ہندوستان میں۱۵؍مارچ سے منعقد ہونےوالی ورلڈچمپئن شپ میں ہندوستانی کھلاڑیوں پر ہوںگی نگاہیں
EPAPER
Updated: March 03, 2023, 1:49 PM IST | New Delhi
ہندوستان میں۱۵؍مارچ سے منعقد ہونےوالی ورلڈچمپئن شپ میں ہندوستانی کھلاڑیوں پر ہوںگی نگاہیں
:ٹوکیو اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی لولینا بورگوہین اور موجودہ عالمی چمپئن نکہت زرین آئی بی اے (ورلڈ باکسنگ اسوسی ایشن) خواتین کی عالمی باکسنگ چمپئن شپ ۲۰۲۳ء میں ہندوستانی چیلنج کی قیادت کریں گی۔ یہ مقابلہ ۱۵؍سے ۲۶؍ مارچ تک اندرا گاندھی اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد کیا جائے گا۔
لولینا بورگوہین (۷۵؍کلوگرام) نے اب تک عالمی چمپئن شپ میں ۲؍ کانسے کے تمغے جیتے ہیں اور وہ گھریلو حالات میں دوسرے ممالک کے کئی اولمپک تمغہ فاتح کھلاڑیوں کے بیچ اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کی کوشش کریں گی۔ نکہت زرین ۵۰؍کلوگرام کیٹیگری میں دفاعی چمپئن ہیں اور اپنے خطاب کا دفاع کرنا چاہیں گی۔ یاد رہے کہ نکہت نے استنبول میں ۲۰۲۲ء میں منعقدہ آئی بی اے خواتین کی عالمی چمپئن شپ کا خطاب جیتا تھا۔ برمنگھم ۲۰۲۲ءکامن ویلتھ گیمز کی گولڈ میڈلسٹ نیتو گھنگھاس ۴۸؍کلوگرام کے زمرے میں حصہ لیں گی۔ ۲؍بار کی یوتھ ورلڈ چمپئن کی نظریں ایک اور بڑے تمغے پر ہوں گی۔
باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر اجے سنگھ نے کہا’’ہندوستان گزشتہ برسوں میں باکسنگ کا `پاور ہاؤس بن گیا ہے اور ہم آئی بی اے خواتین کی عالمی چمپئن شپ کے لئے اس باصلاحیت ٹیم کے ساتھ اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ٹیم میں چمپئن کھلاڑی شامل ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ دوبارہ ملک کا سر فخر سے بلند کریں گے۔‘‘
دہلی میں ۲۰۱۸ء میں منعقدہ عالمی چمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کے ساتھ عالمی سطح پر اپنی آمد کا اعلان کرنے والی منیشا مون، انتہائی مسابقتی ۵۷؍کلوگرام `فیدر ویٹ زمرے میں حصہ لیں گی۔منیشا نے ۲۰۲۲ءورلڈ چمپئن شپ میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ برمنگھم کامن ویلتھ گیمز کی کانسے کا تمغہ جیتنے والی جیسمین لیمبوریا گزشتہ سیزن میں کوارٹر فائنل میں پہنچی تھیں۔ وہ ۶۰؍کلوگرام کیٹیگری میں حصہ لیں گی۔