Inquilab Logo

اندور ٹیسٹ کا پہلا دن آسٹریلیا کے نام، ہندوستانی ٹیم کی حکمت عملی ناکام

Updated: March 02, 2023, 12:36 PM IST | Indore

ہندوستانی ٹیم پہلی اننگز میں ۱۰۹؍رن پر ڈھیر۔ عثمان خواجہ کی نصف سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے معمولی برتری حاصل کرلی۔ میتھیو کوہنی مین نے ۵؍ اور لاین نے ۳؍کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

Australian batsman Usman Khawaja
آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ

 آسٹریلیا نے اسپنر میتھیو کوہنی مین کی خطرناک گیند بازی کے بعد عثمان خواجہ (۶۰؍رن) کی  ذمہ دارانہ نصف سنچری اننگز کی بدولت بدھ کو یہاں  بارڈر-گاوسکر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن ہندوستان  پر۴۷؍ رن کی سبقت حاصل کر لی۔ تیسرے ٹیسٹ کاپہلا دن آسٹریلیا کے نام رہا اور ہندوستان کی حکمت عملی ناکام رہی ۔  میزبان  ہندوستان پہلے بلے بازی کرتے ہوئے۱۰۹؍رن بنا کر آل آؤٹ ہوگیا جبکہ آسٹریلیا نے دن کا کھیل ختم ہونے پر۴؍ وکٹ کے نقصان پر۱۵۶؍ رن بنائے۔ پیٹر ہینڈسکومب ۷؍ اور کیمرون گرین ۶؍ رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
 کوہنی مین نے اپنا دوسرا ٹیسٹ کھیلتے ہوئے ہندوستانی بلے بازوں کو اسپن میں پھنسا کر ۵؍ وکٹ  اپنے نام کئے۔ اس کے علاوہ ناتھن لاین نے ۳؍ جبکہ ٹوڈ مرفی نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ ہندوستان کی جانب سے وراٹ کوہلی نے سب سے زیادہ۲۲؍رن  اور شبھمن گل نے۲۱؍ رن بنائے۔ ہندوستان کے چھوٹے اسکور کے جواب میں بلے بازی کیلئے آنے والے عثمان خواجہ نے اسپن کے خلاف شاندار تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے ۱۴۷؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں کی مدد سے۶۰؍ رن بنائے۔ اس کے علاوہ مارنس لبوشین نے۳۱؍ اور اسٹیو اسمتھ نے ۲۶؍ رن کا تعاون دیا۔ 
 جب آسٹریلیا  ہندوستان کو ۱۰۹؍رن پر آؤٹ کرنے کے بعد بلے بازی کیلئے آیا تو اوپنر ٹریوس ہیڈ ۹؍ رن بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو ہو گئے حالانکہ خواجہ-لبوشین کی جوڑی نے اس کے بعد اننگز کو سنبھالا۔ لبوشین اپنی۹۱؍ گیندوں کی اننگز میں بالترتیب صفر رن اور ۷؍ رن پر۲؍ مرتبہ آؤٹ ہونے سے محفوظ رہے۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے خواجہ کے ساتھ دوسرے  وکٹ کیلئے۹۶؍ رن کی شراکت قائم کی اور ہندوستان کی سبقت کو ختم کر دیا۔ رویندر جڈیجا نے آخر کار لبوشین کو آؤٹ کر کے شراکت کا خاتمہ کیا۔ کچھ دیربعد خواجہ بھی جڈیجا کا شکار بن گئے۔
 آسٹریلیا کی برتری کے بعد کپتان اسٹیو اسمتھ نے کچھ اچھے شاٹس کھیلے۔ اسمتھ نے  جڈیجا کی گیند پر وکٹ کیپر شریکر بھرت کوکیچ  دینے سے پہلے۳۸؍ گیندوں  پر ۴؍ چوکوں کے ساتھ۲۶؍ رن بنائے۔ کپتان اسٹیو اسمتھ کے آؤٹ ہونے کے بعد  پیٹر ہینڈسکومب اور کیمرون گرین نے آسٹریلیا کو اسٹمپ تک مزید نقصان نہیں ہونے دیا۔
 اس سے قبل، ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے ۲؍ ٹیسٹ میں شکست کا مزہ چکھنے والی آسٹریلیائی ٹیم نے پہلے اوور سے ہی زبردست مظاہرہ کیا۔ روہت اور گل نے تیز گیند بازوں کے خلاف کچھ اچھے شاٹس کھیلے جس کے بعد اسٹیو اسمتھ نے گیند اسپنرس کے حوالے کردی۔ اپنے پہلے اوور میں کوہنی مین نے روہت (۱۲) کو باہر کی گیند پر اسٹمپ کروایا جبکہ دوسرے اوور میں وہ گل کو سلپ میں کیچ  آؤٹ کروادیا۔اس وقت تک ہولکر اسٹیڈیم کی پچ حرکت کرنے لگی اور لاین نے اندر گھومتی ہوئی گیند پر چتیشور پجارا (۱) کو بولڈ کردیا۔ ہندوستانی ٹیم رویندر جڈیجا کو ۵؍ویں نمبر پر بلے بازی کیلئے لائی لیکن وہ لاین کی گیند پر شارٹ کوور پر کیچ دے بیٹھے ۔ شریس ایّر (صفر)  بھی۳؍گیندوں بعد کوہنی مین کا شکار ہوئے۔ ہندوستان کیلئے اس اننگز کا بہترین وقت وہ تھا جب کوہلی اور شریکر بھرت کریز پر موجود تھے۔ کوہلی اور بھرت   نے چھٹے  وکٹ کیلئے۲۵؍ رن جوڑے اور اس دوران دونوں بلے باز آرام دہ نظر آئے۔ کوہلی نے کئی بار اسپن کو بے اثرکیا۔انہوں  نے لاین  اور کوہنی مین کی گیند پر چوکا لگایا۔ بھرت نے بھی دو بار سویپ شاٹ پر ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔یہ جوڑی ہندوستان کو اچھے اسکور تک لے جا سکتی تھی لیکن آسٹریلیا نے لنچ سے پہلے دونوں کو پویلین بھیج دیا۔ مرفی نے کوہلی (۲۲) کو ایل بی ڈبلیو کیا، جبکہ بھرت۳۰؍ گیندوں پر ۱۷؍ رن بنانے کے بعد لاین کا شکار ہو گئے۔  لنچ کے بعدکوہنی مین نے روی چندرن اشون (۳) اور امیش یادو(۱۷) کو آؤٹ کرکے اپنے ۵؍ وکٹ مکمل کئے، حالانکہ امیش نے آؤٹ ہونے سے پہلے۱۳؍ گیندوں پر ایک چوکا اور ۲؍ چھکے لگائے۔ بائیں ہاتھ کے آل راؤنڈر اکشر پٹیل۱۲؍ رن بنا کر وکٹ پر پرسکون نظر آئے لیکن وہ محمد سراج کے رن آؤٹ ہونے کی وجہ سے اسکور میں کوئی اہم کردار ادا نہ کر سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK