Inquilab Logo Happiest Places to Work

قرآن کی حرمت کا معاملہ :مسلم ممالک سویڈن پر برہم ،عراق سے سویڈش سفیر ملک بدر

Updated: July 22, 2023, 11:13 AM IST | Riyadh

دنیا کے مختلف حصوں میں مسلمانوں نے احتجاج کیا،سعودی عرب، ایران نے سویڈن کے سفیروں کو طلب کرکے احتجاج کیا،اوآئی سی نے بھی سخت ردعمل ظاہر کیا ہے

Demonstrators protested in Lebanon on Friday with copies of the Holy Quran in their hands.
جمعہ کو لبنان میں مظاہرین نے ہاتھوں میں قرآن پاک کے نسخے لے کر یوں احتجاج کیا ۔

قرآن پاک کی حرمت کے معاملے میںایک طرف جمعہ کو دنیا کے مختلف حصوں میں احتجاج کیا گیا۔ وہیں دوسری طرف مسلم ممالک نے سویڈن کے رویہ کا سخت نوٹس لیا ہے ۔ مشرق وسطیٰ کے  اہم ممالک سعودی عرب، ایران اورقطر نے سویڈن کے سفیروں کو طلب کیا ہے تاکہ اسٹاک ہوم کے ذریعہ  قرآن پاک کی بے حرمتی کی اجازت  دئیے جانے کے اقدام کی  مذمت کی جائے۔ ان کے ساتھ ساتھ ترکی ، اردن ودیگر ممالک نے مذمتی بیانات جاری کئے ہیں۔ 
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق دونوں مسلم ممالک کی جانب سے سفیر کی طلبی کے اقدامات سویڈن میں مقیم ایک  عراقی مہاجر کی جانب سے گزشتہ ماہ اسٹاک ہوم کی مرکزی مسجد کے باہر قرآن  پاک کی بے حرمتی پر سویڈن اور عراق کے درمیان شدید کشیدگی کے درمیان سامنے  آئے۔ حالیہ واقعے میں جمعرات کو مذکورہ پناہ گزین سلوان مومیکا نے  ایک مرتبہ پھر قرآن کی بے حرمتی کی ۔ جس پر مسلم دنیا میں ایک بار پھر مذمت اور احتجاج کی اپیل کی گئی۔ 
کس نے کیا کہا؟
 سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق وہ سویڈش ناظم  الامور کو ’ایک احتجاجی نوٹ پیش کریں گے‘ جس میں سویڈش حکام سے ان اہانت آمیز  کارروائیوں کو روکنے کیلئے  تمام فوری اور ضروری اقدامات کرنے کی درخواست  بھی شامل ہے۔
 ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا کہ تہران  میں سویڈن کے سفیر کو سلوان مومیکا کے احتجاج کیلئے  دی گئی اجازت کی مذمت کرنے اور اسٹاک ہوم کو اس طرح کے اقدامات کے نتائج سے خبردار کرنے کیلئے  بلایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ’ ’ہم سویڈن میں قرآن پاک اور اسلامی  مقدسات کی بار بار بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہیں اور سویڈن حکومت کو  پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو بھڑکانے کے نتائج کا ذمہ دار ٹھہراتے  ہیں۔‘‘
 ترکی کی وزارت خارجہ نے سویڈن سے مطالبہ کیا کہ  وہ ’’اسلام اور اربوں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کو روکنے کے لیے  اقدامات اٹھائے۔‘‘
 اسی طرح پاکستان نے بھی قرآن پاک کی بے حرمتی کے ’قابل نفرت فعل‘ کی شدید مذمت کی تھی۔دفتر  خارجہ نے کہا تھا کہ آزادی اظہار اور احتجاج کے بہانے امتیازی سلوک، نفرت  اور تشدد کے لیے اس طرح کی جان بوجھ کر اکسانے کو جائز قرار نہیں دیا جا  سکتا۔
لبنان سے سویڈش سفر کو نکالنے کا مطالبہ
حزب اللہ تحریک کے سربراہ حسن نصر اللہ نے لبنان سے سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کرنے اور سویڈن سے لبنان کے  سفیر کو واپس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق  ایرانی حکام نے ’قرآن پاک کی بے حرمتی‘ کی مذمت کیلئے  جمعہ کی نماز کے بعد  ملک گیر مظاہروں کی اپیل کی ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ تہران کے وزیر  خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو  غطریس کو لکھے گئے ایک خط میں ان سے کہا ہے کہ وہ ’فوری طور پر اس اقدام  کی مذمت کریں اور اس طرح کے توہین آمیز اور اشتعال انگیز اقدام کو دوبارہ  روکنے کے لیے جلد از جلد ضروری اقدامات کریں۔‘
 علاوہ ازیں عراق، ترکی، متحدہ عرب  امارات، اردن اور مراکش سمیت متعدد مسلم ممالک کی حکومتوں نے اس واقعے کے  خلاف احتجاج جاری کیا، عراق نے اس شخص کو ملک میں مقدمے کا سامنا کرنے کے  لیے حوالگی کا مطالبہ کیا۔
عراق کی سخت کارروائی
 خیال رہے کہ اسٹاک ہوم میں ایک اور مظاہرے کی پیشگی خبر نے سیکڑوں افراد کو  راتوں رات بغداد کے سفارتخانے میں جمع ہونے پر اکسایا، جنہوں نے دیواروں پر  چڑھائی کی اور عمارت کو نذرِ آتش کردیا۔ عراق کی حکومت نے جمعرات کو ہونیوالے اس حملے کی  مذمت کی لیکن سویڈن میں احتجاج کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسکے سفیر کو ملک بدر کر دیا ہے، اس کے علاوہ  سویڈش ٹیلی کام کمپنی ایرکسن کا آپریٹنگ 
 قرآن کی بے حرمتی گھناؤنا عمل: امریکی محکمہ خارجہ
 امریکی  محکمہ خارجہ کے  ترجمان میتھیو ملر نے کہا  ہے کہ کسی بھی مذہبی کتاب کی بے حرمتی کرنا گھناؤنا عمل ہے، ہم ان جیسی  حرکتوں کی مذمت کرتے ہیں۔ میتھیو ملر نے کہا کہ ہم قرآن پاک اور دیگر عبادات کی اہمیت کو سراہتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ہم ہر ایک کے لئے مذہب یا عقیدے  کی آزادی کے حق کی حمایت کرتے ہیں، پرامن اجتماع کے حق اور اظہار رائے کی  آزادی کی بھی حمایت کرتے ہیں، ہم لوگوں لوگوں کی آزادی اظہار کے حق کو  استعمال کرنے کو تسلیم کرتے ہیں۔

riyadh Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK