Inquilab Logo

جوفرا آرچر کی عدم موجودگی انگلینڈ کیلئے جھٹکا ثابت ہوگی

Updated: May 19, 2023, 3:35 PM IST | Melbourne

آسٹریلیا کے سابق کپتان نے کہا کہ آرچر ایسے گیندباز ہیں جن کا سامنا کوئی بھی بلے باز کرنا پسند نہیں کرتا

Former Australian captain Alan Border
آسٹریلیائی ٹیم کے سابق کپتان ایلن بارڈر

 آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ایلن بارڈر کا خیال ہے کہ تیز گیند باز جوفرا آرچر کا انگلینڈ کے گھریلو سیزن سے باہر ہونا ٹیم کیلئے ایک بڑا جھٹکا ثابت ہو گا۔واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم   ایجبسٹن میں ۱۶؍ جون سے ایشیز سیریز دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کر ےگی۔ جوفرا آرچر اپنی دائیں کہنی میں تکلیف کے سبب ایشز اور انگلینڈ کے بقیہ کرکٹ کے موجودہ  سیزن سے محروم ہوں گے۔ یاد رہے کہ  کوہنی میں تکلیف کی وجہ سے وہ  آئی پی ایل ۲۰۲۳ءمیں ممبئی انڈینس  ٹیمسے بھی باہر ہو گئے ہیں۔جوفراآرچر نے مارچ ۲۰۲۱ءسے انگلینڈ کیلئے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا ہے اور تقریباً ۲؍سال تک کہنی اور کمر کی تکلیف سے پریشان رہنے  کے بعد اس سال کے شروع میں بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آئے تھے۔
 ’فاکس کرکٹ ‘نے ایلن بارڈر کے حوالے سے کہا کہ’’آرچر نے پچھلی سیریز میں ہماری ٹیم کے بلے بازوں کو کافی پریشان کیا تھا۔اسی لئے آئندہ ایشیز سیریز میں ان کا نہ کھیل پانا   انگلینڈ کے لیے ایک بڑا جھٹکا ثابت ہوگا۔ انگلینڈ کی ٹیم میں جوفرا کا نہ ہونا آسٹریلیا کیلئے اچھی بات کہی جا سکتی ہے ۔سبھی جانتے ہیں کہ جوفرا مخالف ٹیم کے بلے بازوں کو کتنا پریشان کرتے ہیں۔ کسی بھی وکٹ پر وہ اچھی گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ ان کے پاس اتنی تیز رفتاری ہے کہ کوئی بھی بلے باز ان کا سامنا کرنا پسند نہیں کرتا ہے۔
 آرچر نے انگلینڈ میں ۲۰۱۹ءکی ایشز میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا،جس میں ۲۰ء۲۷؍کے اوسط سے  انہوںنے  ۲۲؍وکٹیں حاصل کی تھیں۔اُس سیریز میں انگلینڈ کی ۲؍ٹیسٹ میچ کی کامیابی میں جوفراآرچر ۶۔۶؍ وکٹیں حاصل کی تھیں ۔
 یہ واقعی انگلینڈ کیلئے ایک بڑا دھچکا ہے۔ وہ ایک ایسے گیندباز ہیں جو اپنے بل بوتے پر انگلینڈ کیلئے سیریز جیت سکتے ہے۔ وہ ان  خطرناک گیند بازوں میں سے ایک  ہیں جن کا سامنا  بلے باز نہیں کرنا چاہتے، خاص طور پر انگلینڈ میں۔آسٹریلیا کے سابق آل راؤنڈر برینڈن جولین نے کہا کہ یہ ایک شرم کی بات ہے کہ وہ سیریز میں نہیں ہیں کیونکہ چاہے آپ آسٹریلیائی ٹیم میں ہوں یا انگلش ٹیم میں، آپ چاہتے ہیں کہ ایسے کھلاڑی وہاں دستیاب ہوں۔ یہ سیریز کیلئے بہت مایوس کن ہے۔
 آسٹریلیا نے ۲۰۰۱ءکے بعد سے انگلینڈ میں ایشز سیریز نہیں جیتی ہے جبکہ بین اسٹوکس کی قیادت والی ٹیم ۲۰۱۵ءکے بعد پہلی بار ایشز سیریز دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ ایجبسٹن کے پہلے ایشز ٹیسٹ کی میزبانی کے بعد،باقی ٹیسٹ لارڈس، ہیڈنگلے، اولڈ ٹریفورڈ اور اوول میں  کھیلے جائیں گے۔
  قابل ذکر ہے کہ آرچر کہنی میں اسٹریس فریکچر کی وجہ سے ۲۰۔۲۰۱۹ء میں جنوبی افریقہ کے دورے سے باہر ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے۔ اس کے بعد انہیں ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۱ء اور ایشیز ۲۰۲۱ء سے بھی باہر رہنا پڑا تھا۔آرچر کو اس سیزن میں آئر لینڈ کے خلاف ہونے والے واحد ٹیسٹ میچ کےلئے انگلینڈ کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن کوہنی میں تکلیف کے سبب انہیں ٹیم سے باہر کردیا گیا ۔اس کے بعد انہیں موجودہ سیزن کیلئے ہی ٹیم سے باہر رکھ کر انہیں ریہاب کا مشورہ دیا گیا ہے۔
 تیز گیندباز جوفرا آرچر کے انگلینڈ کی ٹیم سے باہر ہونے کی وجہ سے ایشیز میں اس کی امیدوں کو جھٹکا لگ سکتا ہے۔وہ ٹیم کے اہم گیندباز ہیں اور گھریلو میدان پر کسی بھی ٹیم کے بلے بازوں کو پریشان کرنےکی صلاحت رکھتے ہیں۔جوفرا کے ٹیم میں نہ ہونے سے جہاں انگلینڈ کو دشواری پیش آسکتی ہے وہیں آسٹریلیائی ٹیم ان کی عدمموجودگی  کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرےگی۔

melbourne Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK