Inquilab Logo

وسئی: قبرستان کے تعمیراتی کام کیلئےمیونسپل کارپوریشن کی ہری جھنڈی

Updated: October 15, 2022, 11:11 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

مقامی مسلمانوں کی کوششیں رنگ لائیں، پونے ۲؍کروڑروپے فنڈ مختص ،ایک سال میں کام مکمل کرنےکا حکم،میت کی تدفین کا مسئلہ حل ہوجائے گا

A few people can be seen expressing gratitude on the land allotted for the cemetery in Vasai
وسئی میں قبرستان کیلئے مختص کی گئی زمین پر چند افراد مستر کا اظہار کرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں

جگہ کی تنگی کے سبب میت کی تدفین کے لئے کافی عرصے سے پریشانی کا سامنا کررہے وسئی کے مسلمانوں کو بڑی راحت ملنے جارہی ہے۔ان کی جانب سے برسوں سےجوکوشش کی جارہی تھی وہ اب بارآور ہونے والی ہے۔وہ اس طرح کہ سن سٹی قبرستان(موضع مانک پور ،وسئی مشرق ) جس کے لئے ۱۱؍ ایکڑ زمین تو ۲۰۱۱ءمیں مختص کی گئی اور زمین ہموار کرنے کےبعد اس پرچہار دیوار ی بھی تعمیر کی گئی لیکن رخنہ اندازی کے سبب اسےنیشنل گرین ٹریبونل نے منہدم کرنے کاحکم دیا تھا ۔ اب سارےمراحل طےکرنے کے بعد وسئی ویرار مہانگر پالیکا کی جانب سےقبرستان کی چہار دیواری وغیرہ کی تعمیر کیلئےایک کروڑ  ۷۵؍ لاکھ ۲۶؍ہزار۳۶۴؍ روپے فنڈ منظورکیا گیا ہے اورورک آرڈرجاری کرتے ہوئے کنٹریکٹر کو کام پورا کرنے کےلئے ایک سال کی مدت دی گئی ہے۔ 
 اس طرح اب ساری رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں اور امید ہے کہ چند دن میں تعمیراتی کام کاباضابطہ آغازہوجائے گا۔کام مکمل ہوجانے کےبعد میت کی تدفین کا عمل شروع ہوگا۔
قبرستان میںکس کے لئے جگہ مختص کی گئی 
 اس ۱۱؍ایکڑقطعۂ اراضی پرمحیط قبرستان میں مسلمانوں، اہل تشیع، لنگایت سماج اورعیسائیوں کلئےجگہ مختص کی گئی ہے۔اس کے الگ الگ حصوں کو نشان زد بھی کیاگیاہے جہاں وہ اپنے مذہبی رسوم کے مطابق میت کی تدفین کرسکیںگے۔
مقامی مسلمانوںنےاطمینان کااظہارکیا 
 سن سٹی قبرستان کے تعلق سےکوشش کرنےوالوں سے بات چیت کرنےپرانہوںنے اطمینان کا اظہار کیااورکہاکہ برسوںسےجوکوشش کی گئی تھی وہ اب جاکرپوری ہوئی ہے اور ایک بڑا مسئلہ حل ہوگیا ہے۔قبرستان کے لئے مختص قطعۂ اراضی پرفضل حق بشیر قریشی ، اخلاق شیخ ،فاروق شیخ، عثمان خان، ایوب شیخ ،عبداللہ اورعبدالغنی جمعہ ۱۴؍اکتوبر کوگئے ۔ ان لوگوں نے وہاں جاکر بتایا کہ ’’ یہاں گھاس بڑی بڑی اُگی ہوئی ہے لیکن پہلے جس طرح زمین ہموار کی گئی تھی وہ اسی طرح قائم ہے۔ تعمیراتی کام شروع ہونے کےبعد یہاں کا منظرتبدیل ہوجائے گا۔‘‘ ان حضرات کاکہنا تھا کہ ’’ اس سے بڑا مسئلہ حل ہوگیا ہے کیونکہ دیگر قبرستانو ں میںجگہ تنگ ہونے کےسبب میت کی تدفین کے لئے کافی دشواری ہوتی تھی ،اب یہ مشکل آسان ہوجائے گی۔‘‘

vasai Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK