Inquilab Logo

نکہت زرین اور نیتو نے چاندی کا تمغہ یقینی بنایا

Updated: March 24, 2023, 2:05 PM IST | New Delhi

ہندوستانی مکے بازوں نے سیمی فائنل میں اپنے حریف باکسروں کو آسانی سے شکست دے کرخواتین باکسنگ ورلڈ چمپئن شپ کے فائنل میں قدم رکھا

Indian boxer Nikhat Zareen (left) can be seen landing a punch on an opposing boxer. (PTI)
ہندوستانی مکے باز نکہت زرین(بائیں) مخالف باکسر پر پنچ لگاتے ہوئے دیکھی جا سکتی ہیں۔(پی ٹی آئی)

دفاعی عالمی چمپئن نکہت زرین اور دولت مشترکہ کھیلوں کی گولڈ میڈلسٹ نیتو گھنگھاس نے جمعرات کو خواتین باکسنگ ورلڈ چمپئن شپ میں اپنے اپنے سیمی فائنل مقابلے جیت کر فائنل میں جگہ بنالی۔سیمی فائنل میں جیت کے ساتھ ہی دونوں مکے بازوں نے اپنے اور ہندوستان کیلئے ۲؍چاندی کا تمغہ یقینی بنا لیا۔
 اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں منعقدہ مقابلے میں نکہت زرین نے ۵۰؍کلوگرام زمرے کے سیمی فائنل میں کولمبیا کی انگرڈ والینسیا کو پانچ صفرسے شکست دی۔ دوسری جانب  نیتو نے ۴۸؍کلوگرام کے سیمی فائنل میں قزاخستان کی الکوا بالکی بیکووا کو ۲۔۵؍سے ہرایا۔نکہت اورنیتو نے فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ساتھ ہندوستان کیلئے چاندی کا تمغہ یقینی بنالیا ہے۔  واضح رہے کہ فائنل سنیچر اور اتوار کو کھیلے جائیں گے۔
  ہندوستان کی اسٹار باکسر نکہت زرین  نے ورلڈ  باکسنگ چمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری  رکھا ہے۔ نکہت نے جمعرات کو ریو اولمپکس  میںکانسے کا تمغہ جیتنے والی کولمبیا کی انگرڈ والینسیا کو ۵۰؍کلوگرام زمرے میں شکست دے کر ورلڈ باکسنگ چمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنائی۔اس کے ساتھ ہی نکھت مسلسل دوسرے سال ورلڈ باکسنگ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ نکہت زرین نے ۲۰۲۲ءورلڈ باکسنگ چمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔
 اس سے قبل کامن ویلتھ گیمز کی چمپئن نیتو گھنگھاس بھی چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچی تھیں۔ ہریانہ سے تعلق رکھنے والی ۲۲؍سالہ نیتو نے سیمی فائنل میں دفاعی ایشین چمپئن اور گزشتہ سال کی عالمی چمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی قزخستان کی الوا بالکی بیکووا کو شکست دی۔اس کے ساتھ، ہی نیتو نے گزشتہ عالمی چمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں بالکی بیکووا سے اپنی شکست کا بدلہ  بھی لے لیا۔ ورلڈ چمپئن شپ ۲۰۲۲ءمیں نیتو کوارٹر فائنل میں قزخستان کی الوا بالکی بیکووا سے ہارنے کے بعد تمغے سے محروم ہو گئی تھیں۔
  سیمی فائنل  میںنیتو نے پوری جارحیت کے ساتھ کھیلا اور حریف پر مکوں کی بارش کر دی۔ اس سے قبل بدھ کو ہریانہ کی ۲۲؍سالہ نیتو نے کوارٹر فائنل میں آر ایس سی (ریفری کے ذریعے میچ روکنا) کی بنیاد پر جاپان کی مدوکا واڈا کو شکست دی تھی۔
لولینا بھی فائنل میں  پہنچ گئیں
 نکہت اور نیتو کے بعد لولینا بورگوہن نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے۷۵؍ کلو گرام کے زمرے کے سیمی فائنل مقابلے میں اپنی حریف چین کی باکسر کو ہراکر فائنل میں قدم رکھا۔

boxing Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK