اپریل کے ابتداء ہی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ۴۴؍ ڈگری تک پہنچ گیا ، عوا م کو احتیا طی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
EPAPER
Updated: April 10, 2025, 10:32 AM IST | Akola
اپریل کے ابتداء ہی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ۴۴؍ ڈگری تک پہنچ گیا ، عوا م کو احتیا طی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
گزشتہ ۳؍ روز سے اکولہ شدید گرمی کی زد میں ہے ۔یہا ں لو چل رہی ہے ۔ اس شدید گرمی کی وجہ سے گھروں سےنکلنا مشکل ہو گیا ہے ۔
اکولہ شہر میں پیر ، منگل اور بدھ کو لگاتار۳؍ دنوں تک ودربھ خطہ میں سب سے زیادہ درجۂ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پیر کو شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۴۴ء۲؍ ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت۲۲ء۹؍ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح منگل کو شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۴۴ء۱؍ ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت ۲۴ء۲؍ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ بدھ کو اکولہ کا زیادہ سےزیادہ درجۂ حرارت ۴۴ء۱؍ڈگری سیلسیس جبکہ کم سےکم درجۂ حرارت ۲۴ء۸؍ سیلسیس ڈگری ریکار ڈکیا گیا۔
اکولہ شہر ودربھ کے گرم ترین شہروں کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ودربھ کے اضلاع میں آئندہ بھی گرمی کی لہر جاری رہنے کا امکان ہے۔ اسی مناسبت سے ضلع انتظامیہ نے شہریوں کو ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہےاور ہدایات جاری کی ہیں جس کے مطابق پیاس لگے یانہ لگے،زیادہ سے زیادہ پانی پئیں۔ ہلکے، پتلے سوتی کپڑے پہننے چاہئیں۔
باہر نکلتے وقت عینک، چھتری، ٹوپی، جوتے اور چپل کا استعمال کرنا چاہئے۔ سفر کے دوران پانی کی بوتل اپنے ساتھ رکھیں۔ دھوپ میں کام کرنے والے افراد ٹوپی، اسکارف اور دوپٹہ پہنیں۔ اگر جسم میں پانی کی کمی ہو تو او آر ایس، گھر کی لسی، کیری پانی، لیموں پانی اور چھاچھ وغیرہ باقاعدگی سے پینا چاہئے۔ ہیٹ اسٹروک کی علامات جیسے کمزوری، تھکاوٹ، سر درد، مسلسل پسینہ آنا وغیرہ کو پہچانیں اور اگر آپ کو چکر آتے ہیں تو فوری طبی مدد لیں۔ مویشیوں اور پالتو جانوروں کو کیمپ میں رکھنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ انہیں پینے کا پانی بھی مناسب مقدار میں دیں۔ گھروں کو ٹھنڈا رکھنے کے لئے پردے، شٹر اور سن شیڈز کا استعمال کیا جائے۔ کھڑکیاں رات کو کھلی رکھیں۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ دو تین روز میں درجہ حرارت ایسا ہی رہے گا۔ درجہ حرارت میں اضافے کے تمام امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کے سائنسداں آر بالا سبرامنیم نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے ہلکی بارش ہوئی تھی۔ اب ودربھ کا آسمان صاف ہو گیا ہے۔ مغربی ودربھ میں درجہ حرارت معمول سے۴؍ ڈگری سیلسیس زیادہ ہوگا۔ ۲؍ سے ۳؍ دن میں درجۂ حرارت ۴۴؍ سے۴۵؍ ڈگری تک پہنچ جائے گا۔