Inquilab Logo

ہندوستان کا خواب دوسری بار ٹوٹ گیا،آسٹریلوی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ پر قابض

Updated: June 12, 2023, 2:09 PM IST | London

ٹیم انڈیا کی دوسری اننگز ۲۳۴؍رن پر سمٹ گئی۔ آسٹریلیا نے ۲۰۹؍ رن سے پہلی بارورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کی ٹرافی جیت لی۔ سنچری بنانے والے ٹریوس ہیڈ پلیئر آف دی میچ رہے

photo;INN
تصویر :آئی این این

ہندوستان کا آئی سی سی ٹرافی جیتنے کا خواب ایک بار پھر ٹوٹ گیا۔ آسٹریلیا نے اتوار کو ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل میں ہندوستان کو۲۰۹؍ رن  سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ آسٹریلیا نے ہندوستان کے سامنے۴۴۴؍ رن کا بڑا ہدف دیا جس کے جواب میں ہندوستانی ٹیم ۵؍ویں دن اتوار کو ۲۳۴؍رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس جیت کے ساتھ ہی آسٹریلیا آئی سی سی کے تمام خطاب جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
 آسٹریلیا کی فتح میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے ناتھن لاین   دوسری اننگز میں ۴؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ اسکاٹ بولینڈ نے۳؍ وکٹ لئے۔ مشیل اسٹارک کو ۲؍ جبکہ کپتان پیٹ کمنس کو بریک تھرو ملا۔ اس سے قبل مین آف دی میچ  ٹریوس ہیڈ (۱۶۳؍رن) اور اسٹیو اسمتھ (۱۲۱؍رن) نے پہلی اننگز میں سنچریاں بنا کر آسٹریلیا کی فتح کی بنیاد رکھی۔
 ہندوستان کو اتوارکے دن کے آغاز پر۲۸۰؍ رن درکار تھے اور اس کے ۷؍  وکٹ باقی تھے۔ لندن کے اوول گراؤنڈ پر موسم کھلا ہوا تھا لیکن وراٹ کوہلی کے آؤٹ ہونے سے ہندوستان کے وکٹوں کے گرنے کا آغاز ہوا۔ دن کے پہلے ۵؍ اوور تحمل سے کھیلنے کے بعد کوہلی کو اسکاٹ بولینڈنے کیچ کروایا۔ اس موقع پر کوہلی نے آؤٹ ہونے سے گریز کیا لیکن ۲؍ گیندوں بعد وہ کورس پر شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اسٹیو اسمتھ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ کوہلی نے۷۸؍ گیندوںپر ۷؍ چوکے لگا کر۴۹؍ رن بنائے۔ بولینڈ نے اسی اوور میں رویندر جڈیجا کو صفر پر آؤٹ کرکے ہندوستان کی جیت کے امکانات کو تقریباً ختم کر دیا۔ ہندوستان کے آخری تجربہ کار بلے باز اجنکیا رہانے میچ میں اپنی دوسری نصف سنچری کی طرف بڑھ رہے تھے لیکن الیکس کیری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ رہانے نے ۱۰۸؍ گیندوں پر۴۸؍ رن کی اننگز کھیلی اور ان کے وکٹ کے ساتھ ہی ہندوستان کی جیت کے امکانات ختم ہوگئے۔
 اگلے ہی اوور میں شاردُل ٹھاکر بھی صفر کے اسکور پر لاین کا شکار بنے۔لاین  نے اپنی ہی گیند پر بھرت کا کیچ پکڑا جب کہ اس سے قبل اسٹارک نے اُمیش یادو کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔لاین  نے محمد سراج کا وکٹ لے کر ہندوستانی اننگز کا خاتمہ کردیا۔تجربہ کارمحمد سمیع نا ٹ آؤٹ رہے۔ 

Australian Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK