Inquilab Logo

آج یوروپا لیگ کے خطاب کیلئے مانچسٹر یونائٹیڈ اور ویلا ریئل میں معرکہ

Updated: May 26, 2021, 3:12 PM IST | Agency | Gdańsk/Poland

انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونائٹیڈ ۳؍سال میں پہلی بار کسی کپ کے فائنل میں مقابلہ کرے گا۔ ویلا ریئل فٹبال کلب بھی یونائی ایمری کی رہنمائی میں یونائٹیڈ کو زیر کرناچاہے گا

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

مانچسٹر یونائٹیڈ  فٹبال کلب  ۳؍سال میں پہلی بار کسی کپ کا فائنل کھیلنے والاہے اور وہ بدھ کی دیر رات یوروپا لیگ کے خطابی مقابلے میں  اسپینش فٹبال کلب ویلا ریئل کاسامنا کرنے والا ہے۔  ویلا ریئل کے منیجر یونائی ایمری ہیں   جو یوروپا لیگ کے فاتح ہیں، وہ مانچسٹر یونائٹیڈ کے خلاف اپنی ٹیم کی رہنمائی کریں گے۔ ہفتے کے وسط میں وہ اور ان کی ٹیم یونائٹیڈ کو شکست دے کر خطاب پر قبضہ کرنے کے ساتھ ساتھ چمپئن لیگ کے اگلے سیزن میں  براہ  راست کوالیفائی  کی کوشش کریںگے۔  ویلا ریئل کو یونائی ایمری کی سابقہ ٹیم آرسنل سے سیمی فائنل میں مقابلہ کرنا پڑا تھا اور  اس نے لندن کے کلب کو شکست دے کر ایک اور انگلش کلب سے خطابی مقابلہ طے کرلیا تھا۔  اسپینش لیگ لالیگا کے آخری میچ ڈے کے موقع پر ویلا ریئل کو ریئل میڈرڈ فٹبال کلب سے ایک۔۲؍ سے شکست کا سامنا کرناپڑا تھا۔ لیکن اس ٹیم کا سیمی فائنل کے دو مرحلوں کے مقابلوں میں آرسنل کے خلاف مظاہرہ اچھا تھاجو اسے مانچسٹر یونائٹیڈ کے خلاف بہتر کارکردگی کیلئے ترغیب دے گا۔ 
 اسپینش کلب یوروپا لیگ کے اس سیزن میں ناقابل شکست رہا ہے۔ یونائی ایمری کی ٹیم نے ۱۴؍میچوںمیں سے ۱۳؍میں گول کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے کے میچ میں یہ ٹیم آرسنل کے خلاف گول کرنے میں ناکام رہی تھی۔ بس یہی ایک میچ تھا جس میں ویلا ریئل کے کھلاڑی گول کرنے میں ناکام رہے۔ یہ میچ صفر۔ صفر اسکور پر ختم ہوا تھا۔ اگر بدھ کی دیر رات  ویلا ریئل کا کلب جیت جاتاہے تو یونائی ایمری کا یہ چوتھا یوروپا لیگ خطاب ہوگا۔ 
 دوسری طرف منیجر اولے گنرس سولشائرکی ٹیم  یونائٹیڈ کے کھلاڑیوں نے اس سیزن میں اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے اور وہ انگلش پریمیر لیگ میں دوسرے نمبرپر رہے تھے۔ یہ ٹیم چمپئن لیگ کے اگلے سیزن کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ اب اس کے پاس یوروپا لیگ کی شکل میں سیزن میں ایک خطاب جیتنے کا سب سے اچھا موقع ہے۔ پریمیر لیگ کے آخری میچ ڈے پر سولشائر نے اپنے چند اہم کھلاڑیوں کو آرام دیا تھاتاکہ وہ یوروپا لیگ کے فائنل کیلئے تازہ دم رہیں۔ 
 ای پی ایل کے آخری میچ میں یونائٹیڈ کے نوجوان کھلاڑی انتھونی ایلانگا نے ایک گول کیا تھا اور جوآن ماتا نے بھی اس میچ میں اچھا مظاہرہ کیا۔اس وقت یونائٹیڈ کے کھلاڑی بھی مضبوط پوزیشن میںہیں۔ یونائٹیڈ کا منیجر بننے کے بعد سولشائر نے اب تک کوئی خطاب نہیں جیتا ہے۔ سیمی فائنل میں مانچسٹر یونائٹیڈ کی ٹیم نے  روما کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا تھا اور اسے ۲۔۶؍ سے اپنے گھریلو میدان پر  شکست دی تھی۔ اس کامیابی کے بعد یونائٹیڈ کا کلب فائنل کیلئے فیوریٹ قرار دیا جارہاہے۔  مانچسٹر یونائٹیڈ اور ویلا ریئل کے درمیان اب تک ۴؍میچ ہوئے ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ سبھی چمپئن لیگ کے ٹورنامنٹ میں ہوئے تھے ۔ سب سے عجیب بات یہ ہے کہ یہ سبھی مقابلے بغیر گول کے ختم ہوئے تھے۔ اس  لئے فائنل میں دونوں کا پلڑا برابر رہنے کا امکان ہے۔ 
 اسپین کے فٹبال کلب ویلا ریئل کی جانب سے سیموئل چک ویوز اور جوآن فوئتھ فائنل میں کھیلنے سے قاصر ہیں کیونکہ ان کے پٹھوں میں تکلیف ہے۔ مڈفیلڈر ونسینٹ ایبورا دسمبر سے ٹیم سے باہر ہیں اور وہ فائنل میں بھی ٹیم کی جانب سے نہیں کھیل سکیں گے۔ 
 مانچسٹر یونائٹیڈ کیلئے ہیری ماگیرے کی  انجری تشویش کا باعث ہے۔ حالانکہ وہ صحت یاب  ہورہے ہیں ۔ ان کے تعلق سے فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔ سولشائر نے بھی واضح کردیا ہے کہ  وہ یونائٹیڈ کے کپتان کے تعلق سے زیادہ امیدنہیں کررہے ہیں کیونکہ ان کی چوٹ گہری ہے۔ ان کے علاوہ انتھونی مارشل اور فل جونس انجری کے سبب ٹیم سے باہر رہیں گے۔
 یونائٹیڈ کے منیجر اولے گنرس کو امید ہے کہ ان کی ٹیم ویلا ریئل کو شکست دے گی۔ اولے گنرس نے کہاکہ ہم نے ای پی ایل میں اپنا آخری میچ  ایک ۔۲؍ سے جیت لیا تھا ، اس فتح کی وجہ سے ٹیم کے کھلاڑیوں کا اعتماد بہت زیادہ بڑھا ہے اور وہ اچھے کھیلنے کیلئے  تیارہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری ٹیم میں ایڈنسن کوانی ، پال پوگبا اور برونو فرنانڈیس جیسے تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور وہ اسپینش کلب کے خلاف میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK