Inquilab Logo

شدید گرمی سےالیکشن مہم میں حصہ لینے والے افراد بے حال

Updated: May 09, 2024, 12:01 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

لُولگنے، غش آنےاورجسم میں پانی کی کمی جیسی شکایتوںکے سبب تقریباً ۵۰؍ فیصد لوگوں نے مہم میں حصہ لیناترک کر دیاہے۔ بیشتر مقامات پر دوپہر میں مہم نہیں چلائی جارہی ہے

Aam Aadmi Party workers are conducting election campaign in Tezdhup.
عام آدمی پارٹی کے کارکنان تیزدھوپ میں الیکشن مہم چلارہے ہیں۔ (تصویر: ا نقلاب)

شہر ومضافات کی شدید گرمی سے الیکشن مہم میں حصہ لینے والے بے حال ہیں ۔ سن فنگس، لُو گرنے ، غش آنے  اور جسم میں پانی کی کمی   جیسی شکایتوں میں مبتلا ہونے سے تقریباً ۵۰؍ فیصد لوگوں نے مہم میں حصہ لینا ترک کر دیاہے ۔ صبح ا ور شام کے اوقات میں چھتری اور کیپ وغیرہ کا استعمال کر کے لوگ مہم میں حصہ لے ر ہے ہیں ۔ بیشتر مقامات پر دوپہر کے وقت مہم نہیںچلائی جا رہی ہے ۔ دوسری جانب شدید دھوپ میں بھی الیکشن مہم میں شرکت کرنے والوںکاکہنا ہے کہ گرمی کی وجہ سے پریشانی ضرور ہو رہی ہے لیکن بہر صورت مہم میں توکسی بھی طرح حصہ لینا ہے ۔ اسی لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے کچھ حلقوں میں معمول کےمطابق الیکشن مہم جاری  ہے۔
 عام آدمی پارٹی  ، بائیکلہ کے رکن گریش دلیپ ورادی (۳۲)  نے اس نمائندے کو بتایا کہ ’’ جنوبی ممبئی کے انڈیا اتحاد کے اُمیدوار اروندساونت کیلئے ہماری پارٹی کے ورکرس گزشتہ ایک ہفتہ سے الیکشن مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لے رہے ہیں ۔ ہم لوگ ریلی نکالنے کے علاوہ گھرگھر جا کر ان کی تشہیر کر رہے ہیں تاکہ انہیں زیادہ سے زیادہ ووٹوں سے کامیابی مل سکے ۔ صبح ساڑھے ۱۰؍ بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے اور شام ساڑھے ۴؍ بجے سے رات ۸؍ بجے تک مہم چلائی جا رہی ہے ۔ صبح کے سیشن میں تیز دھوپ میں ننگے سر مہم میں جانے سے میری طبیعت خراب ہوگئی ہے ۔ مجھے سن فنگس کی شکایت ہوگئی ہے جس کی وجہ سے میری کمر، گردن اور ہاتھوں میں سن فنگس ہوگیا ہے ۔ جِلد کے ڈاکٹر کو دکھانے پر اس نے مجھے سختی سے مہم میں شامل ہونے سے منع کیا ہے ۔ دوا لینے کے باوجود آرام نہیں ملا ہے۔  ڈاکٹر کے منع کرنے پر میں نےصبح کے سیشن میں جانا بند کر دیا ہے لیکن شام کے سیشن میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ شامل ہو رہا ہوں ۔ تیزدھوپ سے میرے   دیگر ساتھیوں نے بھی صبح کے وقت آنا بند کر دیا ہے ۔ ‘‘
     پائیدھونی میں کانگریس پارٹی کی رکن ریحانہ کپاڈیہ کے مطابق ’’ شدید گرمی سے الیکشن مہم میں حصہ لینے والی خواتین کا براحال ہے ۔ شدیدگرمی   سے مہم کے دوران غش آ نےپر خواتین سڑک پر بیٹھ جاتی ہیں۔  انہیں اوآرایس ( گلوکوز)وغیرہ دیا جا رہا ہے ۔ اسی طرح متعدد خواتین لُو سے متاثر ہو رہی ہیں ۔ دھوپ کی شدت سے جسم میں پانی کی کمی کی بھی شکایت مل رہی ہے۔ اس طرح کےمتعدد مسائل ہیں جن کی وجہ سے الیکشن مہم میں دشواری آر ہی ہے لیکن ان مسائل کو جھیلتے ہوئے مہم تو جاری رکھنی ہے  تاکہ موجودہ صورتحال میں فرقہ پرست قوتوں کو شکست دینے میں کامیابی مل سکے ۔‘‘
 محمدعلی روڈ کے سیاسی اور سماجی کارکن امین پاریکھ نے اس نمائندے کو بتایا کہ ’’ شدید گرمی اورتیز دھوپ میں الیکشن مہم اور ریلیوں میں حصہ لینے سے جسم میں پانی کی کمی  کے علاوہ میری جلد سرخ ہوگئی ہے ۔ ہمارے دیگر اراکین کو بھی ہیٹ اسٹروک، سن فنگس ، چکرآنے اور جسم میں پانی کی کمی   کی شکایتیں ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے مہم میں حصہ لینے والوں کی تعداد تقریباً ۵۰؍ فیصد تعداد ہوگئی ہے ۔ ‘‘
 عام آدمی پارٹی ، بائیکلہ کے ۴۷؍ سالہ شکیب شیخ نے بتایا کہ ’’گرمی کی وجہ سے الیکشن مہم متاثر ہو رہی ہے  ، اس کے باوجود مہم جاری رکھی گئی ہے۔ مجھے بھی شدید گرمی سے جسم پر گھموری ہوگئی ہے لیکن میں نے مہم میں جانا بند نہیں کیا ہے ۔ ہاں  ، یہ ضرور ہے کہ اب مہم کےدوران سرپر کیپ اور چھتری کااستعمال کر رہا ہوں ۔ ملک کے موجودہ  درجہ حرارت گرمی کے درجہ حرارت سے کہیں زیادہ ہے ۔ اس لئے الیکشن مہم ہرحال میں جاری رکھنا ضروری ہے ۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK