Inquilab Logo

وسئی :سن سٹی قبرستان میں پھر شرپسندی ، دیوار پرتحریر’دفن بھومی ‘کو مٹا دیا

Updated: May 24, 2023, 9:43 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

مقامی افرادنے شہری انتظامیہ سےشکایت کی لیکن اسے نظراندازکردیاگیا ۔قبرستان کی حفاظتی دیوارکی تعمیر کا کام اب بھی شروع نہیں ہوا

On the wall of the cemetery, the inscription `Sarodharmaye Dafan Bhoomi` (in a circle) has been erased by miscreants.
قبرستان کی دیوار پرتحریر ’سرودھرمایے دفن بھومی‘ (دائرہ میں)جسے شرپسندوں نے مٹادیاہے۔

 یہاں سن سٹی قبرستان (مان گاؤں)کی چہار دیواری پر وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تمام مذاہب کیلئے دفن بھومی   دیوار پرتحریر کیا گیا تھا۔ اس سے مزیدوضاحت ہورہی تھی کہ یہ قبرستان ہے اور اس میںتمام مذاہب کےلئے میت دفنانے کی خاطرجگہ مختص کی گئی ہے لیکن شرپسندوں نے اسے مٹادیا ہے۔ مقامی لوگ،جوچہار دیواری کی تعمیر اور  قبرستان کے مطالبے میںپیش پیش تھے ،  نے کارپوریشن میںاس کی شکایت کی لیکن انجینئر نے یہ کہہ کرکہ جانے دیجئے، اس پرتوجہ نہیںدی جبکہ پولیس کی جانب سے بھی اس کا نوٹس نہیں لیا گیا ہے ۔  وہاںاب پورا میدان خالی ہے ،گیٹ پر یا باؤنڈری کی کوئی نگرانی کرنے والا نہیں ہے۔
 پولیس کے رویہ کے تعلق سے تو لوگوں کی یہ شکایت پہلے سے ہے کہ وہ ملزمین اورشرپسندوں کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کےبجائے ایک طرح سے ان کوشہ دے رہی ہے۔ اس کی دلیل انہوں نےیہ دی کہ فروری میںجب سکل سماج کی جانب سے جن آکروش مورچہ نکالا گیا تھا اور زبردست اشتعال انگیزی کی گئی تھی،شرپسندوں کی جانب سے باؤنڈری کود کر دیواروں کو پتھروں سے نقصان پہنچایا گیاتھا اور ’ایک دھکا اور دو ، قبرستان توڑ دو ‘ جیسے دل آزار نعرے لگائےجارہے تھے تب بھی پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی تھی ، سخت کارروائی کے لئےیقین دہانی ضرورکروائی تھی لیکن آج تک عملاًکچھ نہیںکیا گیا۔
 یادرہے کہ اس تعلق سے سیاست بھی کارفرما رہی اور اب بھی ہے۔یہی وجہ ہےکہ چہار دیواری کاکام تقریباًمکمل ہونے کے باوجود اب نیشنل گرین ٹریبونل(این جی ٹی ) میں شنوائی جاری ہے۔ مقامی شیوسینا شاکھا پرمکھ کی جانب سے ٹریبونل میں شکایت کی گئی ہے کہ مسلم ،عیسائی ، لنگایت اوراہل تشیع کےلئے سن سٹی میں قبرستان کے مختص پلاٹ کے تعلق سے سی آر زیڈ ختم کرنے کے لئے ضابطوں کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
 قبرستان کی باؤنڈری کاکام روکنے اوراب تک شروع نہ کئے جانے پر وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کے سٹی انجینئر راجیندر لاڈ نے ایک مرتبہ پھر یہ دہرایا کہ نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) میںاس معاملے کی شنوائی جاری ہے ۔این جی ٹی کے فیصلے کا بھی انتظار کیا جارہا ہے ۔ان سے یہ پوچھنے پرکہ ’’ ۳۱؍مارچ تک کام بند کرنے کے کنٹریکٹر کودیئے گئے حکم کے بعد بھی آپ نے یہی کہا تھا کہ جلد ہی کام شروع کیا جائے گا لیکن کچھ نہیںہوا اور اب تو باؤنڈری پرتحریرکردہ دفن بھومی بھی شرپسندوں نے مٹادیا ہے تو وہ خاموش رہے ۔ ان کے پاس کوئی معقول جواب نہیںتھا ۔
میونسپل انجینئرنے ٹال دیا 
 سن سٹی قبرستان اوردیوار پرتحریر کردہ دفن بھومی کومٹانے کے تعلق سے فضل حق قریشی  نے انقلاب کو بتایا کہ’’قبرستان کی دیوار پر تحریر مٹانے کے خلاف ہم لوگوں نے انجینئر سے ملاقات کرکے شکایت کی توانہوں نے اس معاملے میں کسی قسم کی یقین دہانی کرانے کے بجائے  ٹال دیا۔ ‘‘ انہوں نےیہ بھی کہاکہ’’ اس پورے معاملے میں سیاست کی جارہی ہے ا ور جان بوجھ کرمعاملے کو الجھایا جارہا ہے جبکہ اب تک کام پورا ہوچکا ہوتا۔‘‘
جان بوجھ کرمعاملے کومعلق کرنے کاالزام 
 مقامی مسلمانوں سے رابطہ قائم کرنےپران کا کہنا ہےکہ ایسا لگتا ہے کہ سیاست کی غرض سے ہی سن سٹی میں قبرستان کی زمین الاٹ کی گئی ہے تاکہ ہندو مسلم الجھیں اور سیاستداں یہ کہہ کرپلّہ جھاڑلیںکہ دیکھئے ہم لوگوںنے کوشش کی ، زمین الاٹ کروائی ،فنڈ مختص کیا گیا اورچہار دیواری کی تعمیر شروع کی گئی لیکن اس کے خلاف نیشنل گرین ٹریبونل میں شکایت درج کروائی گئی ہے جس سے کام رک گیا ہے۔ مقامی مسلمانوں کایہ بھی کہنا ہے کہ اگرواقعی حکومت اورسیاستداں مخلص ہوتے تو اس جگہ قبرستان کی زمین ہی الاٹ نہ کرواتے ، وہ پاپڑی یاوہ علاقے جہاں مسلمانوں کی خاصی آبادی ہے، وہاں زمین دلواتے لیکن مقصد  قبرستان کے نام پرسیاست اورووٹ حاصل کرنا ہے۔اسی لئے وقفے وقفے سے کوئی نہ کوئی تماشہ ہوتا رہتا ہے۔

vasai Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK