Inquilab Logo

رمضان کی آمد کے ساتھ ہی پھلوں کے دام میں اضافہ

Updated: March 13, 2024, 11:57 PM IST | Mumbai

تاجروں کا کہنا ہے کہ پیداوارزیادہ ہونے اور تھوک داموںمیں زیادہ اُچھال نہ آنےکےباوجود خردہ بازار میںپھل مہنگے دام میں فروخت کئے جارہے

The wholesale price of watermelon is said to be around 26 to 27 rupees per kg
تربوز کے ہول سیل دام فی کلو ۲۶؍سے ۲۷؍ روپے کے آس پاس بتائے جارہے ہیں

اے پی ایم سی مارکیٹ، واشی کی فروٹ مرچنٹ  اسوسی ایشن کے مطابق رمضان کی آمد کیساتھ بالخصوص تربوز، پپیتا (پپیا)، اننانس اور خربوزہ کے ٹرکوںکی آمدمیں ڈیڑھ گنااضافہ ہوا ہے۔ ان پھلوں کی پیداوار مطلوبہ مقدار سے زیادہ ہونے اور انکے داموںمیں زیادہ اُچھال نہ ہونے کے باوجود خردہ بازار میں انہیں مہنگے داموں میں  فروخت کیاجارہاہے۔ جسکی شکایت خریداروں  اور تھوک بیوپاریوںنے کی ہے ۔ 
 مدنپور ہ ، گھیلابائی اسٹریٹ کی رضوانہ انصاری نے بتایاکہ ’’ پھلوں کے دام کافی بڑھ گئے ہیں۔ منگل کو سواکلو کاپپیا ۷۰؍ روپے ، تقریبا ً ۸۰۰؍گرام کاخربوزہ ۸۰؍روپے اور ایک تربوز جو دو ڈھائی کلو ہوگا دکاندار نے ۱۰۰؍ روپے میں دیا۔‘‘ ممبرا کوسہ کی شیخ بدر النساءکےبقول’’ رمضان میں ہر امیر غریب پھل خریدتاہے ۔ اسی وجہ سے پھلوں کی مانگ بڑھ جاتی ہے ۔ جسکا فائدہ پھلو ں کا کاروبار کرنےوالے اُٹھاتےہیں۔ حالانکہ ہمیں معلوم ہے کہ تھوک بازار میں ان کی قیمت نہیں بڑھی ہے۔ اسکےباوجود خردہ فروش دکانداروں سے پھل خریدنا ہماری مجبوری بن جاتی ہے۔ جو کیلا ۲؍دن قبل ۴۰؍روپے درجن تھا ۔ وہ اب ۶۰؍روپے درجن ہوگیاہے۔ اسی طرح ۱۰۰؍ روپےمیں ۲؍کلو سنترہ مل رہاتھا ، اب  ۱۰۰؍ روپےمیں ایک کلو مل رہاہے۔ ۷۰؍روپے والا اننانس ۱۲۰؍ روپے میں پہلے روزہ والے دن خریدا ہے۔ اگر میں یہ کہوں کہ رمضان کا ایک مہینہ پھلوں کا کاروبار کرنےوالے صارف کو لوٹتے ہیںتو بیجانہ ہوگا۔‘‘ محمد عمررجب روڈ ، مدنپورہ کی عائشہ انصاری کے مطابق ’’ جو انار ۲؍دن پہلے ۵۰؍ روپےمیں ۳؍ تھے ۔ بدھ کواسی طرح کے ایک انار کی قیمت ۴۰؍روپے ہونے پر بڑا تعجب ہوا۔   اسی طرح جو چیکو ۲۰؍ روپے میں ۶؍مل رہے تھے اب ۲۰؍ روپے میں ۴؍ مل رہےہیں۔ رمضان میں پھلوں کے ساتھ دیگر ضروری اشیاء کے داموں کے بڑھنے سے گھر کا بجٹ متاثرہورہاہے ۔‘‘کرلا میں رہنے والے نوشاد علی نے بتایا کہ ’’آج پھل فروش نے واقعی حد کردی....جو  پپیتا۳۰؍ سے ۳۵؍ روپیہ کلو ۳؍ دن پہلے لایا کل دوست نے بتایا کہ وہ ۵۰؍ روپے میں یکم رمضان کو لایاتھا،  آج جب میں پپیتا خریدنے گیا تو دام سن کر تو غصہ ہی آگیا .... ۶۰؍ روپے فی کلو۔‘‘
  واشی فروٹ مرچنٹ اسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری عتیق احمد نے انقلا ب کوبتایاکہ ’’ رمضان میں فروٹ کی سپلائی میں اضافہ ہوجاتاہےلیکن امسال بازار میں وہ تیزی نہیں دکھائی دے رہی ہے۔  اسکےباوجود عام دنوں کے مقابلے واشی مارکیٹ میں مذکورہ پھلوںکی ٹرکوںکی آمد میں ڈیڑھ گنا کا اضافہ ہوا  ہے ۔چونکہ پھلوںکی پیداوار اچھی ہوئی ہے ۔ اسلئے سپلائی میں میں کمی نہ ہونے سے انکے دام بھی مناسب ہیں۔ عام دنوں کے مقابلے رمضان میں پھلوںکے دام کچھ زیادہ بڑھ جاتے ہیں لیکن امسال ایسانہیں ہواہے ۔ ‘‘  انہوںنے یہ بھی بتایاکہ ’’ بدھ کو تربوز، پپیتا، اننانس اور خربوزہ سے بھرے جوٹرک آئے ہیں، ان پھلوں کا تھوک دام بالترتیب ۱۵۔۱۰، ۲۸۔۲۵ ، ۴۵۔۴۰؍ اور ۳۵۔۳۰؍ روپے کلو تھا لیکن خردہ بازار میں علاقے کےاعتبار سے دکاندار ان پھلوں کو اپنی مرضی کی قیمت پرفروخت کر رہے ہیں۔‘‘   بائیکلہ فروٹ مارکیٹ میں ہول سیل تربوزکا کاروبار کرنے والے ایک دکاندارنے بتایاکہ ’’ ہم تھوک بھائو میں خردہ فروشوںکو تربوز ۲۷۔۲۶؍ روپے کلو کے حساب سے دے رہےہیںلیکن عام بازار میں خردہ فروش کم ازکم ۵۰؍روپے کلو کے حساب سے تربوز فروخت کررہےہیں۔ اسی طرح یہاں کے تھوک بازار میں پپیا ۳۵۔۳۰؍ روپے کلوفروخت ہورہاہے جسے خردہ بازار میں دکاندار ۵۵۔۵۰؍ روپے کلو کے حساب سے فروخت کر رہےہیں۔تھوک بازار میں انناس ۷۰۰۔ ۶۰۰؍ روپے درجن مل رہاہے لیکن خردہ بازار میں دکاندار ایک اننانس ۱۱۰۔۱۰۰؍ کے حساب سے فروخت کررہےہیں۔ تھوک بازار میں پھل ہمیشہ ہی مناسب دام پر دستیاب ہوتاہے لیکن خردہ بازار میں پہنچ کر اس کی قیمت دگنی ہوجاتی ہے۔‘‘

ramadan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK