Inquilab Logo

آج سے بارڈر-گاوسکر ٹیسٹ سیریز کا آغاز،ہندوستانی ٹیم کیلئے کامیابی لازمی

Updated: February 09, 2023, 1:38 PM IST | Nagpur

آسٹریلوی ٹیم میزبان ہندوستان پر قابو پانے کیلئے تیز گیندبازوں کا سہارا لے گی۔ ہندوستانی ٹیم کو وراٹ کوہلی، چتیشور پجارا اور شبھمن گل سے بہتر کھیل کی امید ۔روہت اور راہل بھی تیار

photo;INN
تصویر :آئی این این

 ہندوستان اور آسٹریلیا کےمابین ۴؍ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل بارڈر۔ گاوسکر سیریز کا پہلا میچ جمعرات  سے شروع ہوگا۔۴؍ ٹیسٹ میچوں کی یہ بارڈر گاوسکر ٹرافی دونوں ٹیموں کیلئے بہت اہم ہونے  والی ہے۔ آسٹریلوی ٹیم جس نے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں اپنی جگہ تقریباً یقینی کر لی ہے، اب اس سیریز میں جیت کے ساتھ چمپئن شپ میں اپنی جگہ یقینی بنانا چاہے گی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم کیلئے یہ سیریز جیتنا ضروری ہے کیونکہ اس سیریز میں فتح کے ساتھ ہی ہندوستان کا ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں جانے کا راستہ صاف ہو جائے گا۔
 جہاں آسٹریلیا اس سیریز کو جیتنے کیلئے تیز گیند بازوں پر بہت زیادہ انحصار کرے گا وہیں ٹیم میں دنیا کے بہترین اسپنرس میں سے ایک ناتھن لاین بھی اس سیریز سے قبل اچھے فارم میں ہیں۔ بلے بازی  کے حوالے سے بات کی جائے تو اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر اور مارنس لبوشین پر مشتمل آسٹریلوی ٹیم حالیہ ٹیسٹ میں بہترین فارم میں ہے۔
 ہندوستانی ٹیم میں جہاں وراٹ کوہلی، شھبمن گل اور چتیشور پجارا نے بنگلہ دیش کیخلاف آخری ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، وہیں کپتان روہت شرما اور کے ایل راہل کی کارکردگی اس سطح تک نہیں رہی۔ رشبھ پنت کے زخمی ہونے کے بعد ہندوستانی ٹیم کا مڈل آرڈر قدرے کمزور ہوگیا ہے۔ رویندر جڈیجا کی واپسی کے بعد ٹیم کا لوور آرڈر مضبوط ہوا ہے جبکہ روی چندرن اشون، اکشر پٹیل اور کلدیپ یادو گھریلو حالات میں اپنی اسپن سے آسٹریلوی بلے بازوں کو پریشان کر سکتے ہیں۔ تیز گیند بازوں میں طویل عرصے بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے محمد سراج، محمد سمیع اور جے دیو انادکٹ کی کارکردگی متاثر کن رہی ہے۔

  پیٹ کمنس نے مرفی کےکریئر کے آغاز کا اشارہ دیا

 آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنس نے بدھ کو اشارہ دیا ہےکہ آف اسپنر ٹوڈ مرفی ہندوستان کے خلاف بارڈر-گاوسکر ٹرافی کے پہلے ٹیسٹ میں اپنا  شاندار جلوہ بکھیرسکتے ہیں۔ کمنس نے کہا’’مجھے لگتا ہے کہ وہ اتنا ہی تیار ہیں جتنا وہ ہو سکتے ہیں ۔ مرفی نے یہاں پریکٹس میں شاندار گیند بازی کی ہے۔ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں وکٹوریہ کیلئے بھی اچھی شروعات کی تھی۔ اگر  انہیں منظوری ملتی ہے (آغاز کرنے کیلئے) تو ا ن کے پاس دوسرے کنارے پر ناتھن  لاین ہوں گے جن کے ساتھ وہ بولنگ کر سکتے ہیں۔ کمنس  نے کہا کہ  اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں نے اچھی تیاری کی ہے۔ ہم جس کو بھی منتخب کریں گے وہ کھیلنے کیلئے ۱۰۰؍فیصد تیار ہوگا۔     زخمی جوش ہیزل ووڈ، مشیل اسٹارک اور کیمرون گرین کی غیر موجودگی میں اسکاٹ بولینڈ کپتان کمنس کے ساتھ دوسرے تیز گیند باز کے طور پر کھیلیں گے۔

پنت کی جگہ  دیگر کھلاڑی دستیاب ہیں: روہت

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے بدھ کو اعتراف کیا کہ وہ بارڈر-گاوسکر ٹرافی میں باصلاحیت وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کی کمی محسوس کریں گے حالانکہ ان کے پاس پنت کی جگہ لینے کیلئے دیگر اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔روہت شرمانے پہلے ٹیسٹ کے موقع پر یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ’’ہمیں رشبھ پنت کی کمی محسوس ہوگی، لیکن ہمارے پاس یہ کردار ادا کرنے کیلئے کھلاڑی موجود ہیں۔ ہم نے کھلاڑیوں سے ان کے منصوبوں کے بارے میں بات چیت کی ہے اور امید ہے کہ وہ کھیلیں گے۔ جمعرات کو ہم اپنی حکمت عملی پر عملدرآمد کر سکیں گے۔‘‘واضح رہے کہ رشبھ پنت۲۰۲۰ء سے۲۰۲۲ء تک ٹیسٹ کرکٹ میں ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی رہے ہیں۔ انہوں نے اس عرصے کے دوران کھیلے جانےوالے  ۲۲؍ میچوں میں۴۳ء۳۴؍کے اوسط سے۱۵۱۷؍رن  بنائے ہیں۔
 رشبھ پنت نے اپنی میچ جتانے والی اننگز سے ہندوستان کو کئی بار مشکلات سے نکالا ہے۔ پچھلی بار جب ہندوستان نے آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا تو مہمان ٹیم صرف پنت کے ناٹ آؤٹ۸۹؍ رن کی بنیاد پر گابا کا قلعہ جیت سکی تھی۔روہت نے الیون میں پنت کی جگہ پُرکرنے  کے بارے میں بات کی، حالانکہ وہ کھلاڑی کے انتخاب کے سوال پر خاموش رہے۔ 

Australian Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK