۲۷؍ سال تک ٹریفک پولیس میں سروس کے بعد بھی شیخ عبدل اپنا مکان نہیں بنا سکے تھے، مقامی باشندوں نے مل کر پروگرام کے ذریعے پیسے اکٹھے کرکے انہیں دیئے
EPAPER
Updated: September 12, 2023, 9:50 AM IST | Zaid A Khan | nanded
۲۷؍ سال تک ٹریفک پولیس میں سروس کے بعد بھی شیخ عبدل اپنا مکان نہیں بنا سکے تھے، مقامی باشندوں نے مل کر پروگرام کے ذریعے پیسے اکٹھے کرکے انہیں دیئے
انسان ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ ڈیوٹی انجام دے تو سماج بھی اس کی عزت کرتا ہے۔ اس کی مثال ناندیڑ میں دیکھنے کو ملی جہاں ایک ریٹائرڈ پولیس افسر شیخ عبدل کا گھر تعمیر کرنے کیلئے مقامی باشندوں نے باہمی تعاون سے ایک چیریٹی شو منعقد کیا اور رقم اکٹھا کی۔
اطلاع کے مطابق ناندیڑ میں شیخ عبدل ۱۹۹۳ء میں پولیس محکمے سے وابستہ ہوئے۔ ایمارنداری اور فرض شناسی کے ساتھ ۲۷؍ سال ٹریفک محکمے کی خدمات انجام دینے کے بعد ۲۰۲۰ء میں وہ ریٹائرڈ ہو گئے۔ اتنے سال پولیس فورس میں وہ بھی ٹریفک اہلکار ہوتے ہوئے شیخ اپنا مکان تک نہیں بنو ا سکے۔ وجہ یہ تھی وہ پوری ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی کرتے رہے کبھی ’ اوپر کی آمدنی‘ کو ہاتھ نہیں لگایا۔ صرف تنخواہ پر گزارا کیا۔جو لوگ انہیں جانتے تھے انہیں اس بات کا قلق تھا کہ برسوں کی سروس کے بعد بھی ان کے پاس مکان نہیں ہے۔ لہٰذا انہوں نے فیصلہ کیا کہ سب مل کر شیخ عبدل کو مکان بنا کر دیں گے۔
سینئر صحافی جگل دھوت نے پیش رفت کی اور ایک میوزیکل چیریٹی شو منعقد کرنے کی تجویز پیش کی۔ اس کی آمدنی سے شیخ عبدل کا مکان تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ لہٰذا گزشتہ اتوار (۱۰؍ستمبر) شہر کے ’کسم سبھا گرہ‘ میں ایک چیریٹی شو منعقد کیا گیا جس میں بھوپال کے مشہور آرکیسٹر گروپ ’ سنہری گیت مالا‘ کے فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ فی ٹکٹ ایک ہزار روپے دام رکھے گئے اور ایک ہزار افرادکو مدعو کیا گیا۔ سماجی اور سیاسی رسوخ رکھنے والے افراد کی مدد لی گئی اور ان ٹکٹوں کی فروخت کی گئی۔ ٹکٹوں کی فروخت میں ایڈوکیٹ دلیپ ٹھاکر پیش پیش تھے انہوں نے ۱۰۰؍ ٹکٹیں حاصل کیں اور انہیں فروخت کرکے پوری رقم چیریٹی فنڈ میں جمع کی۔ یاد رہے کہ دلیپ ٹھاکر اور دیگر لوگوں نے ٹکٹ فروخت کرتے وقت اس کا مقصد لوگوں کو بتادیا ۔ لہٰذا بڑے پیمانے پر لوگوں نے ٹکٹ خریدے اور خوش دلی سے اس کے پیسے ادا کئے۔ اہم بات یہ ہے کہ ٹکٹ خریدنے اور شو کیلئے بھاگ دوڑ کرنے والوں میں بلا لحاظ مذہب وملت سماج کے تمام طبقے کے لوگ شامل تھے۔ ان کیلئے یہ بات کافی تھی کہ وہ ایک ایماندار سرکاری ملازم کو ا س کی خدمات کا صلہ دینے کی چھوٹی سی کوشش کر رہے ہیں۔ اطلاع کے مطابق ۸؍ لاکھ سے زائد رقم اس شو کے ذریعے جمع کی گئی ہے ۔ اس کی مدد سے جلد ہی مکان کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا اور اگر رقم کم پڑے تو کسی طرح اسے پورا کیا جائے گا۔ شیخ عبدل نےلوگوں کا یہ جذبہ دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا اور شو منعقد کرنےوالوں کے علاوہ ٹکٹ خرید کر اس کام میں تعاون کرنے والوں کے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔