Inquilab Logo

میدیودیف کی ہارڈ کورٹ پر ۲۵۰؍ ویں کامیابی

Updated: September 02, 2023, 12:09 PM IST | Agency | New York

یو ایس اوپن میں روسی کھلاڑی نے کرسٹوفر او کونیل کو ۴؍سیٹوں میں مات دی۔

Daniil Medvedev. Photo. INN
ڈینیل میدیودیف۔ تصویر:آئی این این

روس کے ٹینس کھلاڑی ڈینیل میدیودیف نے کرسٹوفر اوکونیل کو ۴؍سیٹوں میں شکست دے کر یو ایس اوپن کے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ہارڈ کورٹ پر اپنی ۲۵۰؍ ویں کامیابی حاصل کرلی۔اسپین کے کارلوس الکاراز نے بھی جمعرات کو یہاں جنوبی افریقہ کے لائیڈ ہیرس کو۳۔۶، ۱۔۶، ۶۔۷؍ سے شکست دے کر یو ایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کرلیا۔
 ڈینیل میدیودیف نے اچھی شروعات کی اور پہلے ۲؍ سیٹ آسانی سے جیت لئے لیکن انہیں تیسرے سیٹ میں جدوجہد کرنی پڑی۔ بہرحال آخری سیٹ آسانی سے جیتنے کے بعد انہوں نے میچ بھی جیت لیا۔ انہوں نے ۲۔۶، ۲۔۶، ۷۔۶، ۲۔۶؍ اسکور کے ساتھ کامیابی حاصل کی اور سال کے آخری گرینڈ سلیم کے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ اپنی اس کامیابی پر انہوں نے کہاکہ میں بہت خوش ہوں کہ یو ایس اوپن میں میرا سفر جاری ہے اور میں اگلے راؤنڈ میں بھی اچھی کارکردگی کامظاہرہ کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت میں اچھے فارم میں ہوں لیکن اس ٹورنامنٹ میں مجھ سے بھی زیادہ تجربہ کار کھلاڑی کھیل رہے ہیں جن میں نوواک جوکووچ بھی شامل ہیں ۔ امید کرتاہوں کہ ان کے سامنے بھی اچھا ٹینس کھیلوں اور کامیاب رہوں ۔ 
 دوسری طرف اسپین کے ۲۰؍سالہ الکارازنے کہا کہ ’’میرے لئے وہاں رکنا اور سیدھے سیٹوں میں جیت حاصل کرنا اچھا تھا۔ شائقین کو ٹینس دیکھنے سے لطف اندوز کرنے کیلئے ہم نے شاندار پوائنٹس بنائے اور مجھے لگتا ہے کہ ہم نے جمعرات کو یہ کافی اچھا کیا۔‘‘ اگلے راؤنڈ میں الکاراز کا مقابلہ برطانیہ کے ڈینیئل ایوانس سے ہوگا۔
 بیلاروس کی سیکنڈ سیڈ آرینا سبالینکا بھی برطانیہ کی جوڈی براج پر۷۴؍ منٹ میں ۲۔۶، ۳۔۶؍سے حاوی رہیں اور اگلے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ فرانس کی کلارا بریل سے ہوگا جنہوں نے چیک جمہوریہ کی کیرولینا پلسکووا کو۴۔۶، ۲۔۶؍ سے شکست دے دی۔
 سبالینکا نے اپنی کارکردگی کے بارے میں کہا ’’میں رینکنگ سے زیادہ اپنے آپ پر توجہ مرکوز کر رہی ہوں ۔ میں اپنی توجہ خود پر، اپنے کھیل پر اور خود کو بہتر بنانے پر مرکوز کرنے کی کوشش کر رہی ہوں ۔ میں نے جمعرات کو ایک منٹ کے لئے بھی اپنی توجہ نہیں بھٹکائی۔ میں آج اپنے کھیل سے بہت خوش ہوں ۔ چین کی زھینگ کن وین نے ویمنز سنگلز کے تیسرے راؤنڈ میں داخل ہو کر ایسٹونیا کی کائیا کنیپی کو۲۔۶، ۶۔۳، ۲۔۶؍ سے شکست دی۔ دوسری طرف یوایس اوپن میں چین کی یافان برطانیہ کی کیٹی ووٹرلر سے۷۔۵، ۱۔۶، ۴۔۶؍ سے ہار گئیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK