آسٹریلیا نے خواتین ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں میزبان جنوبی افریقہ کو ۱۹؍رن سے شکست دے دی
EPAPER
Updated: February 28, 2023, 2:58 PM IST | Cape Town
آسٹریلیا نے خواتین ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں میزبان جنوبی افریقہ کو ۱۹؍رن سے شکست دے دی
آسٹریلیاخواتین کے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۳ء کے فائنل میں اتوار کو میزبان جنوبی افریقہ کو۱۹؍رن سے شکست دے کر چھٹی بار ٹی۲۰؍ ورلڈ چمپئن بن گیا۔ نیو لینڈس گراؤنڈ پر کھیلے جانےوالے ٹائٹل میچ میں آسٹریلیا نے بیتھ مونی ( ناٹ آؤٹ ۷۴؍رن) کی نصف سنچریوں کی بدولت جنوبی افریقہ کے سامنے ۱۵۷؍رن کا ہدف رکھا تھا۔ جواب میں جنوبی افریقہ لورا وولورڈ (۶۱؍رن)کی شاندار نصف سنچری کے باوجود صرف۱۳۷؍رن تک ہی پہنچ سکی۔ گھریلو شائقین کی حمایت کے ساتھ جنوبی افریقہ نے آسٹریلوی بلے بازوں کو ہاتھ کھولنے کا موقع نہیں دیا، لیکن مونی نے اپنی ٹیم کو باعزت مجموعہ تک لے جانے کیلئے تنہا مقابلہ کیا۔ مونی ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں دو نصف سنچریاں بنانے والی پہلی کھلاڑی بن گئیں، انہوں نے۵۳؍ گیندوں پر ۹؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۷۴؍ رن بنائے۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے وولورڈ نے نصف سنچری بنائی، حالانکہ جنوبی افریقہ کا کوئی اور بلے باز ان کا ساتھ نہ دے سکا۔
آئی سی سی کی ویمنز ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۳ء کی ٹیم کا اعلان
آئی سی سی نے ویمنز ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۳ء کی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ٹیم کی کپتان میگ لیننگ نہیں ہیں جنہوں نے اپنی ٹیم کو مسلسل تیسری بارچمپئن بنایا ہے۔ اس ٹیم میں ایک ہندوستانی کو جگہ ملی ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل یعنی آئی سی سی نے ویمنز ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۳ء کیلئے ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ٹیم کی کپتان میگ لیننگ نہیں ہیں۔ ان کی کپتانی میں آسٹریلیا نے مسلسل تیسرا خطاب جیتا ہے۔ آئی سی سی نے۱۱؍ کھلاڑیوں کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل کیا ہے۔آئی سی سی نے انگلینڈ کے کپتان نیٹ سکیور برنٹ کو کپتان منتخب کیا ہے۔ اس ٹیم میں آسٹریلیا کے ۴؍کھلاڑیوں کو جگہ ملی ہے جبکہ جنوبی افریقہ کے ۳؍ کھلاڑی آئی سی سی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں منتخب ہوئے ہیں۔ اس پلیئنگ الیون میں انگلینڈ کی ۲؍ جبکہ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے ایک ایک کھلاڑی کو جگہ دی گئی ہے۔ ان میں سے ویسٹ انڈیز کی ٹیم سیمی فائنل نہیں کھیل سکی۔ سیمی فائنل میں دوسری ٹیموں کے کھلاڑی کھیلے۔اس ٹیم میں واحد ہندوستانی کھلاڑی رچا گھوش ہیں، جو غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے بلے سے رن بنائے اور وکٹ کے پیچھے بھی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ رِچا نے۵؍ میچوں میں مجموعی طور پر۱۳۶؍ رن بنائے، جس میں انہوں نے ایک بھی نصف سنچری نہیں بنائی، لیکن ہندوستان کے لئےکئی اچھی اننگز کھیلیں۔ آئی سی سی کے ذریعہ منتخب کردہ خواتین ٹی ۲۰؍ ٹیم اس طرح ہے:تاجمین برٹس، ایلیسا ہیلی (وکٹ کیپر)، لورا وولوارڈٹ، نیٹ سکیور برنٹ (کپتان)، ایش گارڈنر، رچا گھوش، سوفی ایکل اسٹون، کرشمہ ریمہارک، ڈی آرسی براؤن، شبنم اسماعیل اور میگن سوٹ۔