ہندوستان کی خاتون ٹیم کیخلاف بنگلہ دیش نے خود کو کلین سویپ ہونے سے بچا لیا،ٹیم انڈیا نے سیریز ایک کے مقابلے ۲؍میچ سے جیت لی
EPAPER
Updated: July 14, 2023, 4:37 PM IST | Mirpur
ہندوستان کی خاتون ٹیم کیخلاف بنگلہ دیش نے خود کو کلین سویپ ہونے سے بچا لیا،ٹیم انڈیا نے سیریز ایک کے مقابلے ۲؍میچ سے جیت لی
کپتان ہرمن پریت کور (۴۰) اور جمیما روڈرگس(۲۸) کی شاندار اننگز کے باوجود آخری صف کے بلے بازوں کی خراب کارکردگی کی وجہ سے ہندوستان کی خاتون ٹیم نے ۳؍ میچوں کی ٹی ۲۰؍ سیریز میں بنگلہ کو کلین سویپ کرنے کا موقع گنوادیا۔بنگلہ دیش اور ہندوستان کے درمیان کھیلے گئے تیسرے میچ میں میزبان بنگلہ دیش نے۴؍ وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔ اس جیت کے ساتھ ہی اس نے کلین سویپ کی شرمندگی سے خود کو بچا لیا۔یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ ہندوستان کے خلاف اب تک بنگلہ دیش کی خاتون ٹیم نے ۱۶؍ٹی۔۲۰؍میچ کھیلئے ہیں اور وہ اب تک صرف بار ہی کامیاب ہوئی ہیں۔
شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں سیریز کے تیسرے اور آخری مقابلے میں بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم نے آخری ۱۰؍ گیند وں میں۶؍ وکٹ لےکرہندوستان کے ذریعے دئے گئے جیت کے ہدف کو پاکر شاندار جیت حاصل کی ۔ ہندوستان نے پہلے کھیلتے ہوئے ۹؍وکٹوں کے نقصان پر ۱۰۲؍رن بنائے تھے جس جواب میں بنگلہ دیش نے ۱۸ء۲؍اوور کے کھیل میں ۶؍ وکٹ کے نقصان ۱۰۳؍رن بنائے ۔ ہندوستان اس سے پہلے کھیلے گئے ۲؍ ٹی ۔۲۰؍مقابلوں میں میزبان ٹیم کو ہرا چکا تھا۔اس شکست کے باوجود ٹیم انڈیا نے سیریز اپنے نام کر لی ۔
بنگلہ دیش کی جیت میں ۳۵؍سالہ شمیمہ سلطانہ کا کردار اہم رہا جنہوں نے سلامی بلے باز کے طور پر ۶۸؍منٹ کریز پر گزارے اور ۴۶؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں کی مدد سے ۴۲؍رنوں کی کارآمد اننگز کھیلی جو ہندوستان کے خلاف جیت میں اہم ثابت ہوئی ۔ وہ بد قسمت طریقے سے رن آؤٹ ہوئیں ۔ ان کے علاوہ کپتان نگار سلطانہ (۱۴) اور سلطانہ خاتون (۱۲) کا کردار بھی قابل ذکر رہا۔ہندوستان کی طرف سے منو منی اور دیویکا ویدھ نے ۲۔۲؍ وکٹیں حاصل کیں جبکہ روڈگس کو ایک وکٹ ملا۔وہیں بنگلہ دیش کی گیند باز ہندوستان کے مقابلے بہترثابت ہوئیں جنہوں نے ہندوستان کے درمیانی اور بعد میں آنے والے بلے بازوںکا بنڈل آسانی سے باندھ کر اپنی ٹیم کی جیت کا راستہ ہموار کیا۔ رابعہ خان نے ۳؍ وکٹیں حاصل کیں جبکہ سلطانہ خاتون کو ۲؍ وکٹ ملے۔
اس سے قبل ٹیم انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان نے پہلے کھیلتے ہوئے ۲۰؍اوور میں۹؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۰۲؍رن بنائے۔ ٹیم انڈیا کیلئے کپتان ہرمن پریت کور نے ۴۱؍گیندوں میں ۴۰؍رنوں کی سب سے بڑی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ جمیما نے ۲۸؍رن بنائے۔ ان ۲؍ کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی بھی بلے باز کریز پر نہ ٹھہر سکا۔ آخری صف کے بلے بازوں نے کوئی مزاحمت پیش نہیں کی اور ۱۰؍رنوں کا اضافہ کرکے ۶؍کھلاڑی آؤٹ ہوگئیں۔