Inquilab Logo

کورونا کے خلاف ۲؍ روزہ ملک گیر موک ڈرل، مرکزی وزیر صحت نے دہلی میں اسپتالوں کا جائزہ لیا

Updated: April 11, 2023, 10:55 AM IST | new Delhi

گزشتہ کچھ دنوں سےملک بھر میں کورونا کے معاملات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے عوامی سطح پرتشویش پائی پائی جارہی ہے۔

Hospital staff inspecting medical machines during a mock drill at a hospital in Hyderabad
موک ڈرل کے دوران حیدرآباد کے ایک اسپتال میں طبی مشینوں کا جائزہ لیتا ہوا اسپتال کا عملہ

گزشتہ کچھ دنوں سےملک بھر میں کورونا کے معاملات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے عوامی سطح پرتشویش پائی پائی جارہی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ۲۴؍گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا کےتقریباً۶؍ہزار نئےمعاملات رجسٹرڈ ہوئے جس کی وجہ سے کورونا کے فعال معاملات کی تعداد بڑھ کر ۳۵؍ ہزار سے تجاوز کرگئی۔کورونا کے معاملات میں اس تیز رفتاری کے پیش نظر مرکزی حکومت بھی متحرک ہوگئی ہے۔اس نے ملک بھر میں اسپتالوں کا جائزہ لینے کیلئے پیر اور منگل کو موک ڈرل کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران مرکزی وزیرصحت نے کئی اسپتالوں کا دورہ کیا اور وہاں کے حالات کا جائز ہ لیا۔ اسی طرح ریاستوں میں بھی وزیروں نے اسپتالوں کا دورہ کیا۔ 
 صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے کورونا سےمتعلق حالات سے آگاہ کرتے ہوئے پیر کو بتایا کہ ملک میں گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران۵؍ ہزار ۸۸۰؍ نئے افراد کووڈ سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کووڈ متاثرین کی تعداد بڑھ کر ۳۵؍ ہزار۱۹۹؍ ہو گئی ہے۔  وزارت کی رپورٹ کے مطابق انفیکشن کی شرح۶ء۹۱؍ فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔  رپورٹ میں یہ جانکاری بھی فراہم کی گئی ہے کہ اس دوران ۳۴۸۱؍ افراد کووڈ انفیکشن سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ اس طرح صحت یابی کی شرح۹۸ء۷۳؍ فیصد ہے۔ اس دوران کووڈ کی وجہ سے ۱۲؍ مریضوں کی موت بھی واقع ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں فعال معاملات  میں۲؍ ہزار ۳۸۵؍ مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔ 
 سرکاری اعداد وشمار کے مطابق کیرالا میں گزشتہ ۲۴؍گھنٹوں کے دوران۸۵۹؍ فعال معاملات کا  اضافہ درج کیا گیا ہے اور ملک کی کسی بھی ریاست کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ اس کے علاوہ ہریانہ میں۲۸۳؍، دہلی میں۲۲۸؍، مہاراشٹر میں۲۲۷؍، تمل ناڈو میں۱۹۷؍، اتر پردیش میں ۱۶۷؍، راجستھان میں۱۵۵؍ اور کرناٹک میں ۸۷؍ معاملات درج کئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دہلی اور ہماچل پردیش میں۴۔۴؍، جموں کشمیر، گجرات، مہاراشٹر اور راجستھان میں بالترتیب ایک ایک شخص کی اس  وبا سے موت واقع ہوئی ہے۔ اس دوران مہاراشٹر میں۷۸۸؍ نئے  معاملات درج ہوئے۔
 کورونا سے احتیاط اور علاج کے تئیں بیداری کیلئے مرکزی حکومت نے قومی سطح پر دو روزہ موک ڈرل کا اہتمام کیا۔ اس کے تحت ملک بھر کے بڑے اسپتالوں میں خاص تیاریاں کی گئی تھیں۔ موک ڈرل کے دوران دہلی، مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، راجستھان اور اترپردیش سمیت ملک کی مختلف ریاستوں میں اسپتالوں کاجائزہ لیا گیا۔ دریں اثنا   انڈین میڈیکل اسوسی ایشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اسپتالوں میں کی جانے والی فرضی مشقوں کے درمیان احتیاط برتیں۔ آئی ایم اے نے کہا کہ کووڈ پروٹوکول پر عمل نہ کرنا بھی معاملات میں اضافے کی ایک بڑی وجہ ہے۔
 موک ڈرل کے دوران گوا کے وزیر صحت وشواجیت رانے نے پیر کو کہا کہ نئے معاملات میں اضافے کے باوجود  غیر ضروری طور پر گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا طبی عملہ پوری طرح سے بیدار اور سرگرم ہے۔اسی طرح سے مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں بھی کورونا کی تیاریوں کے سلسلے میں موک ڈرل کی گئی۔  وہاں پرطبی تعلیم کے وزیر وشواس سارنگ اپنے عملے کے ساتھ  مقامی حمیدیہ اسپتال پہنچے اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔اس دوران انہوں نے کہا کہ اسپتال میں انتظامات اطمینان بخش اور چاق وچوبند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آکسیجن پلانٹ بھی درست ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK