• Wed, 18 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہند-فرانس تعلقات نئی بلندیوں پر، اہم شعبوں میں شراکت کو وسعت دینے کا فیصلہ

Updated: February 18, 2026, 7:50 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ممبئی میں وزیر اعظم مودی کی فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس،کہا’’ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی کوئی حد نہیں ہے، ہندوستان ہر خطے میں امن کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا‘‘

PM Modi and President Macron virtually inaugurate helicopter assembly line
وزیر اعظم مودی اور صدر میکرون نے ہیلی کاپٹر اسمبلی لائن کا ورچوئل افتتاح کیا

فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون جو اس وقت ہندوستان کے اعلیٰ سطحی دورے پر ہیں اور ممبئی پہنچے ہیں، کے ساتھ وزیر اعظم مودی نے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرانس  ہندوستان کا قدیم ترین اور قابلِ اعتماد اسٹریٹجک شراکت دار ہے۔ صدر میکرون کے ساتھ مل کر ہم نے اس شراکت داری کو بے مثال گہرائی اور نئی توانائی دی ہے۔ ہندوستان اور فرانس کے درمیان تعلقات کی کوئی حد نہیں، ہم ہر شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔اس سے قبل وزیر اعظم مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں صدر میکرون  کا پرتپاک خیرمقدم کیا، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان قریبی ذاتی تعلقات پر زورتھا۔ نریندر مودی نے لکھا کہ’’ ہندوستان میں خوش آمدید! ہندوستان آپ کے دورہ اور ہمارے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا منتظر ہے۔ آپ سے ممبئی اور بعد میں دہلی میں ملیں گے، میرے پیارے دوست ایمانوئل میکرون۔‘‘
ہیلی کاپٹروں کا اعلان 
 وزیراعظم  نے اعلان کیا کہ ہندوستان اور فرانس مل کر ایچ- ۱۲۵؍ ہیلی کاپٹر تیار کریں گے، جو ماؤنٹ ایورسٹ کی بلندی تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھےگا۔ یہ دنیا کا اپنی نوعیت کا پہلا ہیلی کاپٹر ہوگا جسے ہندوستان میں تیار کیا جائے گا اور عالمی منڈی میں برآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کے صنعتی اور دفاعی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ حالیہ آزاد تجارتی معاہدے سے بھی دوطرفہ تعلقات کو نئی رفتار ملے گی اور اقتصادی تعاون میں اضافہ ہوگا۔ دونوں ممالک صنعت، تحقیق اور تعلیم کے میدان میں قریبی تعاون کریں گے۔ طلبہ اور محققین کے تبادلے کو مزید آسان بنایا جائے گا  ۔
۲۰؍ سے زائد معاہدے 
 اس موقع پرفرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور وزیر اعظم مودی کے درمیان ممبئی میں دو طرفہ ملاقات کے دوران، دفاع، ٹیکنالوجی، اختراعات اور توانائی کے شعبوں میں۲۰؍ سے زیادہ معاہدے طے پائے۔دفاع، اسکلنگ، ٹیکنالوجی اور صحت جیسے اہم شعبوں میں طے پانے والے ان معاہدوں سے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی مضبوطی ملے گی۔ ماہرین کے مطابق یہ سمجھوتے نہ صرف دفاعی تعاون کو وسعت دینگے بلکہ ہنرمندی کی ترقی، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور صحت کے شعبے میں مشترکہ تحقیق کو بھی تقویت دینگے۔واضح رہے کہ فرانس پہلے سے ہی ہندوستان کیلئے ایک اہم دفاعی شراکت دار ہے۔  
عالمی صورتحال کا ذکر
 وزیراعظم مودی نے یوکرین، مغربی ایشیا اور انڈو پیسفک کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان  ہر خطے میں امن کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ دہشت گردی کی ہر شکل کو جڑ سے ختم کرنا  ہندوستان اور فرانس کا مشترکہ عزم ہے۔انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ موجودہ عالمی غیر یقینی حالات میں ہندوستان اورفرانس شراکت داری عالمی استحکام کے لئے ایک مضبوط اور مثبت قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔
میکرون کو ممبئی شہر پسند آیا ! 
 واضح رہےکہ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون وزیر اعظم مودی کی دعوت پر۱۷؍ سے۱۹؍ فروری تک تین روزہ سرکاری دورے پر پیر کی شام ممبئی پہنچےجہاں مہاراشٹر کے گورنر آچاریہ دیوورت اور وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ان کا خیرمقدم کیا۔وزیر اعظم مودی نے بتایا کہ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے ممبئی کے بارے میں اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا ہے اور لوک بھون میں سرکاری مصروفیات سے قبل  مرین ڈرائیو پر صبح کی دوڑ سے بھی لطف اندوز ہوئے۔ دونوں لیڈروں کی ملاقات  لوک بھون میں ہوئی جہاں باضابطہ دو طرفہ مذاکرات کا انعقاد کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK