وزیرٹرانسپورٹ نے تمام آر ٹی او کو ہدایت جاری کی کہ اب تک ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ نہ لگانے والوں کے تمام انشورنس اور گاڑی سے متعلق دستاویزات کی تجدیدنہ کی جائے اورنہ ہی گاڑیاں فروخت کرنے پر منتقلی کے دستاویزات جاری کئے جائیں
EPAPER
Updated: October 18, 2025, 12:20 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
وزیرٹرانسپورٹ نے تمام آر ٹی او کو ہدایت جاری کی کہ اب تک ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ نہ لگانے والوں کے تمام انشورنس اور گاڑی سے متعلق دستاویزات کی تجدیدنہ کی جائے اورنہ ہی گاڑیاں فروخت کرنے پر منتقلی کے دستاویزات جاری کئے جائیں
ہائی سیکوریٹی رجسٹریشن پلیٹ ( ایچ ایس آر پی ) نمبر پلیٹ لگانے کے تعلق سے بارہا ہدایت ہی نہیں دی جارہی ہے بلکہ یکے بعد دیگرے تاریخ میں توسیع کرکے راحت بھی دی جارہی ہے ۔ تاہم اب تک یونک نمبر پلیٹ لگانے کے لئے تاریخوں میں ۴؍ مرتبہ توسیع کی جاچکی ہے لیکن ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ اور آر ٹی او کی فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق اب بھی لاکھوں شہریوں نے نمبر پلیٹ لگانا لازمی ہونے کے باوجود ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ نہیں لگائی ہے ۔ اب ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ نے نمبر پلیٹ نہ لگانے والوں کے خلاف سخت رویہ اپناتے ہوئے تمام آر ٹی او افسران اور متعلقہ محکمہ کو انشورنس کی تجدیدنہ کرنے ،گاڑی کی خرید و فروخت یا رجسٹریشن سے متعلق گاڑیوں کے کسی بھی دستیاویز کو دوبارہ جاری کرنے جیسی تمام کارروائیوں کو انجام دینے سے روک دیا ہے ۔
یکم اپریل ۲۰۱۹ء کی تمام گاڑیوں میں ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹ لگانا لازمی ہے ۔ اس کے لئے ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ نے شہر و ریاستی سطح پر تاریخ میں ۴؍ مرتبہ توسیع کی ہے ۔ ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹ لگانے کیلئے چوتھی مرتبہ۳۰؍ نومبر تک توسیع کی گئی ہے ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل تاریخوں میں پہلی توسیع ۳۰؍ اپریل ، دوسری ۳۰؍ جون اور تیسری بار ۱۵؍ اگست تک توسیع کی گئی تھی ۔
ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ نے اس بار جہاں واضح طورپر۳۰؍ نومبر کے بعد تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ۳۰؍ نومبر کے بعد ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ نہ لگانے کے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے ساتھ ہی ۵؍ ہزار تا ۱۰؍ ہزار روپے تک جرمانہ وصول کرنے کا بھی فرمان جاری کیا جاچکا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ۳۰؍ نومبر تک چوتھی مرتبہ تاریخ میں توسیع کئے جانے کے باوجود محکمہ ٹرانسپورٹ کے بقول اب بھی لاکھوں شہری ایسے ہیں جنہوںنے ایچ ایس آ رپی نمبرپلیٹ نہیں لگوائی ہے ۔ اس لئے ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کے کمشنر وویک بھیمنوار نے اس پر عمل نہ کرنے والوں کیلئے فرمان جاری کرتے ہوئے تمام آر ٹی او کو سرکیولر جاری کرتے ہوئے نمبر پلیٹ نہ لگانے والوں کی گاڑیوں کا دوبارہ رجسٹریشن نہ کرنے ، پرمٹ نہ دینےاور انشورنس کی تجدید نہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔ حتیٰ کہ کمشنر نے گاڑیوں کے لین دین کے ضمن میں کی جانے والی دستاویزی کارروائی کو بھی روکنے کا حکم دیا ہے ۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے بقول ایک اندازے کے مطابق اب بھی یکم اپریل ۲۰۱۹ء میں خریدی جانے والی دو ، تین اور چار پہیہ گاڑیوں کے تقریباً ایک لاکھ سے گاڑی مالکان نے ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ نہیں لگائی ہے ۔ اب ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ نے تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا اعلان کرنے اور دی گئی مہلت کے بعد جرمانہ اور سخت کارروائی کرنے کا فرمان جاری کیا ہے ۔ اسی طرح ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ نہ لگانے والوں کی گاڑیوں پر قرض سے متعلق دستاویزات ، آر سی بک میں تبدیلی کے عمل اور رجسٹریشن ، پرمٹ کی تجدید اور دیگر دستاویزات کو بنانے اور اسے جاری کرنے سے روک دیا ہے ۔