Inquilab Logo

باکسنگ ڈے ٹیسٹ:کیمرون گرین کے’ پنچ‘ سے جنوبی افریقہ ڈھیر

Updated: December 27, 2022, 2:21 PM IST | Melbourne

آسٹریلیائی گیندباز نے ۵؍وکٹیں حاصل کیں،مہمان ٹیم ۱۸۹؍رن پر آؤٹ،کنگارو ٹیم نے ایک وکٹ پر۴۵؍رن بنا لئے

Australian bowler Cameron Green gave 27 runs and dismissed 5 batsmen.
آسٹریلیائی گیندباز کیمرون گرین نے ۲۷؍رن دےکر ۵؍بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔

:  آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے دن  جنوبی افریقہ کی اننگز ۱۸۹؍رنوں پر سمٹ گئی۔ ٹیم کے ۵؍کھلاڑی صرف ۶۷؍رن پر ہی  پویلین لوٹ چکے تھے۔ افریقہ کی جانب سے مارکو جانسن نے سب سے زیادہ ۵۹؍رنوں کی اننگز کھیلی۔ ٹیم کے۶؍کھلاڑی  دہائی کا ہندسہ بھی پار نہیں کر سکے۔ آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین نے سب سے زیادہ ۵؍  وکٹیں حاصل کیں۔ٹیسٹ کرکٹ میںیہ پہلا موقع ہے جو کیمرون گرین نے ۵؍وکٹیں حاصل کی ہیں۔پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر آسٹریلیا نے ایک وکٹ گنواکر ۴۵؍رن بنا لئے تھے۔ڈیوڈ وارنر ۳۲؍جبکہ مارک لابوشین ۵؍رن بناکر کریز پر موجود تھے۔ افتتاحی بلے باز عثمان خواجہ ایک رن بناک ربادا کی گیند پرکیچ آؤٹ ہوئے۔
  میلبورن میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی  کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ آسٹریلیا کے تیز گیند بازوں نے دوسرے سیشن کے آغاز میں جنوبی افریقہ کی آدھی ٹیم کو پویلین بھیج دیا۔ جنوبی افریقہ کے ۵؍ کھلاڑی صرف ۶۷؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ افریقہ کی پہلی وکٹ ۲۹؍رن پر گری جبکہ  ۲۴؍ویں اوور میں ۵۸؍رن پر ان کی ۴؍ وکٹیں گر چکی تھیں۔ ٹیم کی پانچویں وکٹ ۶۷؍رن پر گری۔
  اس کے بعد کائل ویرین اور مارکو جانسن نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ان دونوں کے درمیان ۱۱۲؍رنوں کی شراکت ہوئی۔ کائل ۹۹؍گیندوں میں ۵۲؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ مارکو جانسن نے ۱۳۶؍گیندوں پر ۵۹؍رن بنائے۔ ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگر کو نہ چھو سکا۔ کیشو مہاراج ۲؍رن، کاگیسو ربادا ۴؍، لونگی ا نگیدی ۲؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ اینریک  نورجے  ایک رن بناکرناٹ آؤٹ  ہوئے۔
 مارک لابوشین نے بہترین فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا۔ میلبورن میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز انہوں نے افریقی کپتان ڈین ایلگر کو رن آؤٹ کیا جبکہ انہوں نے کھایا جونڈو کا شاندار کیچ پکڑ کر پویلین کی راہ دکھائی۔ انہوں نے جس طرح بائیں جانب ڈائیونگ لگا کر کیچ پکڑا، اس کی تعریف کی جا رہی ہے۔ جونڈو نے جس طرح مچل اسٹارک کی گیند پر شاٹ لگائی انہیں اندازہ ہوگیا تھا کہ وہ آؤٹ ہوجائیں گے ۔
 درحقیقت افریقی اننگز کا ۲۹؍واں اوور آسٹریلیا کی طرف سے مچل اسٹارک لے کر آئے۔ اوور کی تیسری گیند پر جونڈو نے ایک شاٹ کافی زور سے لگائی ۔ توقع تھی کہ وہ  باؤنڈریکی طرف جائے گی لیکن لابوشین نے اپنے بائیں طرف جانے والی گیند کو ہوا میں غوطہ لگاتے ہوئے پکڑ لیا۔ ان کا فیصلہ اور ڈائیونگ کا وقت اتنا اچھا تھا کہ گیند ان کے ہاتھوں میں آگئی اور جونڈو کی اننگز ۳؍سیکنڈ کے اندر ختم ہو گئی۔  جونڈو نے ۱۹ گیندوں میں ۵؍رن بنائے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور ۶۷؍ رن تھا۔ آسٹریلیا کی یہ پانچویں کامیابی تھی۔اس کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم نےاپنی آخری ۵؍وکٹیں محض ۱۰؍رنوں کے عوض گنوا دیں۔
 کیمرون گرین کی شاندا رکارکردگی پرممبئی انڈینس نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ ابھی چند روز پہلے ہی آئی پی ایل میں کھلاڑیوںکی نیلامی میں ممبئی انڈینس نے۱۷ء۵؍کروڑ میںخریدا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK