Inquilab Logo

آج شیئر مارکیٹ سےاڈانی کو پھر شدید جھٹکوں کا اندیشہ

Updated: January 30, 2023, 10:30 AM IST | Mumbai

ہنڈن برگ رپورٹ کی بنا پر حصص کی قیمتوں میں مزید گراوٹ کا امکان، ۲۰؍ ہزار کروڑ اکٹھا کرنے کیلئے جاری کئے گئے ایف پی او سے متعلق سرمایہ کاروں کی سرد مہری بھی برقرار

Gautam Adani`s group has announced to respond to the Hindenburg group`s allegations after January 31.
گوتم اڈانی کے گروپ نے ۳۱؍ جنوری کے بعد ہنڈن برگ گروپ کے الزامات کا جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔

اڈانی گروپ پر لاکھوں کروڑ کی گھپلے کا الزام عائد کرنے والی ہنڈن برگ رپورٹ   کے کئی دن گزر جانے کے باوجود گوتم اڈانی یا ان کے گروپ کی جانب سے الزامات کا جواب نہ دینے پر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں آنے والی کمی کااثر پیر کو پھر شیئر مارکیٹ میں نظر آسکتاہے۔ا ن کی کمپنیوں  کے حصص کی قیمتوں میں مزید گراوٹ کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہاہے۔ ایسے وقت میں جبکہ کمپنی کے ایف پی او پر سرمایہ کاروں  نے سردمہری کا مظاہر ہ کیا ہے ، کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایف پی او کی فروخت مکمل ہونے کےبعد ہنڈن برگ کے الزامات کا جواب دے گی۔ 
ایف پی او صرف ایک فیصد فروخت ہوا
 اڈانی گروپ کی کمپنیوں پر سنگین الزامات عائد کرنے والی  ہنڈن برگ ریسرچ کی  رپورٹ ایسے وقت میں آئی ہے جب  گروپ نے  فالو آن پبلک آفرنگ (ایف پی او )کے ذریعہ ۲۰؍ ہزار کروڑ روپے اکٹھا کرنے کا منصوبہ بنایاتھا مگر ایف پی او کے جاری  ہونے کے بعد پہلے دن اس کی فروخت محض ایک فیصد رہی۔ ہندوستانی سرمایہ مارکیٹ کا یہ اب تک کا سب سے بڑا ایف پی او ہے۔۲۷؍ جنوری کو اس ایف پی او کے جاری ہونے کے بعد پہلے دن صرف ۴ء۷؍ لاکھ شیئر فروخت ہوئے ہیں جو پیش کئے گئے شیئر کا محض ایک فیصد ہیں۔اس کے ذریعہ اڈانی گروپ ۴ء۵۵؍کروڑ روپے ہی اکٹھا کرنے میں کامیاب ہو سکاہے۔ عام طور پر شیئر مارکیٹ میں اڈانی گروپ کے آفرس ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوتے ہیں۔اس کے ریٹیل خریداروں  میں  اکثریت ملازمت پیشہ افراد  اور صاحب حیثیت عام شہریوں کی ہوتی ہے تاہم ہنڈن برگ ریسرچ کی رپورٹ    کے بعد  ریٹیل سرمایہ کاروں نے اپنے ہاتھ روک لئے ہیں۔ 
اڈانی کو ایف پی او کی کامیابی کی امید
  بہرحال اڈانی گروپ  نے ہنڈن ریسرچ رپورٹ سے اس کی ساکھ کو پہنچنے والے نقصان کے باوجود امید ظاہر کی ہے کہ ایف پی او کی فروخت توقع کے مطابق رہے گی۔ گروپ کے سی ای او جوگیشندرسنگھ نے  ان قیاس آرائیوں کی تردید کی ہے کہ موجودہ ناموافق حالات کی وجہ سے کمپنی شیئر کی قیمتوں  میں  تخفیف کا ارادہ رکھتی ہے۔  ایف پی اومنگل  ۳۱؍ جنوری کو ختم ہوگا جس کو محض ۲؍ دن رہ گئے ہیں۔ 
 سرمایہ کاروں کو ۱۰؍ لاکھ کروڑ کا نقصان
 ہنڈن برگ رپورٹ کے آنے کے بعد جمعرات اور جمعہ کو اڈانی گروپ کے شیئرس میں آنے والی غیر معمولی گراوٹ کی وجہ سے گروپ کی ساتوں کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں  کے ۱۰ء۷؍ لاکھ روپے کافور ہوگئے ہیں۔  بڑے پیمانے پر شیئروں  کی فروخت اور غیر مستحکم صورتحال پر سیبی اور اسٹاک ایکسچینج بھی نظر رکھے ہوئے ہے۔ 
 ہنڈن برگ کو جلد جواب دینے کا اعلان
  اڈانی گروپ کے سی ای او جوگیشندرسنگھ  نے بتایا کہ ہنڈن برگ نے  مالی بدعنوانی  اور غلط طریقے اختیار کرنے  کے جو سنگین  الزامات عائد کئے ہیں، ان کا جلد ہی تحریری اور شواہد کے ساتھ  جواب دیا جائےگا۔ اطلاعات کے مطابق ہنڈن برگ کے الزامات  کے ۱۰۰؍ صفحات سے زائد جوابات اڈانی گروپ نے تیار کرلئے ہیں۔اس سلسلے میں قانونی ماہرین سے صلاح و مشورہ بھی لیا جارہاہے۔ یاد رہے کہ اڈانی گروپ پہلے ہی ہنڈن برگ  کے الزامات کو خارج کرتے ہوئے اسے قانونی چارہ جوئی کی دھمکی دے چکا ہے تاہم مذکورہ ریسرچ ادارہ نے بھی ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی طرح کی قانونی چارہ جوئی کا خیر مقدم کرے گا۔  ہنڈن برگ نے اڈانی کو چیلنج کیا ہے کہ وہ اس کی رپورٹ امریکی عدالت میں چیلنج کریں جہاں  وہ کام کرتی ہے۔ ہنڈن برگ کا الزام ہے کہ اڈانی گروپ نے متعدد شیل کمپنیاں قائم کررکھی ہیںجن کا زمینی سطح پر کوئی وجود ہی نہیں ہے۔ یہ کمپنیاں اسٹاک مارکیٹ میں رجسٹرڈ ہیں اور اڈانی کی دیگر کمپنیوں کے شیئر خرید کرایسا مثبت تاثر قائم کرتی ہیں جس سے اڈانی گروپ کے شیئروں کی قیمت میں غیر معمولی اچھال آ جائے۔ مصنوعی طریقے سے شیئر وں کی بڑھائی گئی اس قیمت کو بنیاد بنا کر اڈانی گروپ نے متعدد سرکاری بینکوں سے ہزاروں لاکھوں کروڑ روپے کے قرض لے رکھے ہیں۔ 
اڈانی گروپ کے اثاثوں میں ۴۸؍ بلین ڈالر کی کمی
  ایسے وقت میں جبکہ ہنڈن برگ رپورٹ آنے کے بعد محض  ۲؍ دنوں میں اڈانی گروپ کے کل اثاثوں کی مالیت  ۴۸؍ بلین ڈالر (۴؍ لاکھ ۱۷؍ ہزار ۸۲۴؍ کروڑ) تک گھٹ گئی ہے، ساری نگاہیں اس بات پر لگی ہوئی ہیں کہ پیر کو شیئر مارکیٹ  کے کھلنے کے بعد کیا ہوتا ہے۔ جمعہ اور سنیچر کو اڈانی گروپ کے شیئروں  میں جس طرح مسلسل گراوٹ درج کی گئی ہے،اس کو دیکھتے ہوئے  پیر کو یہ سلسلہ جاری رہنے کا قوی امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق چونکہ اڈانی گروپ نے اب تک ہنڈن برگ گروپ کے الزامات کا کوئی ٹھوس جواب نہیں دیا ہے اس لئے سرمایہ کاروں میں اس کے تعلق سے اعتماد بحال نہیں ہوا ہے جس کا اثر پیر کو شیئر بازار کے کاروبار میں بھی واضح طور پر نظر آسکتاہے۔  یاد رہے کہ اڈانی کے معاملے کی وجہ سے سنیچر کو شیئر مارکیٹ میں  ۸۰۰؍ پوائنٹس کی گراوٹ درج کی گئی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK