Inquilab Logo

اولڈپنشن اسکیم کیلئے ہڑتال سے اسپتالوں ،دفاتراور اسکولوں میں کام کاج متاثر

Updated: March 16, 2023, 10:44 AM IST | saadat khan | Mumbai

لاکھوں ملازمین ’ ایک ہی مشن ، جونی پنشن‘ مطالبے پر اٹل۔ کلکٹر ، تحصیلدار اورپنچایت سمیتی کے دفاتر کے سامنے احتجاج کیا۔ بورڈ امتحان کے پرچوںکی جانچ کے کام پربھی اثر پڑنےکا اندیشہ

Supervisors are protesting outside the SSC center in Jogeshwari.
جوگیشوری میں ایس ایس سی سینٹر کے باہر سپروائزر احتجاج کررہے ہیں۔ (تصویر: انقلاب)

اولڈ پنشن اسکیم کے نفاذ کیلئے   ۱۷؍لاکھ سے زیادہ سرکاری اور نیم سرکاری ملازمین نے ریاست گیر سطح پر ۱۴؍مارچ سے غیر معینہ مدت ہڑتال شروع کردی ہے جس کا بدھ کو دوسرا دن تھا۔   ہڑتال کی وجہ سے اسپتالوں، دفاتر ، اسکولوں اور کالجو ں  میں کام کاج متاثر رہا۔ ممبئی  اور ریاست کے دیگر اضلاع میں  ملازمین اور اسکولی عملے نے کلکٹر  ، تحصیلدار  اور پنچایت سمیتی کے دفاتر کے سامنے احتجاج کیا۔ متعدد اضلاع میں مورچہ نکالاگیا۔   جوگیشوری میں ایس ایس سی امتحان کے سپروائزرو ں نے بھی پرچہ ختم ہونے کے بعد امتحان گاہ پر احتجاج کیا۔ انہوں نےپرانی پنشن اسکیم نافذ  نہ کرنےکی صو رت میں  ایس ایس سی کے جوابی پرچوں کی جانچ نہ کرنے کی دھمکی بھی دی   جبکہ ایچ ایس سی کےپرچوںکی جانچ کا ایک  مرتبہ پھربائیکاٹ کیاگیاہے۔ 
 ریاستی حکومت کے ملاز مین اور اسکولی عملے کی ۳۵؍ تنظیموں کے رابطہ کا ر وشواس کاٹکر نے کہا کہ ۳۶؍اضلاع کے ملازمین  ہڑتال سے جڑےہیں۔ انہوںنے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی اپیل کو مسترد کرتےہوئے کہاہےکہ جب تک اولڈ پنشن اسکیم نافذ نہیں کی جاتی ،ملازمین کی ہڑتال جاری رہے گی۔ حکومت نے پرانی پنشن اسکیم کے بارے میں جو ۳؍رکنی ٹیم بنانے کااعلان کیاہے ، اس بارےمیں کاٹکر نے کہاکہ ۲۰۱۸ءمیں بھی اسی طرح ملازمین نے ہڑتال کی تھی۔  اس وقت بھی حکومت نے ایک کمیٹی بنائی تھی لیکن اس   کی رپورٹ پر عمل نہیں کیاگیاتھا۔ اس لئے ہمیں اس کمیٹی کے بارےمیں کچھ نہیں سننا ہے بلکہ ہماری ایک ہی مانگ ہے کہ اولڈ پنشن اسکیم کو فوراً نافذ کیاجائے لیکن ابھی تک حکومت نے اس معاملہ میں کسی طرح کی پیش رفت نہیں کی ہے۔‘‘
 مہاراشٹر نرسنگ اسوسی ایشن کی سمترا ٹوٹے نے بتایاکہ ’’ہماری ۳۰؍ اضلاع کی نرسیں ہڑتال میں حصہ لے رہی ہیں۔‘‘  مہاراشٹر اسٹیٹ شکشک پریشد کے صدر شیوناتھ دراڈے نے بتایاکہ ’’  ہڑتا ل سے بورڈ امتحان متاثر نہ ہو ،  اس بات کاخیال رکھاجارہاہے۔ اسی لئے جن اساتذہ کو سپروائزر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ، وہ ہڑتال ہونےکےباوجود اپنی ڈیوٹی  انجام دے رہےہیں۔ جمعرات کو جوگیشوری کے ایک سینٹرکے سپروائزروںنے ایس ایس سی کا پرچہ ختم ہونے  کے بعد آندولن میں حصہ لیا۔ ان سپروائزرو ںکا کہناہےکہ اگر حکومت جلد اولڈ پنشن اسکیم نافذ کرتی ہےتو ہم ایس ایس سی کے پرچوںکی جانچ کا بائیکاٹ کریں گے  ۔ ‘‘
  ممبئی ہیڈماسٹر اسوسی ایشن کے صدر پانڈورنگ کنگار نے انقلاب کو بتایاکہ ’’ ہم ہڑتال کی حمایت کررہے ہیں مگر بورڈ امتحان میں کسی طرح کا خلل نہیں پڑنا چاہئے ۔ اس لئے ہم نے شروع میں اعلان کیاتھا کہ بورڈ امتحان کیلئے جن ٹیچروںکی ڈیوٹی لگائی جائے گی،  وہ ہڑتال میں شامل نہیں ہوںگے تاکہ جو بچے بورڈ امتحان دے رہےہیں ،انہیں کسی طرح کی پریشانی نہ ہو  ۔ ہماری ہدایت کا نتیجہ ہےکہ بورڈ امتحان میں  اب تک کسی طرح کی پریشانی نہیں آئی ہے۔ ‘‘
   جونیئر کالج ٹیچرس آرگنائزیشن کے رابطہ کار مکند اندھالکر نے بتایاکہ ’’ طلبہ نے بارہویں کے امتحان کیلئے سال بھر محنت کی ہے ۔ ان کی محنت ضائع نہ ہو اس لئے ہم نے امتحان سے متعلق دی جانےوالی ڈیوٹی  سے خو د کو علاحدہ نہیں کیا ہے لیکن جہاں تک پرچے جانچنے کا معاملہ ہے، یہ کام   روک دیاگیاہے۔ جونیئر کالجوں کے اساتذہ بارہویں کے امتحان کے کام کے علاوہ کوئی اور ذمہ داری ادا نہیں کریں گے۔ امسال ایچ ایس سی امتحان کے دوران متعدد مسائل آرہے ہیں۔پہلےمرحلے میں ہماری اسوسی ایشن نے جونیئر کالجو ں کے ٹیچروںکے مطالبا ت منظور نہ ہونے پر بارہویں کے جوابی پرچوںکی جانچ کا بائیکاٹ کیاتھا اور وزیر تعلیم کی یقین دہانی کے بعد  انہوں نے  پرچوںکی جانچ کا کام شروع کیاتھا مگر  اب  اولڈ پنشن اسکیم کے نفاذ کیلئے ہونےوالی ہڑتال میں شامل ہونے سے ٹیچروںنے دوبارہ ان پرچوں کی جانچ کا کام روک دیاہے۔ بامبے یونیورسٹی اینڈ کالج ٹیچرس یونین نے بھی   ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے جس سے متعدد کالجوںمیں لیکچر نہیں ہوپارہے ہیں۔‘‘
  بھیونڈی ،ناسک ، ناندیڑ، چالیس گائوں ، جلگائوں ، مالیگائوں   اور دیگر اضلاع میں بدھ کو تحصیلدار اور پنچایت سمیتی کے دفاتر کےسامنے آندولن کیاگیا اور’ ایک ہی مشن ،جونی پنشن ‘جیسے نعرے بلندکئے گئے۔  سٹانہ، ناسک میں ملاز مین  نے گھنٹہ بجاکر اپنی ناراضگی کااظہار کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK