Inquilab Logo

مدھوال کے’پنچ‘ سے لکھنؤ بے حال،ممبئی کی آسان جیت

Updated: May 26, 2023, 1:18 PM IST | New Delhi

ممبئی انڈینس کے گیندباز آکاش مدھوال نے ۵؍وکٹیں حاصل کیں،لکھنؤ سپر جائنٹز کی ۸۱؍رنوں سے شکست،لگاتار دوسری مرتبہ الیمینیٹرمقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا

Mumbai Indians bowler Akash Madhwal was declared Man of the Match for his brilliant bowling.
ممبئی انڈینس کے گیندباز آکاش مادھوال کو ان کی شاندار گیندبازی کیلئے مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

 ؍۵ بار کی چمپئن ممبئی انڈینس نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو۸۱؍رنوں شکست دے کر آئی پی ایل کے کوالیفائر ۔۲؍میں جگہ بنا لی، جہاں جمعہ کو اس کا مقابلہ دفاعی چمپئن گجرات ٹائٹنز  سےہوگا۔ ممبئی کی جیت کے ہیرو نوجوان  تیز گیندباز آکاش مدھوال تھے جنہوں نے صرف ۵؍ رن پر لکھنؤ کی آدھی ٹیم کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ مدھوال آئی پی ایل کی تاریخ کے پہلے گیندباز ہیں جنہوں نے پلے آف میچ میں ۵؍وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے ساتھ ہی لکھنؤ کی ٹیم ایک بار پھر ایلیمینیٹر سے آگے نہیں بڑھ سکی۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال انہیں آر سی بی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ پہلا موقع ہے جب ممبئی انڈینس  نے لکھنؤ  سپر جائنٹزکو شکست دی ہے۔ اس سے قبل یہ دونوں ٹیمیں ۳؍ بار آمنے سامنے ہوئیں، تینوں میں لکھنؤ نے کامیابی حاصل کی تھی۔ 
نوجوان گیند بازوں کی چمک
 یہ میچ ۲؍ نوجوان  تیز گیندباز آکاش مدھوال اور نوین الحق کے نام رہا۔ پہلے افغانستان کے بولر نوین نے ممبئی کے ۴؍ بلے بازوں کو آؤٹ کر کے آئی پی ایل میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ نوین الحق کے بعد آکاش مدھوال کی باری تھی جنہوں نے اپنی گیند بازی سے لکھنؤ کے بلے بازوں کو  بے حال کر دیا۔ اپنا پہلا آئی پی ایل کھیلتے ہوئے، اتراکھنڈ کے اس گیند باز کو ممبئی نے صرف ۲۰؍ لاکھ روپے میں خریدا تھا۔
  مدھوال نے چنئی کے خلاف اپنی گیند بازی سے متاثر کیا تھا۔ جہاں انہیں صرف ایک اوور کرنے کا موقع ملا اور صرف ۴؍  رن کے عوض ایک وکٹ حاصل کیا تھا۔ اس کے بعد مدھوال نے گجرات کے خلاف ۳؍ وکٹ لئے۔ جوفرا آرچر کے زخمی ہونے کے بعد ممبئی نے اس نوجوان کو آخری۱۱؍ میں جگہ دی۔یاد رہے کہ حیدرآباد کے خلاف گزشتہ میچ میں آکاش نے ۴؍ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ آکاش مدھوال نے لکھنؤ کے خلاف اپنے آئی پی ایل کریئر کی بہترین کارکردگی پیش کی۔ انہوں نے اس سیزن میں ۷؍ میچوں میں ۱۳؍وکٹیں حاصل کی ہیں۔
 بکھری لکھنؤ کی ٹیم
  بڑے اسکور کا تعاقب کرتے ہوئے لکھنؤ کی ٹیم دباؤ میں بری طرح بکھر گئی۔ بلے بازوں کے درمیان ہم آہنگی کا فقدان صاف نظر آرہا تھا۔ دیپک ہڈا، مارکس اسٹونس اور کرشنپا گوتم رن آؤٹ ہوئے۔ اسٹونس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز ۲۰؍سے زیادہ سکور نہ کر سکا۔ ۷؍ بلے باز دوہرے ہندسے کو بھی نہ چھو سکے۔ 
گرین  اور سوریہ نے ممبئی کو سنبھالا
  ممبئی کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے  بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ ممبئی کی شروعات اچھی نہیں  رہی اور اس نے کپتان روہت شرما اور ایشان کشن کی وکٹیں جلد گنوا دیں۔  سوریہ کمار یادیو اور کیمرون گرین  نےایک بار پھر ممبئی انڈینس کو بحران سے باہر نکالنے کی کوشش کی۔  دونوں نے تیسرے وکٹ کے لئے ۶۰؍رنوں کی شراکت داری  نبھاتے ہوئے ٹیم کا اسکور ۱۰؍ اوور میں ۲؍ وکٹ پر ۹۸؍  رنوں تک پہنچا دیا۔ گزشتہ میچ میں سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف سنچری بنا کر ٹیم کو پلے آف میں لے جانے والے گرین نے سب سے زیادہ ۴۱؍رن بنائے۔ اسی دوران سوریہ ۳۳؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد تلک ورما (۲۶) اور نہال  وڈھیرا (۲۳) نے بھی ممبئی کے لئے مفید اننگز کھیلی۔ ممبئی نے ۱۸۲؍رن بنائے جو کہ آئی پی ایل میں  بغیر کسی ہاف سنچری کےکسی بھی ٹیم کا سب سے  بڑا  اسکور ہے۔
مدھوال پر اعتماد تھا:روہت شرما
  ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما نے میچ کے بعد کہا کہ انہیں مدھوال سے ’کام پورا کرنے کی توقع تھی اور ایک کپتان کے طور پروہ ہمیشہ نوجوان کھلاڑیوں کو آرام دہ محسوس کرانا چاہتے ہیں۔مجھے پوری امید تھی کہ ہم دوسرے کوالیفائر میں پہنچ جائیں گے۔ آکاش مدھوال پچھلے سیزن میں بھی ٹیم کا حصہ تھا لیکن اسے کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ ہمیں معلوم تھا کہ وہ کیا کر سکتا ہے اور آج اس نے کارنامہ کر دکھایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK