Inquilab Logo

خواتین پریمیر لیگ: اسمرتی بنگلور،ہرمن پریت ممبئی اور شیفالی دہلی میں شامل

Updated: February 14, 2023, 1:35 PM IST | Mumbai

خواتین ٹی ۲۰؍ لیگ کی نیلامی میں اسمرتی کو بنگلور نے ۳ء۴۰؍کروڑ ، ہرمن پریت کو ممبئی نے ۱ء۸۰؍ کروڑ اور شیفالی کو دہلی نے ۲؍کروڑ روپے میں خریدلیا۔ ایشلے گارڈنر کو گجرات نے خرید ا

Harmanpreet Kaur got crores of rupees
کروڑروپے ہرمن پریت کو ملے

 افتتاحی خواتین پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی پیر کو عمل میں آئی ۔ اس نیلامی میں رائل چیلنجرز بنگلور نے اسمرتی مندھاناکو، ممبئی انڈینس نے ٹیم انڈیا کی کپتان ہرمن پریت کور کو اور دہلی کیپٹلس نے شیفالی ورما کو اپنی اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔ اس کے ساتھ ہی ایشلے گارڈنر کو گجرات ٹائٹنس نےخرید لیا۔ 
  ویمنز پریمیر لیگ کیلئے کھلاڑیوں کی بولی میں سب سے پہلا نام ہندوستان کی اسٹار بلے باز اسمرتی مندھانا کا تھا اور فرنچائزیز نے ان میں کافی دلچسپی دکھائی  تاہم بنگلور نے ۳ء۴۰؍ کروڑروپے کی سب سے بڑی بولی لگا کر انہیں اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ اس سے قبل اسمرتی کو ۱؍ سے ۱ء۵۰؍ کروڑروپے میں فروخت ہونے کا امکان تھا۔ جہاں تک ریکارڈ کا تعلق ہے، وہ اب تک۱۱۲؍ ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔ اس دوران انہوں نے۱۰۸؍ اننگز میں سب سے زیادہ۸۶؍ اور مجموعی طور پر۲۷ء۳۳؍ کے اوسط سے۲۶۵۱؍ رن بنائے۔ اس دوران انہوں نے۲۰؍نصف سنچریاں اسکور کیں۔ خیال رہے کہ حال ہی میں اسمرتی انگلی میں چوٹ کی وجہ سے پاکستان کے خلاف ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں نہیں کھیل سکی تھیں جس کا انہیں کافی افسوس ہے۔ 
  ویمنز آئی پی ایل۲۰۲۳ء کی نیلامی میں ہندوستانی کپتان ہرمن پریت کور کو بڑی بولی لگ گئی ہے۔ ہرمن پریت کی بنیادی قیمت۵۰؍ لاکھ تھی لیکن ممبئی انڈینس کی مالک نیتا امبانی نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے انہیں۱؍ کروڑ۸۰؍ لاکھ کی قیمت ادا کرکے اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔ہرمن پریت کو ٹیم کی کمان بھی مل سکتی ہےکیونکہ وہ اس وقت ہندوستانی ٹیم کی کپتان بھی ہیں۔ ایسی صورتحال میں ہرمن پریت نہ صرف کپتان بلکہ مڈل آرڈر میں بلے بازکے طورپر بھی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ ہرمن پریت نے گزشتہ ایک سال میں ٹی۲۰؍ میں اچھی بلے بازی کی ہے۔ انہوں نے ۲۳؍ ٹی ۲۰؍ اننگز میں۳۸؍ کے اوسط سے۶۳۷؍ رن بنائے ہیں۔ساتھ ہی ون ڈے میں اس عرصے میں ہندوستانی کپتان نے۱۵؍اننگز میں۶۲؍کے اوسط سے ۷۴۴؍ رن بنائے۔
   ویمنز پریمیرلیگ کی افتتاحی  لیگ کھلاڑیوں کی نیلامی میں دہلی کیپٹلس نے دھواں دھار بلے باز شیفالی ورما پر بولی لگا کر انہیں۲؍کروڑ روپے میں خرید لیا۔ شیفالی نے حال ہی میں انڈر۱۹؍ ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے دوران ہندوستانی ٹیم کی قیادت کی اور افتتاحی تقریب میں بھی ٹیم کو خطاب  دلایا۔ شیفالی ، جنہوں نے خود کو۵۰؍ لاکھ روپے کی بنیادی قیمت پر رجسٹر کیا، کیلئےنیلامی کے دوران دہلی کیپٹلس، ممبئی انڈینس اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان بولی کی جنگ دیکھی گئی لیکن آخر میں یہ دہلی فرنچائزی تھی جس نے بولی جیت لی اور جارح مزاج  بلے باز کو اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ اس سے قبل دہلی کیپٹلس نے جیمائمہ روڈریگیز کو ۲ء۲۰؍ کروڑ میں اور میگ لیگنگ کو۱ء۱۰؍کروڑ میں خریدلیا۔ جیمائمہ نے  پاکستان کے خلاف نصف سنچری اننگز کھیل کر ہندوستان کوٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ جتایا تھا۔خیال رہے کہ سب سے بڑی بولی اسمرتی مندھانا پر لگی تھی۔خیال رہے کہ ہندوستان کیلئے قومی ٹیم میں سب سے کم عمر میں ڈیبیو کرنے والی شیفالی ورما نے۵۲؍ ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میچوں میں۱۲۶۴؍ رن بنائے ہیں۔ اس دوران ان کا اوسط۲۴ء۷۸؍رہا جبکہ سب سے زیادہ اسکور ۷۳؍رن رہا۔ شیفالی کی ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میں۵؍  نصف سنچریاں بھی ہیں۔
  آسٹریلوی آل راؤنڈر ایشلے گارڈنر کو پیرکو ویمنز پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کے افتتاحی ایڈیشن میں ۳ء۲؍ کروڑ روپے کی بولی لگی۔ گارڈنر کی بنیادی قیمت۵۰؍ لاکھ تھی اور وہ پہلے سیٹ میں نیلامی میں شامل ہوئیں۔ ممبئی انڈینس نے بولی کی جنگ شروع کی جس کے بعد یوپی واریئرس اور گجرات جائنٹس نے مقابلہ کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان بولی کی جنگ کچھ دیر تک جاری رہی جس کے بعد گجرات نے اسے اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔گارڈنر پارل کے بولینڈ پارک میں نیوزی لینڈ کے خلاف ویمنز ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے کے بعد نیلامی میں شریک ہیں۔ انہیں خواتین کے میگا ایونٹ کی تاریخ کی تیسری مہنگی ترین کھلاڑی ہونے کا درجہ ملا۔
 آسٹریلیا کی سطح پر گارڈنر نے ایڈم زمپا کا تمام ٹی۲۰؍ورلڈ کپ میں  بہترین گیندبازی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ ۲۵؍ سالہ گارڈنر کو ہندوستانی کپتان ہرمن پریت کور سے زیادہ قیمت ملی ہے۔ ہرمن کوممبئی انڈینس نے۱ء۸۰؍ کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ اس کے علاوہ آسٹریلوی آل راؤنڈر ایلیس پیری نے بھی نیلامی میں آگ لگا دی۔ انہیں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی)نے۱ء۷۰؍ کروڑ روپے میں شامل کیا تھا۔ چیلنجرز نے انہیں ٹیم میں شامل کرنے سے قبل دہلی کیپٹلس کے ساتھ بولی میں جنگ لڑی۔ پیری آسٹریلوی ٹیم کی اہم آل راؤنڈر رہی ہیں اور حال ہی میں ٹی ۲۰؍ میں۱۰۰؍سے زیادہ وکٹ لے کر ۱۵۰۰؍ سے زیادہ رن بنانے والے واحد کھلاڑی بن گئے ہیں۔ خواتین کرکٹ میں یہ ریکارڈ صرف پاکستان کی ندا ڈار اور نیوزی لینڈ کی سوفی ڈیوائن کے پاس ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK