Inquilab Logo

سیویلا نے یوروپا لیگ کا خطاب ساتویں بار جیت لیا

Updated: June 02, 2023, 10:58 AM IST | Madrid

فائنل میں مقابلہ ایک ایک سے برابر ہونے کے بعد فاتح ٹیم نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں روما کو ایک کے مقابلے ۴؍گول سے ہرادیا

After the match was tied one to one in the final, the winning team defeated Roma by 4 goals to one in the penalty shootout.
فائنل میں روما کوشوٹ آؤٹ میں شکست دینے والے سیویلا کے کھلاڑیوں کو ٹرافی کے ساتھ خوش دیکھا جا سکتا ہے۔(پی ٹی آئی)

اسپین کے کلب سیویلا نے ساتویں بار یوئیفا یوروپا لیگ کا خطاب جیت لیا۔ قابل ذکر ہے کہ  سیویلا کی ٹیم ساتویں بار فائنل میں پہنچی اور اپنا صد  فیصد  کامیابی کا ریکارڈ برقرار رکھا۔ بڈاپیسٹ میں کھیلے گئے  خطابی میچ میں سیویلا نے اٹلی کے کلب ایس روما کو شکست دی۔ روما کی ٹیم ۱۹۹۱ء کے بعد اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی تھی اور انہیں دوسری بار بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
 روما کے منیجر جوزے مورینہو اپنی ٹیم کے ساتھ چھٹی بار کسی یورپی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچے تھے۔ انہیں پہلی بار شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سیویلا کے خلاف شکست کے بعد مورینہو نے چاندی کا اپنا تمغہ قبول نہیں کیا۔ انہوں نے سلور میڈل لے کر اسٹیڈیم میں بیٹھے ایک مداح کی طرف پھینک دیا۔ مورینہو نے گزشتہ سال کانفرنس لیگ میں روما کو فتح دلائی تھی۔ وہ لگاتار دوسرا یورپی ٹائٹل نہیں جیت سکے۔
روما کے کھلاڑی کا اون گول
  میچ میں روما کے پالو ڈائبالا نے پہلا گول ۳۴؍ویں منٹ میں کیا۔ یہ برتری ہاف ٹائم تک برقرار رہی۔ دوسرے ہاف میں میچ شروع ہوا تو سیویلا کی ٹیم روما کے کھلاڑی کی مدد سے میچ میں واپس آگئی۔ روما کے تجربہ کارگیانلوکا منسینی   نے۵۵؍ویں منٹ  غلطی سےاون گول کردیا  ۔  انہوں نےگیند کو اپنے ہی گول پوسٹ میں ڈالا۔ اپنے ہی گول کی بدولت سیویلا نے میچ میں واپسی کی اور اسکور ایک ایک سے برابر ہوگیا جو مقررہ وقت اور اضافی وقت تک برقرار رہا اور پنالٹی شوٹ آؤٹ کا سہارا لینا پڑا۔
سیویلا کے گول کیپر نے ٹیم کو فتح دلائی 
 مقررہ ۹۰؍منٹ تک میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تو میچ اضافی وقت میں چلا گیا۔ وہاں بھی کوئی گول نہیں ہو سکا۔ ایسے میں میچ شوٹ آؤٹ تک پہنچ گیا۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں سیویلا کے گول کیپر یاسین بوونو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔  انہوں نے ۲؍گول  بچائے۔
  ارجنٹائنا کے گونزالو مونٹیل  نے سیویلا کی جیت کی پنالٹی پر گول کیا۔  یاد رہے کہ انہوں نے گزشتہ سال کے آخر میں ارجنٹائنا کے لئے ورلڈ کپ میں جیتنے والی پنالٹی کِک بھی گول کی تھی۔ مانسینی اور راجر ایبانیز روما کے لئے پنالٹی شوٹ آؤٹ سے محروم رہے۔
 میچ کے بعد گونزالو نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ٹیم کیلئے فیصلہ کن پنالٹی کو گول میں تبدیل کرکے میں بہت خوش ہوں۔

sevilla Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK