Inquilab Logo

اورنگ آباد میں نظم ونسق بگاڑنے والے واقعات سے نپٹنے کیلئے ٹیم تیار

Updated: May 30, 2023, 9:41 AM IST | Aurangabad

پولیس کمشنر نے اعلان کیا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ملتے ہی ۳۰؍ اہلکاروں کی مسلح ٹیم پولیس کی مدد کیلئے موقع پر پہنچ جائے گی

There have been many attempts to spoil the environment in Aurangabad (file photo).
اورنگ آباد میں ماحول بگاڑنے کی کئی کوششیں ہو چکی ہیں ( فائل فوٹو)

ارچ کے مہینے میں فساد جیسی صورتحال کا سامنا کرنے والے شہر اورنگ آباد کے نئے پولیس کمشنر منوج لوہیا نے عہدہ سنبھالتے ہی شہر میں نظم ونسق کو درست کرنے کا بیڑا اٹھا ہے۔  انہوں نے کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نپٹنے کیلئے پولیس فورس کو مستعد اور مسلح رکھنے کا حکم دیا ہے۔ پیر کو ایک پریس کانفرنس میں منوج لوہیا نے بتایا کہ شہر میں کہیں بھی نظم ونسق بگاڑنے والا کوئی واقعہ پیش آیا تو فوری طور پر وہاں ۳۰؍ اہلکاروں پر مشتمل مسلح ٹیم پہنچ  جائے گی۔  
  یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اورنگ آباد ہی کے انسپکٹر جنرل نے کہا تھا کہ الیکشن سے قبل مختلف مقامات پر فساد کروائے جا سکتے ہیں ایسی صورت میں پولیس اور عوام کو چوکنا رہنا ہوگا۔ اب  پولیس کمشنر نے اس تعلق سے اقدامات کا  اعلان کیا ہے۔منوج لوہیا نے بتایا ’’پولیس فورس ۳۰؍ اہلکاروں پر مشتمل ایک مسلح ٹیم تشکیل دے رہی ہے جو کسی بھی علاقے سے نظم ونسق بگاڑنے والے کسی واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس کی مدد کیلئے پہنچ جائے گی۔‘‘  انہوں نے کہا کہ  اس کیلئے پولیس اسٹیشنوں میں اسپیشل روم،نیز پولیس کی گاڑیوں میں افسروں اور اہلکاروں کو بٹھانے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ 
 منوج لوہیا نے اورنگ آباد کے پولیس کمشنر کے طور پر چارج سنبھالتے ہی نظم ونسق کے تعلق سے کئی اہم اقدامات کئے ہیں۔ انہی میں سے ایک ہر ڈیوژن  ہیڈ اور پولیس اسٹیشن انچارج کو ایک خصوصی موبائل نمبر فراہم کرنا بھی ہے۔  اگر ان افسران کا تبادلہ بھی ہو گیا تو نمبر قائم رہے گا( ان کی جگہ تعینات عہدیدار کے سپرد کر دیا جائے گا) ۔   ان نمبر پر جہاں سے بھی عوام فون کرکے کسی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع دیں گے وہاں فوری طور پر ۳۰؍ افراد پر مشتمل خصوصی فورس بھیج دی جائے گی۔ساتھ ہی پولیس کمشنر نے بتایا کہ شہر کے ۳۴؍ مقامات ایسے ہیں جہاں پولیس ہمیشہ تعینات رہے گی۔ کمشنر نے امید ظاہر کی کہ اس کی وجہ سے عوام میں تحفظ کا احساس پیدا ہوگا۔ 
پولیس افسران کے تبادلوں کا سلسلہ
 اطلاع کے مطابق منوج لوہیا نے شہر کے پولیس اسٹیشنوں میں تعینات افسران کے تبادلے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اور جلد ہی بڑے پیمانے  پر پولیس اسٹیشن کے انچارج تبدیل کئے جائیں گے۔ اس لئے  مقامی افسران میں کھلبلی ہے اور وہ اپنا تبادلہ کسی ’مناسب‘ جگہ کروانے کیلئے سفارشوں کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔  یاد رہے کہ  گزشتہ مارچ میں اورنگ آباد میں فساد کے دوران نکھل گپتا پولیس کمشنر تھے اپریل کے آخر میں ان کی جگہ منوج لوہیا کو لایا گیا تھا۔ 

aurangabad Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK