Inquilab Logo

ایشیا کپ اگر سری لنکا میں منتقل ہوتا ہے تو اس سے مجھے خوشی ہوگی:اشون

Updated: February 08, 2023, 12:39 PM IST | New Delhi

ہندوستانی اسپن گیندباز نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ پاکستان نے ہماری جانب سے انکار پر کہا ہے کہ وہ ہمارے ملک میں بھی ورلڈ کپ کھیلنے نہیں آئیں گے لیکن ایسا ممکن نہیں ہے

Ravichandran Ashwin
روی چندرن اشون

ہندوستان  کے مایہ ناز اسپن گیند باز روی چندرن ایشون نے پاکستان کی جانب سے ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بائیکاٹ کی دھمکی پر  رد عمل کا اظہار کرتے  ہوئے کہا ہےکہ ایسا ممکن نہیں ہے۔آر اشون نے امکان ظاہر کیا ہےکہ ایشیا کپ جس کے پاکستان میں ہونے پر تذبذب برقرار ہے، سری لنکا میں منتقل ہوسکتا ہے۔واضح رہےکہ ایشیا کپ کیلئے پاکستان نہ جانے کے بی سی سی آئی کے فیصلے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ہندوستان  میں ہونے والےکرکٹ  ورلڈ کپ کے بائیکاٹ کی دھمکی دی گئی لیکن اشون نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ  ایسا ممکن نہیں ہے۔
 اشون نے اپنے یوٹیوب چینل پر رنجی ٹرافی، ہنوما ویہاری کی عمدہ کارکردگی، پانچ روزہ گھریلو میچوں کی اہمیت اور بارڈر گاوسکر ٹرافی کے ساتھ ساتھ پاکستان اور ہندوستان  کے درمیان ایشیا کپ کے انعقاد کے حوالے سے جاری تنازع پر بھی گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ  کا انعقادپاکستان میں ہونا ہے لیکن ہندوستان  نے اعلان کیا ہے کہ اگر یہ پاکستان میں منعقد ہوگا تو ہم شرکت نہیں کریں گے اور اگر آپ چاہتے ہیں کہ ہم شرکت کریں تو پھر  اس کا مقام تبدیل کریں۔اشون نے کہا کہ ایشیا کپ اگر سری لنکا میںمنتقل ہوتا ہے تو اس سے مجھے خوشی ہوگی۔ اشون نے کہا ’’ ہم پہلے بھی کئی مرتبہ ایسا ہوتا ہوا دیکھ چکے ہیں، جب ہم کہتے ہیں ہم ان کے ملک میں جاکر نہیں کھلیں گے تو اس کا مطلب یہی ہوتا ہے کہ وہ بھی ہمارے ملک آکر نہیں کھیلیں گے، اس سے قبل بھی کئی ٹورنامنٹس دبئی میں منعقد ہو چکے ہیں۔ پاکستان نے ہماری جانب سے انکار پر کہا ہے کہ وہ ہمارے ملک میں بھی  ورلڈ کپ کھیلنے  نہیں آئیں گے لیکن میرا خیال ہے کہ ایسا ممکن نہیں ہے۔
 ٹیسٹ کرکٹ میں۴۴۹؍ وکٹوں سمیت بین الاقوامی کرکٹ میں مجموعی طور   پر۶۷۲؍ وکٹیں لینے والے ہندوستانی اسپنر نے کہا ’’ ایشیا کپ ممکنہ طور پر سری لنکا منتقل کیا جاسکتا ہے، یہ ورلڈ کپ سے قبل۵۰؍ اووروں کا اہم ٹورنامنٹ ہے اور اگر یہ سری لنکا منتقل ہوتا ہے تو مجھے بہت خوشی ہوگی۔‘‘واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بحرین میں منعقد ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس کے دوران بھی ہندوستان ، ایشیا کپ کیلئے پاکستان نہ جانے کے فیصلے پر قائم رہا تھا۔ہندوستان ی بورڈ نے اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں حکومت کی جانب سے پاکستان جاکر کھیلنے کی  اجازت  نہیں ملے گی۔دوسری جانب پاکستان کا ہمیشہ سے یہ مؤقف رہا ہے کہ کھیل کو سیاست سے  دور رکھنا چاہیے اور ہندوستان کو پاکستان میں آکر ایشیا کپ میں شرکت کرنی چاہئے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات پر جمی برف پگھلنے میں بھی مدد ملے گی۔گزشتہ ہفتے اجلاس کے دوران پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بھی کہا تھا کہ اگر ہندوستان ، ایشیا کپ کھیلنے نہیں آیا تو پاکستان بھی ورلڈ کپ کھیلنے ہندوستان نہیں جائے گا ۔ اس سے قبل ان کے پیش رو رمیز راجا بھی کہہ چکے ہیں کہ کہ ایشیا کپ کسی اور ملک میں منتقل نہیں ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK