Inquilab Logo Happiest Places to Work

جب تک بیلٹ پیپر کا استعمال نہیں کیا جاتا انتخابات کا بائیکاٹ کریں: راج ٹھاکرے

Updated: June 07, 2026, 9:02 AM IST | Mumbai

:ریاست میں قانون ساز کونسل کے بلدیاتی انتخابات میں اپوزیشن کے متعدد امیدواروں کے غیر متوقع طور پر پیچھے ہٹنے کی وجہ سے گھوڑ بازاری کی بحث جہاں گرم ہوئی ہے، وہیں مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے اب ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

MNS chief Raj Thackeray
ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے

:ریاست میں قانون ساز کونسل کے بلدیاتی انتخابات میں اپوزیشن کے متعدد امیدواروں کے غیر متوقع طور پر پیچھے ہٹنے کی وجہ سے گھوڑ بازاری کی بحث جہاں گرم ہوئی ہے، وہیں مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے اب ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا ہےکہ جب تک ملک میں بیلٹ پیپر کا استعمال نہیں کیاجاتا تب تک عوام کے ذریعے انتخابات کا بائیکاٹ ہونا چاہئے۔ اس سے ایک بار پھر ای وی ایم کے استعمال پر سوال اٹھ رہے ہیں۔ 
 سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد )کی لیڈر رکن پارلیمان سپریا سلے نے بھی ان کی رائے کی تائید کی ہے۔ سپریہ  سلےنے کہا کہ وہ ۸؍ جون کو دہلی میں ہونے والی انڈیا اتحاد کی میٹنگ میں یہ مسئلہ اٹھائیں گی اور پارلیمنٹ میں انتخابات کی شفافیت کا مسئلہ بھی اٹھائیں گی۔ یاد رہے کہ آئندہ ۱۸؍ جون کو ہونے والے قانون ساز کونسل کے انتخابات کا ۱۷؍ میں سے ۶؍ سیٹوں کو نتیجہ ابھی سے آ گیا ۔ کیونکہ مہایوتی امیدوار کو کچھ حلقوں میں بلا مقابلہ منتخب کیا گیا ہے۔ ٹھاکرے گروپ کے رکن پارلیمان سنجے راؤت کا دعویٰ ہے کہ ایک بڑی ہارس ٹریڈنگ ہوئی ہے اور اس کیلئے ۱۵۰؍ کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔  اسی تناظر میں انہوں نے حال ہی میں ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے سے ملاقات بھی کی تھی۔ نامہ نگاروں کے ساتھ اس ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے سنجے راؤت نے کہا کہ ’’راج ٹھاکرے نے رائے ظاہر کی ہے کہ ہمیں انتخابات کا بائیکاٹ کرنا چاہئے جب تک کہ انتخابات بیلٹ پیپر پر نہیں ہوتے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ادھو ٹھاکرے نے بھی ان کے اس موقف کو منظوری دے دی ہے۔اس بارے میں جب سپریا سلے نے کہاکہ ’’راج ٹھاکرے نے جو مشورہ دیا ہے وہ اچھا ہے۔ انڈیا اتحاد کی ایک میٹنگ۸؍ جون کو دہلی میں ہوگی۔ اس میٹنگ میں ہم اس بائیکاٹ کے موقف پر تبادلہ خیال کریں گے۔
بی جے پی اسے منہ کھولنے پر مجبور نہ کرے: سپریہ سلے
 سپریہ سلے نے کہا کہ قانون ساز کونسل کے انتخابات میں خرید و فروخت کی جارہی ہے۔انہوںنے کہا کہ وہ اس بارے میں لوک سبھا میں ایک بل پیش کریں گی۔  اس پر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ردعمل ظاہر کیا تھا کہ صرف پیسہ ہی نہیں محبت بھی رائے بدل سکتی ہے۔ اس کے جواب میںسپریہ سلے نے کہاکہ ’’اب عوام سمجھ گئے ہیں کہ برسراقتدار پارٹی درخواستوں کو واپس لینے کیلئے کیا کر رہی ہے۔ ای ڈی، انکم ٹیکس اور سی بی آئی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی لیڈروں کو مجھے منہ کھولنے پر مجبور نہیں کرنا چاہئےورنہ وہ اس کے متحمل نہیں ہوں گے۔‘‘
 یاد رہے کہ اسمبلی ( ودھان سبھا) الیکشن میں مہایوتی کو غیر معمولی کامیابی ملی تھی جس کے سبب ای وی ایم پر سوال اٹھنے لگے تھے۔ پھر کچھ ایسا ہی میونسپل الیکشن میں بھی ہوا۔ اب ودھان پریشد الیکشن میں ہار جیت کا ایک نیا طریقہ ایجاد کیا گیا ہے کہ حتی الامکان امیدواروں کو نام واپس لینے پر آمادہ کیا گیا ہے۔ سنجے رائوت اور دیگر لیڈران نے کہا تھا کہ اس معاملے میں خریدوفروخت ہوئی ہے جبکہ مہایوتی کے لوگوں کا کہنا تھا کہ اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے مہا وکاس اگھاڑی اس طرح کے الزامات لگا رہی ہے ۔ جن امیدواروں نے نام واپس لیا ہے انہوں نے حکومت کے کاموں سے متاثر ہو کر ایسا کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK