• Sat, 14 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

خواتین ہاکی ٹیم کا ایک ہی مقصد اولمپکس کا ٹکٹ

Updated: January 18, 2024, 10:15 AM IST | Ranchi

آج ہندوستانی ٹیم کا کوالیفائنگ میں مضبوط جرمنی سے مقابلہ۔ حریف ٹیم کو شکست دینے کیلئے خواتین ٹیم ایڑی چوٹی کا زورلگا دے گی

India`s women made it to the semi-finals after performing well in the Olympics qualifiers. (PTI)
ہندوستان کی خواتین نے اولمپکس کوالیفائرس مقابلے میں اچھی کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ (پی ٹی آئی)

 پیرس اولمپکس میں جگہ بنانے سے صرف ایک جیت دور، ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم کو جمعرات کو یہاں منعقد ہونے والے ایف آئی ایچ اولمپک کوالیفائر میں اعلیٰ درجے کی جرمنی کے خلاف سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے  اپنی پوری کوشش کرنی ہوگی۔
  ہندوستانی ٹیم کو ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں امریکہ سے۰۔۱؍گول سے شکست ہوئی تھی لیکن اس کے بعد انہوں نے نیوزی لینڈ اور اٹلی کو شکست دی اور پول بی میں دوسرے نمبر پر رہ کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ ہندوستان نے گزشتہ ۲؍ میچوں میں کھیل کے ہر شعبے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سویتا پونیا کی قیادت والی ٹیم جرمنی کے خلاف اسی انداز کو جاری رکھنے کی کوشش کرے گی۔ اس ٹورنامنٹ میں سرفہرست ۳؍ ٹیمیں اس سال کے اولمپکس کیلئے  کوالیفائی کریں گی۔ اس طرح اگر ہندوستانی ٹیم جمعرات کو جیت جاتی ہے تو اس کا پیرس کا ٹکٹ کنفرم ہو جائے گا۔ اگر ہندوستانی ٹیم یہ میچ جیتنے میں ناکام رہتی ہے تو اسے اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے کا ایک اور موقع ملے گا۔
 سیمی فائنل میں ہارنے والی ٹیموں کے درمیان تیسری اور چوتھی پوزیشن کیلئے جمعہ کو ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں جیتنے والی ٹیم اولمپکس میں جگہ بنا لے گی تاہم ہندوستانی ٹیم کو جرمنی کے خلاف مثبت سوچ کے ساتھ میدان پر اترنا ہوگا۔ ہندوستانی دفاع نے آخری ۲؍ میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کپتان سویتا کے علاوہ ادیتا، مونیکا اور نکی پردھان نے ہندوستانی دفاع میں اچھا مظاہرہ کیا۔ مڈل لائن نے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سلیمہ ٹیٹے اپنی تیز دوڑ سے حریف ٹیموں کو پریشان کر رہی ہیں جبکہ نیہا گوئل نے بھی اچھی کارکردگی  پیش کی  ہے۔
 ان دونوں نے فرنٹ لائن کیلئے  اچھے مواقع پیدا کئے  ہیں۔ اگلی صف میں لالریمسیامی، سنگیتا کماری، بیوٹی ڈُنگ ڈُنگ اور نونیت کور نے بھی اپنی بہترین کارکردگی سے ٹیم کی توقعات پر پورا اترا ہے۔ پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرنا ہندوستان کیلئے  ایک بڑا مسئلہ رہا ہے لیکن اٹلی کے خلاف آخری میچ میں ادیتا نے پنالٹی کارنر پر ۲؍ گول کئے تھے لیکن مضبوط جرمن ٹیم کے خلاف ادیتا کی تنہاکوششیں کافی نہیں ہوں گی۔
 جہاں تک جرمنی کا تعلق ہے، وہ پول اے میں ۷؍ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہا۔ جاپان کے بھی اتنے ہی پوائنٹس تھے لیکن جرمنی کے گول کا فرق بہتر تھا۔ جرمنی اس وقت عالمی درجہ بندی میں ۵؍ویں جبکہ ہندوستان چھٹے نمبر پر ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے ۲۰۰۶ء سے اب تک جرمنی کے خلاف ۷؍ میچ کھیلے ہیں جن میں سے اس نے ۲؍ جیتے اور ۵؍ میں شکست پائی ہے  لیکن موجودہ وقت میں ہاکی میں رینکنگ اور ماضی کے نتائج صرف نمبر ہیں اور دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کو سخت مقابلہ دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK