Inquilab Logo

سری لنکا کیخلاف ٹی ۲۰؍ سیریز کیلئے ہاردک پانڈیا کپتان

Updated: December 29, 2022, 1:52 PM IST | New delhi

سوریہ کمار یادو کو اچھی کارکردگی کا انعام ملا ، انہیں نائب کپتان بنایا گیا ،روہت اور وراٹ کو آرام دیا گیا ، رشبھ پنت کو جگہ نہیں ملی ،یکروزہ ٹیم کی کپتانی روہت شرما کے پاس

photo;INN
تصویر :آئی این این

ہاردک پانڈیا کوبالآخر ہندوستانی ٹی ٹوینٹی ٹیم کی کمان پھر سے مل گئی ہے ۔ بی سی سی آئی نے منگل رات ۳؍ میچوں کی ٹی ٹوینٹی سیریز کیلئے۱۶؍ رکنی ٹیم کا اعلان کیا ۔ سوریہ کمار یادو کو اچھی کارکردگی کا انعام ملا ، انہیں نائب کپتان بنایا گیا ہے ۔ وہیں بطور تیز گیند باز شیوم ماوی اور مکیش کمار بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں ۔ سیریز کی شروعات ۳؍ جنوری سے ہورہی ہے ۔ اس سے پہلے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کیلئے پانڈیا کو ٹی ٹوینٹی ٹیم کی کمان ملی تھی اور ٹیم نے ٹی ٹوینٹی سیریز پر قبضہ بھی کیا تھا ۔ حالانکہ بی سی سی آئی کی جانب سے یہ جانکاری نہیں دی گئی ہے کہ پانڈیا کو ٹی ٹوینٹی کی ریگولر کپتانی دی گئی ہے یا نہیں ۔
 بی سی سی آئی کی جانب سے جاری کردہ اطلاع میں صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوینٹی اور ون ڈے سیریز کیلئے آل انڈیا سلیکشن کمیٹی نے ٹیم منتخب کی ہے ۔ پچھلے دنوں خبر آرہی تھی کہ پانڈیا کو ٹی ٹوینٹی کے ساتھ ساتھ ون ڈے ٹیم کی بھی کمان دی جاسکتی ہے، لیکن سری لنکا کے خلاف اعلان کی گئی یکروزہ ٹیم کی کمان روہت شرما کے ہی پاس ہے ۔وہیں اگر ٹی ٹوینٹی ٹیم کی بات کریں تو سینئر کھلاڑیوں روہت شرما، وراٹ کوہلی کو آرام دیاگیا ہے جبکہ کے ایل راہل اور رشبھ پنت کو جگہ نہیں دی گئی ہے ۔ راہل کی کارکردگی پر تو پچھلے دنوں سوالات بھی اٹھے تھے ۔ ٹی ٹوینٹی سیریز کا پہلا میچ ۳؍ جنوری کو ممبئی میں کھیلا جائے گا ۔ دوسرا میچ ۵؍ جنوری کو پونے میں اور تیسرا میچ ۷؍ جنوری کو راجکوٹ میں کھیلا جائے گا ۔
  اگر ون ڈے ٹیم کی بات کریں تو سلیکٹرس نے خراب فارم میں چل رہے کے ایل راہل سے ون ڈے کی نائب کپتانی چھین لی ہے ۔اب۵۰؍ اووروں کے میچ میں ہاردک پانڈیا ہندوستان کے نئے نائب کپتان ہوں گے ۔ اس کے علاوہ سنجو سیمسن کو بھی ٹیم میں موقع دیا گیا ہے ۔ وہیں بنگلہ دیش میں ڈبل سنچری بنانے والے ایشان کشن بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں ۔
ون ڈے اسکواڈ اس طرح ہے:روہت شرما (کپتان)، ہاردک پانڈیا (نائب کپتان)، شبھمن گل، وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، شریس ایئر، کے ایل راہل (وکٹ کیپر)، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، واشنگٹن سندر، یجویندر چہل، کلدیپ یادو، اکشر پٹیل، محمد سمیع، محمد سراج، عمران ملک، ارشدیپ سنگھ ۔
ٹی ٹوینٹی اسکواڈ اس طرح ہے:ہاردک پانڈیا (کپتان) ، سوریہ کمار یادو (نائب کپتان)، ایشان کشن، ریتوراج گائیکواڑ، شبھمن گل، دیپک ہوڈا، راہل ترپاٹھی، سنجو سیمسن، واشنگٹن سندر، یجویندر چہل، اکشر پٹیل، ارشدیپ سنگھ، ہرشل پٹیل، عمران ملک، شیوم ماوی، مکیش کمار۔
اشون اورائیر کی آئی سی سی درجہ بندی میں بہتری
 بنگلہ دیش کے خلاف میرپور ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے روی چندرن اشون اور شریس ائیر نے آئی سی سی مینس ٹیسٹ پلیئر رینکنگ میں بہتری کی ہے۔آئی سی سی کی تازہ ترین درجہ بندی میں، اشون ایک مقام آگے بڑھ کر جسپریت بمراہ کے ساتھ چوتھے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ میرپور ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں۴۲؍ رن بنا کر ہندوستان کو جیت دلانے والے اشون بیٹنگ رینکنگ میں بھی ۳؍ درجے کی چھلانگ لگا کر۸۴؍ ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔  اشون آل راؤنڈر کے طور پر۳۴۳؍ پوائنٹس کے ساتھ ہم وطن رویندر جڈیجہ کے ۳۶۹؍ پوائنٹس سے کچھ ہی پیچھے ہیں۔
شریس ایئرکی لمبی چھلانگ 
 میرپور ٹیسٹ میں اشون کے ساتھ۷۱؍ رنوں کی ناقابل شکست شراکت داری کرنے والے ائیرکو بھی آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ میں نمایاں  فائدہ ہوا ہے اور وہ کریئر کے بہترین۱۶؍ویں رینک پر پہنچ گئے ہیں۔ ائیر نے پہلی اننگز میں۸۷؍ اور دوسری میں ناٹ آؤٹ۲۹؍ رن بنائے تھے۔ ہندوستان کے ٹاپ سیڈ بلے باز رشبھ پنت تین ریٹنگ پوائنٹس کے فائدے کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں، جبکہ تیز گیند باز امیش یادو پانچ درجے بہتری کے ساتھ۳۳؍ویں رینک پر پہنچ گئے ہیں۔ بنگلہ دیش کے بلے باز لٹن داس نے کریئر کا بہترین۱۲؍ واں رینک حاصل کیا ہے جبکہ مومن الحق نے۶۸؍واں، ذاکر حسن نے ۷۰؍ واںاور نورالحسن نے ۹۳؍ واں رینک حاصل کیا ہے۔ اسپنرز تیج الاسلام اور مہدی حسن مرزا بالترتیب۲۸؍ ویں اور۲۹؍ ویں نمبر پر جبکہ کپتان شکیب الحسن ایک درجہ ترقی کر کے۳۲؍ ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK