Inquilab Logo

خواتین ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ کو ہراکر انگلینڈ فائنل میں داخل

Updated: April 01, 2022, 1:26 PM IST | Agency | Christchurch

سیمی فائنل میں۱۳۷؍رنوں سے فتح حاصل کرتے ہوئےانگلینڈ نےلگاتار دوسری بار فائنل میں قدم رکھا، ویاٹ کی شاندار سنچری ، صوفی ایکلسٹون نے ۶؍وکٹیں حاصل کیں

Congratulations to the players of the England cricket team that advanced to the final after defeating South Africa..Picture:PTI
جنوبی افریقہ کو شکست دے کر فائنل میں قدم رکھنے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی ایک دوسرے کو مبارکباد دیتی ہوئیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

ڈینیئل ویاٹ (۱۲۹) کی شاندار سنچری اور پھر صوفی ایکلسٹون (۳۶؍رن پر ۶؍وکٹ) کی  خطرناک گیندبازی کی بدولت انگلینڈ نے جمعرات کو یہاں سیمی فائنل  میچ میں جنوبی افریقہ کو ۱۳۷؍ رنوں سے یکطرفہ انداز میں شکست دے کر ۲۰۲۲ءآئی سی سی خواتین کرکٹ ورلڈ کے فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔انگلینڈ نے لگاتار دوسری اور اوورآل آٹھویں بار عالمی کپ کے فائنل میں جگہ بنائی ہے، جو آسٹریلیا کے  بعد کسی بھی ٹیم کے ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کا دوسرا سب سے زیادہ اعدادوشمار ہے۔ انگلینڈ اس ٹورنامنٹ کے پچھلے ایڈیشن کا فاتح تھا۔ اس نے ۲۰۱۷ء کے فائنل میں ہندوستان کو ۹؍ وکٹوں سے شکست دے کراپنے  چوتھے ورلڈ کپ خطاب پر قبضہ کیاتھا۔ اب پانچویں خطاب کے لئے اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا جو ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے۔ دونوں ٹیمیں  یہاں  ۳؍اپریل کو فائنل میں  آمنے سامنے ہوں گی۔  انگلینڈ نے  ٹاس ہارکر  پہلے بلے بازی کی اور تجربہ کار سلامی بلے باز  ڈینیئل ویاٹ کی شاندار سنچری اور نوجوان آل راؤنڈر صوفیہ ڈنکلے کی نصف سنچری کی بدولت ۵۰؍اوور میں ۸؍ وکٹوں پر ۲۹۳؍رنوں کا مضبوط اسکور بنایا۔ جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم اس اہم میچ میں اتنے بڑے اسکور کا دباؤ برداشت نہ کر سکی اور ۳۸؍اوور میں ۱۵۶؍ رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے لیفٹ آرم اسپنر صوفی ایکلسٹون نے ۸؍ اوور میں ۳۶؍رن دے کر ۶؍ وکٹیں حاصل کیں۔ اس نے جنوبی افریقہ کے مڈل آرڈر اور لوور آرڈر کو  تباہ کردیا۔  صوفی کی ون ڈے کریئر کی یہ  اب تک کی   بہترین  گیندبازی ہے۔ ان کے علاوہ انیا شربسول نے ۲؍  جبکہ کیٹ کراس اور چارلون ڈین نے ایک ایک وکٹ لیا۔ اس سے قبل بیٹنگ میں ڈینیئل نے ۱۲۵؍گیندوں میں ۱۲؍چوکوں کی مدد سے ۱۲۹؍رن کی سنچری اسکور کی جس کے لئے انہیں `پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی ڈنکلے نے ۷۲؍گیندوں میں ۴؍ چوکوں کی مدد سے ۶۰؍رن بنائے۔
 جنوبی افریقہ کی جانب سےمگنون ڈو پریز نے ۲؍چوکوں کی مدد سے ۴۸؍گیندوں پر سب سے زیادہ ۳۰؍رن بنائے جبکہ گیندبازی میں شبنم اسماعیل نے سب سے زیادہ ۳؍، مریزان کپ اور مساباتا کلاس نے ۲۔۲؍ اور ایابونگا کھاکا نے ایک وکٹ لیا۔
آسٹریلیا اورانگلینڈ فائنل میں  آمنے سامنے 
  آئی سی سی  خواتین  عالمی رینکنگ کی نمبرایک آسٹریلیا اور نمبر ۳؍انگلینڈ کی ٹیمیں آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ کے فائنل میں پانچویں بار ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی۔ کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں ۳؍ اپریل کو ویمنز ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔ دونوں  ہی ٹیمیں بڑی جیت کے ساتھ بھرپور اعتماد کے ساتھ فائنل میں پہنچی ہیں۔  قابل ذکر ہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ اس سے قبل ۴؍  مرتبہ (۱۹۷۳، ۱۹۷۸، ۱۹۸۲ اور ۱۹۸۸)  ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں  آمنے سامنے ہو چکے ہیں، جس میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ۳؍ بار شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا ہے جبکہ انگلینڈ  ایک بارہی آسٹریلیا کو ہراپایا ہے۔ آسٹریلیا  کاپلڑا ہمیشہ  ہی بھاری رہا ہے۔ وہیں موجودہ ایڈیشن کی بات کریں تو اس میں بھی آسٹریلیا انگلینڈ سے مضبوط ٹیم ثابت ہوئی ہے۔ آسٹریلیا نے سیمی فائنل سمیت اپنے تمام ۷؍ لیگ میچ جیتے جبکہ انگلینڈ نے اپنے ۷؍ لیگ میچوں میں سے ۴؍ جیتے اور ۳؍ میں شکست کھائی۔ 
 حالیہ دنوں کی بات کریں تو انگلینڈ کی خواتین ٹیم بھی عالمی کرکٹ  نے  اپنادبدبہ قائم کیاہے۔ انگلینڈ نے ویمنز ورلڈ کپ کے پچھلے  ۲۰۱۷ء ایڈیشن  کاخطاب جیتا تھا، جس میں آسٹریلیاسیمی فائنل میں  ہندوستان سے ہارکر باہرہوگیا تھا، جب کہ انگلینڈنے اس وقت بھی جنوبی افریقہ کو  شکست دے کر فائنل  میں جگہ بنائی تھی۔قابل ذکر ہے کہ آسٹریلیا کے پاس ساتواں  خواتین عالمی کپ  ٹائٹل جیتنے کا موقع ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK