Inquilab Logo

لیورپول فٹبال کلب کی فتح میں محمد صلاح نے بھی ایک گول کیا

Updated: February 15, 2023, 1:45 PM IST | Liverpool

ای پی ایل کے میچ میں لیورپول نے ایورٹن کلب کو ۰۔۲؍گول سے شکست دے کر ۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔ ایک گول فاتح کلب کیلئے گیکپو نے کیا

photo;INN
تصویر :آئی این این

: لیورپول فٹبال کلب نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل) کے فٹبال میچ میں ایورٹن کلب کو۰۔۲؍گول  سے شکست دے دی۔ تجربہ کار محمد صلاح اور کوڈی کیگپو نے ایورٹن کے خلاف  گول کرکے میزبان ٹیم کو فاتح بنانے میں اہم رول ادا کیا۔ یہ ٹیم کے منیجر کی حیثیت سے یورگین کلوپ کی ۲۵۰؍ ویں جیت تھی۔ لیورپول کی ٹیم  جو خراب فارم  سے گزر رہی ہے، نے ای پی ایل میں اس کیلنڈر سال (۲۰۲۳ء) میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کی ہے۔
 ٹیم نے اس سال مختلف ٹورنامنٹس میں ۸؍ میچ کھیلے ہیں اور یہ صرف دوسری جیت ہے۔ قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء  میں  متاثر کن کھیل پیش کرنے والے نیدرلینڈس کے۲۳؍ سالہ کھلاڑی کوڈی کیگپونے اس میچ میں لیور پول کے لئے پہلا گول کیا۔ کیگپو نے جنوری میں لیورپول میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے میچ کے ۴۹؍ویں منٹ میں ٹیم کی برتری کو دُگنا کردیا۔ 
 اس سے قبل ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی محمد صلاح نے ۳۶؍ویں منٹ میں لیور پول کو برتری دلائی تھی۔ انہوں نے نیونیز کی مدد سے ٹیم کیلئے پہلا گول کیا ، جس کے بعد لیورپول کے کھلاڑیوں نے مسلسل آگے بڑھ کر کھیلنا شروع کیا اور حریف ٹیم پر دباؤ ڈالا۔ جس کا فائدہ اسے دوسرے ہاف میں ملا اور کیگپو نے بھی ایک گول کیا۔ اس فتح کے بعد لیورپول کو ۳؍پوائنٹس ملے ہیں او روہ ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر کرنے میں کامیاب رہا ہے۔  اس وقت لیورپول کی ٹیم پوائنٹ ٹیبل پر ۹؍ویں نمبرپر ہے اور اس کے ۲۱؍میچوں میں ۳۲؍پوائنٹس ہیں۔ یہ ٹیم ٹاپ پوزیشن پر موجود آرسنل سے بہت پیچھے ہے۔ آرسنل کے ۲۱؍ میچوں میں ۵۱؍ پوائنٹس ہیں۔ 
 اس سیزن میں لیورپول کے ٹاپ ۴؍ میں شامل ہونے کا امکان کم ہے۔ وہ پہلے ہی خطاب کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے اور اب اس کے پاس ٹاپ ۵؍ یا ۶؍ میں شامل ہونے کا موقع رہے گا کیونکہ سیزن ختم ہونے میں ابھی کافی وقت ہے۔ اس سیزن میں اس کے خطاب جیتنے کا موقع یوئیفا چمپئن لیگ میں ہے اور ناک آؤٹ مرحلے میں اسے ریئل میڈرڈ فٹبال کلب جیسی مضبوط ٹیم سے مقابلہ کرنا ہے۔ چمپئن لیگ کا ناک آؤٹ  مقابلہ اگلے ہفتے کھیلا جائے گاتب تک لیورپول کو اپنے کھیل کو بہتر کرنا ہوگا۔
  اس میچ میں لیورپول کے چند اسٹا ر کھلاڑیوں کو باہر رہنا پڑا تھا کیونکہ وہ مکمل فٹ نہیں تھے، ان میں ٹیم کے اسٹار دفاعی کھلاڑی ورجل وین دایک بھی شامل تھے اس لئے انہیں متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے میدان نہیں بھیجا گیا۔ میچ کے بعد لیورپول کے منیجر یورگین کلوپ نے کہاکہ ہم نے جس کھلاڑی جنوری میں ٹیم میں شامل کیا تھا اس نے ہی گول کیا۔ مجھے خوشی ہےکہ کیگپو ٹیم کیلئے مستقبل میں کارآمد ثابت ہوں گے اور اپنے کھیل سے کلب کی ترقی میں اہم رول ادا کریں گے۔ انہوں نے میچ کے بارے میں کہا کہ ہم نے ایورٹن کے خلاف ۷۰؍فیصد گیند پر قبضہ  کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی ہمار ے کھلاڑیوں نے ۲؍ مواقع بنائے تھے اور دونوں پر گول کرکے ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا تھا۔

Liverpool Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK