Inquilab Logo

سنسنی خیز مقابلے میں نیوزی لینڈ نے آئرلینڈ کو شکست دی

Updated: July 17, 2022, 10:26 AM IST | Dublin

مہمان ٹیم نیوزی لینڈ نے ایک رن سے کامیابی حاصل کرلی اور ون ڈے سیریز پر صفر۔۳؍ سے قبضہ کرلیا

The New Zealand team can be seen with the trophy
نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ دیکھا جاسکتاہے

 پال اسٹرلنگ (۱۲۰؍ رن) اور ہیری ٹیکٹر (۱۰۸؍رن) کی سنچریوں کے باوجود آئرلینڈکی ٹیم تیسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ایک رن سے ہار گئی۔
 جمعہ کو ڈبلن میں کھیلے جانےوالے میچ میں نیوزی لینڈ نے آئرلینڈ کے سامنے۳۶۱؍رن کا ہدف دیا تھا تاہم آئرلینڈ کی ٹیم۵۰؍اوورس میں صرف ۳۵۹؍ رن ہی بنا سکی۔
 ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنرس مارٹن گپٹل اور فل ایلن نے بلیک کیپس کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ ایلن (۳۳؍رن) کے آؤٹ ہونے سے قبل دونوں نے۷۸؍ رن کی شراکت کی۔ گپٹل نے کپتان ٹام لاتھم (۳۰؍رن) کے ساتھ۶۰؍رن  بنائے اور ہنری نکولس (۷۹؍رن) کے ساتھ۹۶؍ رن  کی شراکت کی۔ اس دوران گپٹل نے اپنی سنچری بھی مکمل کرلی۔ انہوں نے ۱۲۶؍ گیندوں پر۱۵؍چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے۱۱۵؍رن بنائے۔ آخر میں گلین فلپس نے ۳؍ گیندوں پر۵؍ چوکوں اور۲؍  چھکوں کی مدد سے ۴۷؍ رن کی شاندار اننگز کھیل کر نیوزی لینڈ کو۵۰؍ اوورس میں ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر ۳۶۰؍رن تک پہنچا دیا۔
 اس بڑے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کے کپتان اینڈریو بالبرنی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ تاہم پال اسٹرلنگ نے سنچری بنا کر آئرلینڈ کو میچ میں برقرار رکھا۔اسٹرلنگ نے۱۰۳؍گیندوں پر ۱۲۰؍رن  بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں۱۴؍ چوکے اور ۵؍ چھکے لگائے۔اس کے بعد نوجوان بلے باز ہیری ٹیکٹر نے بھی سنچری بنا کر میچ میں آئرلینڈ کی پوزیشن مضبوط کردی۔ انہوں نے ۱۰۶؍گیندوں پر۔۷؍چوکوں اور ۵؍چھکوں کی  مدد سے۱۰۸؍ رن بنائے۔ جب ۴۴؍ ویں اوور میں ٹیکٹر آؤٹ ہوئے تو آئرلینڈ کو جیت کیلئے ۳۹؍ گیندوں پر ۶۱؍رن درکار تھے۔ ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ آئرلینڈ میچ سے باہر ہوگیا ہے لیکن جارج ڈوکریل کی۱۷؍گیندوں پر ۲۲؍رن کی شراکت نے میچ کو آخری گیند تک پہنچا دیا، حالانکہ آخر کار کیویز نے میچ ایک رن سے جیت لیا۔
 آئرلینڈ نے گزشتہ چند دنوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کے تجربے کی کمی کی وجہ سے اسے قریبی میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل آئرلینڈ کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں ایک وکٹ سے شکست ہوئی تھی جبکہ دوسرے ون ڈے میں اسے ۳؍ وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔ ہندوستان کے خلاف دوسرے ٹی۲۰؍ میں۲۲۶؍ رن کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے وہ صرف ۵؍ رن  سے ہار گئی تھی۔ آئرلینڈ کو اب بلیک کیپس کے خلاف ۳؍ میچوں کی ٹی۲۰؍ سیریز کھیلنی ہے، جس کا پہلا میچ ۱۸؍جولائی کو کھیلا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK