Inquilab Logo

ہندوستانی خواتین نے بنگلہ دیش کو روند دیا

Updated: July 10, 2023, 5:10 PM IST | Dhaka

سیریز کے پہلے ٹی ۲۰؍ میں مہمان ٹیم نے میزبان کو ۷؍وکٹ سے شکست دی۔ پلیئر آف دی میچ ہرمن پریت کور کی نصف سنچری

Team India captain Harmanpreet Kaur
ٹیم انڈیا کی کپتان ہرمن پریت کور

 کپتان ہرمن پریت کور (ناٹ آؤٹ۵۴؍رن) کی نصف سنچری اور اسمرتی مندھانا (۳۸؍رن) کے ساتھ ان کی ۷۰؍ رن کی شراکت کی بدولت ہندوستان نے پہلے خواتین ٹی ۲۰؍ میں اتوار کو بنگلہ دیش کے خلاف ۷؍وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی۔ بنگلہ دیش نے ہندوستان کے سامنے ۱۱۵؍  رن کا معمولی ہدف رکھا جسے ہرمن پریت کی ٹیم نے ۱۶ء۲؍ اوور میں ۳؍ وکٹ   کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس یکطرفہ کامیابی  میں ہرمن پریت نے ۲؍ چھکوں اور ۶؍ چوکوں کی مدد سے۳۵؍ گیندوں پر ۵۴؍ناٹ آؤٹ رن بناتے ہوئے مندھانا کے ساتھ تیسرے وکٹ کیلئے۷۰؍ رن کی شراکت کی۔ مندھانا ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی آؤٹ ہوگئیں لیکن ہرمن پریت نے۱۷؍ویں اوور کی دوسری گیند پر چوکا لگا کر ہندوستان کو جیت دلادی۔
 ہندوستان نے ٹاس جیت کر گیندبازی کا فیصلہ کیا اوررنوں پر کنٹرول کرتے ہوئے  پاور پلے میں شمیمہ سلطان (۱۳؍ گیند،۱۷؍ رن) کا وکٹ نکالا۔ ابتدائی ۴؍ اوورس میں صرف۱۶؍ رن بنانے کے بعد شمیمہ نے اپنا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے والی مینو مانی کو ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا، تاہم اوور کی چوتھی گیند پر وہ جمائما روڈریگز کے ہاتھوں کیچ ہو کر پویلین لوٹ گئیں۔
 پاور پلے کے بعد ساتھی رانی نے ۷؍ویں اوور میں امنجوت کور کو ۳؍ چوکے لگا کر رن ریٹ بڑھانا چاہا لیکن وہ بھی آؤٹ ہونے سے پہلے۲۶؍ گیندوں پر ۲۲؍ رن ہی بنا سکیں۔ بنگلہ دیش کی اننگز میں بڑی شراکت کا نہ ہونا ان کا سب سے بڑا مسئلہ تھا۔ کپتان نگار سلطان ۷؍ گیندوں پر ۲؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ شورنا اختر کے ساتھ چوتھے وکٹ کیلئے۲۱؍ رن  جوڑنے کے بعد شوبھنا موستاری بھی  رن آؤٹ ہوگئیں۔
 شوبھنا نے۳۳؍گیندیں کھیلیں لیکن وہ ۲؍ چوکوں کی مدد سے۲۳؍ رن ہی بنا سکیں۔ شورنا نے بالآخر ریتو مونی کے ساتھ ۵؍ویں وکٹ  کیلئے ۳۳؍ رن کی شراکت کرکے ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچایا۔ ریتو (۱۳؍ گیند،۱۱؍ رن) آخری اوور کی پانچویں گیند پر رن آؤٹ ہوگئیں جبکہ شورنا۲۸؍ گیند پر ۲؍ چھکوں کی مدد سے۲۸؍رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ مینوں نے ۳؍ اوور میں۲۱؍ رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا  جبکہ پوجا وستراکر (۴؍ اوور،۱۶؍ رن) اور شیفالی ورما (۳؍ اوور،۱۸؍ رن) کو بھی ایک ایک وکٹ ملا۔
 ہندوستان کیلئے ہدف کا تعاقب کرنے اتریں شیفالی ورما کو معروفہ اختر نے صفر پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ جمائما روڈریگز نے۱۴؍ گیندوں پر دو چوکے لگائے لیکن وہ بھی سلطانہ خاتون کے ہاتھوں بولڈ ہونے سے پہلے صرف۱۱؍رن بنا سکیں۔ مندھانا نے تاہم دوسرے کنارے سے اپنا حملہ جاری رکھا اور پاور پلے میں ہندوستان نے۴۱؍ رن بنالئے۔بنگلہ دیش کے گیند بازوں نے اسپن کے استعمال سے ہندوستان کے رن ریٹ پر لگانی چاہی، تاہم ہرمن پریت اور مندھانا نے وقفے وقفے سے باؤنڈریز لگا کر اننگز کو آگے بڑھادیا۔ میزبان ٹیم کے پاس۱۲؍ویں اوور میں ہرمن پریت کو آؤٹ کرنے کا موقع تھا لیکن سلطانہ خاتون اپنی ہی گیند پر کیچ نہ کر سکیں۔ ہرمنپریت نے  ایک موقع  ملنے کے فوراً بعد ۱۳؍ویں اوور میں رابعہ خان کو ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا۔ اگلے اوور میں آگے بڑھ کر کھیلنے کی کوشش میں مندھانا (۳۴؍گیند، ۵؍ چوکا،۳۸؍ رن) آؤٹ ہو گئیں، جس کے بعد ہرمن پریت نے یاستیکا بھاٹیہ (۹؍رن) کے ساتھ مل کر ہندوستان کو جیت دلائی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK