Inquilab Logo

مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کی وطن واپسی،وارنر سمیت۶؍کھلاڑی آسٹریلیا روانہ

Updated: February 22, 2023, 1:42 PM IST | New Delhi

ڈیوڈ وارنر اور پیٹ کمنس کےساتھ ہی لانس مورس، میتھیو رینشا، ایشٹن ایگر اور ٹوڈ مرفی نے سائیڈ اسٹرین کی وجہ سے دستبرداری کا فیصلہ کیا

photo;INN
تصویر :آئی این این

: بارڈر۔گاوسکر ٹرافی کے پہلے۲؍ میچوں میں عبرتناک شکست کا سامنا کرنے والی آسٹریلوی ٹیم میں بھگدڑ مچ گئی۔ اب ٹیم کی سیریز میں واپسی کی امیدیں تقریباً ختم ہو چکی ہیں کیونکہ ان کے ۶؍کھلاڑی وطن واپس جا چکے ہیں یعنی سیریز مکمل ہونے سے پہلے ہی مہمان بلے بازوں نے ہندوستان کے سامنے ہتھیار ڈال دئیے۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر بھی ان۶؍ کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو گزشتہ دو میچوں میں انجری کے باعث باہر ہوئے ہیں۔
 دہلی میں دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگزکے دوران محمد سراج کے ہاتھوں چوٹ لگنے کے بعد وارنر کو بائیں کہنی میں ہیئر لائن فریکچر کا سامنا کرنا پڑا۔ٹیم انتظامیہ کے مطابق ابتدائی طور پر ایسا لگ رہا تھا کہ وارنر کی کہنی کی چوٹ معمولی ہے اور وہ ہندوستان کے خلاف اندور ٹیسٹ کھیل سکتے ہیں تاہم ڈاکٹروں نے انہیں ان فٹ قرار دے دیا۔ پیر کی رات تک، وارنر خود کو تیسرے ٹیسٹ میں کھیلنے کیلئے تیار کر رہے تھے لیکن ناقابل برداشت درد اور ٹیسٹ کے بعد انہیں باضابطہ طور پر میچ سے باہر کر دیا گیا، جس کے بعد وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ گھر واپس جائیں گے۔
 ٹیم میں وارنر کی جگہ ٹریوس ہیڈ لے سکتے ہیں۔ ہیڈ۲۰۱۸ء میں ورسیسٹر شائر کے لئے ایک کاؤنٹی چمپئن شپ میچ میں سلامی بلے باز کے طور پر خود کو ثابت کرچکے ہیں۔ حالانکہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں انہوں نے صرف دو بار اوپننگ کی ہے۔ دوسری جانب کیمرون گرین کے اندور میں کھیلنے کا قوی امکان ہے، وہیں دوسرے ٹیسٹ میں مایوس کن کارکردگی پیش کرنے والے کچھ کھلاڑیوں کی تیسرے ٹیسٹ میں چھٹی ہوسکتی ہے۔
   وارنرکے علاوہ کپتان پیٹ کمنس بھی ٹیم کو درمیان میں چھوڑ رہے ہیں۔ خاندان کے ایک فرد کی بیماری کی وجہ سے وہ واپس آسٹریلیا جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا پہلے ہی جوش ہیزل ووڈ کے بغیر میدان پر اتر چکا ہے۔ ویسے تیسرے ٹیسٹ سے پہلے دونوں ٹیموں کو ایک طویل وقفہ ملا۔ وارنر اور کمنس کے علاوہ لانس مورس، میتھیو رینشا، ایشٹن ایگر اور ٹوڈ مرفی نے سائیڈ اسٹرین کی وجہ سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر ایشٹن ایگر، جنہیں ابھی تک اس دورے پر ایک بھی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا ہے، گھر جا رہے ہیں۔ لانس موریس اور میتھیو رینشا کی واپسی کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ مشیل اسٹارک انگلی کی چوٹ سے صحت یاب ہو گئے ہیں۔ وہ تیسرے ٹیسٹ میں کھیل سکتے ہیں جو یکم مارچ سے اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں ہونا ہے۔ اس کے علاوہ آل راؤنڈر کیمرون گرین،جو دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کر رہے ہیں، کی بھی پلیئنگ الیون میں واپسی متوقع ہے۔ مشیلسویپسن کی بھی ٹیم میں واپسی متوقع ہے۔ ویسے بتاتے چلیں کہ آسٹریلیا ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کو گھر پر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کیلئے باہر کر سکتا ہے، کسی بھی تبدیلی کو بدھ کو حتمی شکل دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK