Inquilab Logo

ورلڈ کپ الیون میں صرف پونم یادو کو جگہ ملی، شیفالی بارہویں کھلاڑی

Updated: March 10, 2020, 4:33 PM IST | Agency | dubai

عالمی کپ رنراپ ہندستانی خاتون ٹیم سے صرف ایک کھلاڑی لیگ اسپنر پونم یادو کو آئی سی سی خواتین ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ الیون میں جگہ ملی ہے جبکہ ۱۶؍سالہ اوپنر شیفالی  ورما کو بارہویں کھلاڑی کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

Poonam-Yadav-Cricket
ہندوستانی خاتون کرکٹ کھلاڑی پونم یادو

دبئی:  عالمی کپ رنراپ ہندستانی خاتون ٹیم سے صرف ایک کھلاڑی لیگ اسپنر پونم یادو کو آئی سی سی خواتین ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ الیون میں جگہ ملی ہے جبکہ ۱۶؍سالہ اوپنر شیفالی  ورما کو بارہویں کھلاڑی کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔فائنل میں پہلی بار پہنچنے  والی ہندوستان کو خطابی مقابلے میں آسٹریلیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پونم یادو نے ٹورنامنٹ کے پہلے ہی میچ میں ۴؍وکٹ لےکر آسٹریلیا کو ۱۷؍رنز سے شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اپنے اگلے ہی میچ میں پونم نے بنگلہ دیش کے خلاف تین وکٹ لئے تھے جبکہ ٹورنامنٹ کے باقی تین مقابلوں میں انہوں نے ایک ایک وکٹ لیا تھا۔پونم نے ٹورنامنٹ میں کل دس وکٹ اپنے نام کئے تھے جبکہ  ۱۲؍ ویں کھلاڑی کے طور پر شامل کی گئی  شیفالی  ورما نے فائنل مقابلے کو چھوڑ کر ٹورنامنٹ کے ہر مقابلے میں اپنی بلے بازی سے چھاپ چھوڑی تھی۔انہوں نے ٹی۔۲۰؍ ورلڈ کپ  میں  ۱۶۳؍ رن بنائے تھے۔
اس ٹیم میں سب سے زیادہ پانچ کھلاڑی آسٹریلیا کی ہیں۔خطابی مقابلے میں آسٹریلیا کی جانب سے کھیلنے والی پانچ کھلاڑیوں کو خواتین ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔آسٹریلیا اتوار کو میلبورن میں کھیلے گئے ٹی۔۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں ہندستان کو ۸۵؍ رنز سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ چمپئن بنا تھا۔
فائنل مقابلے میں ہندستانی بولنگ کو شرمندہ کرنے والی  ا یلسا هيلي اور بیت موني کو ورلڈ کپ ٹی۔۲۰؍ ٹیم میں بطور اوپنر  شامل کیا گیا ہے جبکہ فائنل میچ میں ۴؍وکٹ اور ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ ۱۳؍ وکٹ لینے والی میگن شٹ اور بائیں کی ہاتھ اسپنر جیس جوناسن کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کو پانچواں ٹی۔۲۰؍ ورلڈ کپ دلانے والی آسٹریلوی کپتان مینگ لیننگ کو ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ ٹیم میں بھی کپتان کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ٹیم میں انگلینڈ کی چار کھلاڑی نتالی شور، هيتھر نائٹ، سوفی ایكلسٹون، انيا شربسول کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔لارا وولوارٹ اس ٹیم میں جنوبی افریقہ  کی واحد کھلاڑی ہیں۔ایان بشپ، انجم چوپڑا اور لیزا ستھالیكر، صحافی راف نكلسن اور آئی سی سی کے نمائندے ہولی کیلون کی سلیکشن کمیٹی نے ان کھلاڑیوں کو منتخب کیا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK