ جس سے ثابت کیا جا سکے کہ اڈانی گروپ نے کوئی غلط کام کیا ہو، یا ہنڈن برگ ریسرچ کی رپورٹ میں لگائے گئے الزامات سچ ہوئے ہوں۔
 انہوں نے بتایا کہ’’ سیبی کی جانچ میں اڈانی گروپ پوری طرح سے تعاون کر رہا ہے، ہمیں امید ہے کہ عدالت سے ہمیں راحت ملے گی۔‘‘ واضح رہے کہ ہنڈن برگ ریسرچ کی رپورٹ جنوری کے آخری ہفتہ میں آئی تھی۔ اس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ اڈانی گروپ نے اب تک کا سب سے بڑا اکاؤنٹنگ فراڈ کیا ہے اور شیئروں میں ہیرا پھیری بھی کی ہے۔ اس کے بعد اڈانی گروپ کمپنیوں کے شیئرس میں لگاتار گراوٹ دیکھنے کو ملی تھی اور مارکیٹ کیپ میں۱۰۰؍ ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہو گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK