Inquilab Logo

یوپی : نئی اسمبلی کے پہلے اجلاس کا اعلان

Updated: May 12, 2022, 11:14 AM IST | Agency | Lucknow

یو گی حکومت کے دوسر ے دور کا پہلا بجٹ اجلاس ۲۳؍ مئی کو ہوگا ۔ کل جماعتی میٹنگ میں اہم لیڈروں کی شرکت، اجلاس کے آغاز سے قبل ۲۱؍ اور ۲۲؍ مئی کو ایم ایل اے کا دو روزہ تربیتی اجلاس ہوگا ۔ پہلی بار اسمبلی کا اجلاس براہ راست نشر کیا جائے گا

A scene from an all-party meeting chaired by Assembly Speaker Satish Mahana.Picture:PTI
اسمبلی اسپیکر ستیش مہانا کی صدارت میں منعقدہ کل جماعتی میٹنگ کا ایک منظر۔ تصویر: پی ٹی آئی

اتر پردیش اسمبلی کے آئندہ بجٹ اجلاس کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بدھ کو کل جماعتی میٹنگ بلائی گئی ۔ اہم بات یہ ہے کہ  اس بار اسمبلی اجلاس کے دوران پہلے کے مقابلے ایوان کا منظر  بدلا بدلا سا ہوگا۔ ای  اسمبلی کی سمت میں آگے بڑھتے ہوئے  اس بار یوپی اسمبلی کے آئندہ اجلاس کی پوری کارروائی   براہ راست نشر کی جائے گی۔  اسپیکر ستیش مہانا کی صدارت میں بدھ کو منعقدہ کل جماعتی میٹنگ میں ای اسمبلی کے اقدامات کونافذ کرنے کی کوششوں  کے تحت تمام اراکین کی شرکت پر  زو ردیا گیا۔ اس دوران تمام جماعتوں کے اہم لیڈروں کو آئندہ اجلاس میں ہونے والی تبدیلیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ کل جماعتی میٹنگ میں ریاست کے وزیر خزانہ سریش کھنہ  اور کابینی وزیر ڈاکٹر سنجے نشاد کے علاوہ اپوزیشن کی طرف سے کانگریس لیڈر آرادھنا مشرا `مونا، ایس پی   لیڈر اقبال محمود، ایس بی ایس پی کے لیڈر اوم پرکاش راج بھر اور بی ایس پی سے اوماشنکر سنگھ موجود  رہے۔
 اجلاس  تمام بڑے پلیٹ فارمز پر نشر کیا جائے گا 
 آئندہ ۲۳؍مئی سے منعقدہ  اسمبلی  کے بجٹ اجلاس کی کارروائی کو ریاست کے عوام اب تمام بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک، ٹویٹر، یوٹیوب اور انسٹاگرام پر  براہ راست  دیکھ سکیں گے۔  میٹنگ میں شامل لیڈروں کو بتایا گیا کہ اسمبلی میں نئی ​​تکنیکی تبدیلیوں کو نافذ کرنے کے لئے یوپی  اسمبلی میں `ای اسمبلی سسٹم تیار کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد ایوان میں ایم ایل ایز کی باقاعدہ شرکت کو یقینی بنانا ہے۔
 براہ راست نشر کرنے کا فائدہ 
  مانا جارہاہےکہ ایوان کی کارروائی  براہ راست نشر ہونے کی وجہ سے اراکین اسمبلی بھی ایوان میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔ اس کے علاوہ اس طریقے سے  عوام بھی  ایوان  میں ان کے طرز عمل سے باخبر رہیں گے۔ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ستیش مہانا نے آئندہ اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں بدھ کو  بلائی گئی  کل جماعتی میٹنگ  میں  تمام پارٹیوں کے لیڈروں کو آئندہ اجلاس میں `ای ودھان سسٹم کے ذریعے دونوں ایوانوں کی کارروائی کے انعقاد کے بارے میں آگاہ کیا ۔  مہانا نے کہا کہ اس کا مقصد قانون ساز اسمبلی کی کارروائی کو پیپر لیس بنانا ہے۔  ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ۲۱؍ اور ۲۲؍مئی کو اجلاس کے آغاز سے قبل ایم ایل اے کا دو روزہ تربیتی اجلاس منعقد کیا گیا ہے تاکہ تمام اراکین کو نئے نظام سے واقف کرایا جا سکے۔
 آنندی پٹیل خطاب کریں گی
  قبل ازیں اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل نے ریاست کی نو تشکیل شدہ قانون ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس۲۳؍ مئی کو طلب کیا  ہے۔بدھ کو قانون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ گورنر۲۳؍ مئی کو صبح۱۱؍ بجے مقننہ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گی۔  واضح رہے کہ اتر پردیش کی۱۸؍ویں قانون ساز اسمبلی کی تشکیل۱۱؍ مارچ ۲۰۲۲ء کو۱۰؍ مارچ کو ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے نتیجے میں ہوئی تھی۔ نو تشکیل شدہ قانون ساز اسمبلی کے پہلے اجلاس میں یوگی حکومت اپنے دوسرے  دور  کا پہلا بجٹ پیش کرے گی۔  بدھ کو قانون ساز اسمبلی کے پرنسپل سیکریٹری پردیپ کمار دوبے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آئین کی دفعہ ۱۷۶؍(۱) کے مطابق یوپی مقننہ کے دونوں ایوانوں سے گورنر نے۲۳؍ مئی کو  دن میں۱۱؍ بجے خطاب کرنے کا فیصلہ کیا  ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK