Inquilab Logo

اسمرتی مندھانا اور ہرمن پریت نے ہندوستان کی کامیابی میں اہم کردارادا کیا

Updated: January 25, 2023, 1:46 PM IST | London

خواتین ٹیم انڈیا نے ویسٹ انڈیز کو سہ رخی سیریز میں ۵۶؍رن سے شکست دے دی۔ اسمرتی مندھانا نے ناٹ آؤٹ ۷۴؍رن بنائے

photo;INN
تصویر :آئی این این

 اوپنر اسمرتی مندھانا (ناٹ  آؤٹ ۷۴؍رن) اور کپتان ہرمن پریت کور (ناٹ آؤٹ ۵۲؍ رن) کی نصف سنچریوں کی بدولت ہندوستان نے ویمنز ٹی ۲۰؍ سہ رخی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو۵۶؍  رن سے شکست دے دی۔
  پیر کو بفیلو پارک میں کھیلے جانےوالے میچ میں ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کے سامنے۱۶۸؍ رن کا ہدف دیاجس کے جواب میں ویسٹ انڈیز صرف ۱۱۱؍ رن بنا سکی۔ اسمرتی اور ہرمن پریت نے تیسرے وکٹ کیلئے ناٹ آؤٹ۱۱۵؍رن کی شراکت کرکے ہندوستان کو باعزت اسکور تک پہنچایا۔ اسمرتی نے ۵۱؍ گیندوں پر۱۰؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۷۴؍ رن بنائے جبکہ کپتان ہرمن پریت نے ۳۵؍ گیندوں پر۸؍چوکوں کی مدد سے۵۶؍رن بنائے۔ اس کے علاوہ یاستیکا بھاٹیہ نے۱۸؍اور ہرلین دیول نے ۱۲؍رن کا تعاون دیا۔  
       ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے راشدہ ولیمز اور برٹنی کوپرس کی صورت میں دونوں اوپنرس صرف۲۰؍ رن پر گنوا دئیے۔ شکیبہ غزنوی کا وکٹ  گرنے کے بعد شمن کیمبل اور کپتان ہیلی میتھیوز نے تاہم ونڈیز کی اننگز کو سنبھالا۔ کیمپ بیل نے۵۷؍ گیندوں پر۵؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۴۷؍  رن بنائے جبکہ میتھیوز نے۲۹؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ۳۴؍ رن بنائے۔ دونوں کے درمیان۷۱؍ رن کی شراکت ہوئی لیکن رن ریٹ کم ہونے کی وجہ سے ونڈیز ہندوستان پر دباؤ نہیں بنا سکی۔
    دِپتی شرما (۲۹/۲) کی قیادت میں ہندوستانی گیند بازوں نے کفایتی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کبھی بھی ویسٹ انڈیز کو میچ میں برتری حاصل نہیں کرنے دی۔ راجیشوری گائیکواڑ نے ۴؍ اوورس میں۱۶؍ رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا جبکہ رادھا یادو نے ۴؍ اوور میں صرف۱۰؍ رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ اکتوبر۲۰۲۱ء کے بعد ہندوستان کیلئے پہلا ٹی ۲۰؍ میچ کھیلنے والی شیکھاپانڈے نے اپنے ۴؍ اوور میں صرف۱۸؍ رن دئیے حالانکہ انہیں کوئی وکٹ نہیں ملا۔ہندوستان نے اس سے قبل جنوبی افریقہ کو بھی شکست سے دوچار کردیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK