Inquilab Logo

ہنگری کے سفارت خانے نے جینا کو انٹرویو کیلئے بلایا!

Updated: August 18, 2023, 11:28 AM IST | Agency | New Delhi

عالمی ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں شرکت کیلئے ویزا ملنے کی امید۔ بڈاپیسٹ میں ہونے والی آئندہ عالمی ایتھلیٹکس چمپئن شپ کے پیش نظر ہنگری کے سفارت خانے نے جیولین تھرو اتھلیٹ کشور کمار جینا کو جمعہ کی صبح ۹؍بجے ویزا انٹرویو کے لئے بلایا ہے۔

Kishore Kumar Jena. Photo. INN
نیزہ پھینک اتھلیٹ کشور کمار جینا۔ تصویر:آئی این این

بڈاپیسٹ میں ہونے والی آئندہ عالمی ایتھلیٹکس چمپئن شپ کے پیش نظر ہنگری کے سفارت خانے نے جیولین تھرو اتھلیٹ کشور کمار جینا کو جمعہ کی صبح ۹؍بجے ویزا انٹرویو کے لئے بلایا ہے۔ ایتھلیٹکس فیڈریشن آف انڈیا (اے ایف آئی) نے جمعرات کو سوشل میڈیا کے ذریعے یہ معلومات شیئر کیں ۔ انہوں نے کہا’’آپ سب کا شکریہ۔ جیولین تھروور کشور کمار جینا کا ہنگری کے سفارت خانے میں کل صبح ۹؍بجے ایک انٹرویو ہے۔‘‘
 قابل ذکر ہے کہ ہنگری کے سفارت خانے نے بدھ کو جینا کا ویزا منسوخ کر دیا تھا جس سے ۱۹؍ سے ۲۷؍اگست تک کھیلی جانے والی عالمی ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں ان کی شرکت پر شکوک و شبہات پیدا ہو گئے تھے۔ اولمپک گولڈ میڈلسٹ نیرج چوپڑا نے ویزا مسئلہ حل کرنے کیلئے وزارت خارجہ سے مداخلت کی درخواست کی تھی۔ نیرج نے جمعرات کو وزارت خارجہ کو پوسٹ کیا، تھا کہ’’سنا ہے کہ کشور جینا کے ویزا کے ساتھ کچھ مسائل ہیں جو انہیں عالمی چمپئن شپ کیلئے ہنگری میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں ۔ مجھے امید ہے کہ حکام اس کا حل تلاش کرنے میں کامیاب ہوں گے کیونکہ یہ ان کے کریئر کے سب سے بڑے لمحات میں سے ایک ہے۔ آئیے وہ سب کچھ کریں جو ہم سب کرسکتے ہیں ۔‘‘
 جینا ورلڈ چمپئن شپ کے لئے کوالیفائی کرنے والے ۴؍ ہندوستانی جیولن تھرو کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں ۔ ان کے علاوہ ڈی پی منو اور روہت یادو نے کوالیفائی کیا تھا جس میں روہت چوٹ کی وجہ سے مقابلے سے باہر ہو گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK