Inquilab Logo

ٹی۔۲۰؍سیریز کیلئے عمران ملک اور اویس خان ٹیم انڈیا میں شامل

Updated: July 07, 2023, 3:58 PM IST | Mumbai

ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کیلئے ہاردک پانڈیا کی کپتانی میں ۱۵؍رکنی ٹیم کا اعلان ، تلک ورما اور یشسوی جیسوال کو بھی جگہ دی گئی،۵؍میچوں میں سے ۲؍میچ امریکہ میں کھیلے جائیںگے

Owais Khan (right) and Imran Malik can trouble the Windies batsmen with their fast bowling when given a chance.
اویس خان(دائیں)اور عمران ملک موقع ملنے پر اپنی تیز گیندبازی سے ونڈیز کے بلے بازوں کو پریشان کر سکتے ہیں۔

نوجوان باصلاحیت بلے باز یشسوی جیسوال اور تلک ورما کو اگست میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والی ٹی ۔۲۰؍ سیریز کیلئے ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اس ٹیم میں تیز گیندباز عمران ملک اور اویس خان کو بھی جگہ دی گئی ہے۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے گزشتہ روز  اطلاع دی۔
   واضح رہے کہ جیسوال اور تلک دونوں نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے ۲۰۲۳ء سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ آئی پی ایل ۲۰۲۳ءکیلئے `ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے جیسوال نے۱۴؍ میچوں میں ۱۶۴؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے ۶۲۵؍رن بنائے تھے جس میں ایک سنچری اور ۶؍ نصف سنچریاں شامل تھیں۔ جیسوال کو گھریلو کرکٹ میں ان کی کارکردگی کی وجہ سے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل کیلئے ہندوستانی ٹیم کے ساتھ لندن بھیجا گیا تھا۔ انہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف ۱۲؍ جولائی سے شروع ہونے والے ۲؍ ٹیسٹ میچوں کیلئے بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
 وہیں ۲۰؍سالہ تلک ورما نے ۲۰۲۲ء کے بعد ممبئی انڈینس کے مڈل آرڈر میں  آئی پی ایل ۲۰۲۳ءمیں شاندار کارکردگی سے اپنی جگہ یقینی کی ہے۔ تلک نے اس سال ۱۱؍ آئی پی ایل میچوں میں ۱۶۴ء۱۱؍کے اسٹرائیک ریٹ اور ۴۲ء۸۸؍ کے اوسط سے ۳۴۳؍رن بناتے ہوئے ممبئی کے پلے آف تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
 سنجو سیمسن نے نئے مقرر کردہ ہیڈ کوچ اجیت آگرکر کی قیادت میں منتخب ٹیم میں واپسی کی ہے۔ سیمسن کندھے کی انجری کی وجہ سے اس سال  جنوری ۔ فروری میں نیوزی لینڈ کی ٹی۔۲۰؍سیریز سے باہر ہو گئے تھے۔ تیز گیند باز اویس خان اور لیگ اسپنر روی بشنوئی کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔اویس خان نے ہندوستان کیلئے اپنا آخری ٹی۔۲۰؍  میچ اگست ۲۰۲۲ءمیں ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کے خلاف کھیلا تھا۔  اویس بخار کی وجہ سے ایشیا کپ سے باہر ہو گئے تھے اور اس کے بعد وہ ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے تھے۔ انہوں نے اس سال ۹؍آئی پی ایل میچوں میں ۹ء۷۵؍کے اکانومی سے رن دیتے ہوئے ۸؍ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
 روی بشنوئی آخری بار ایشیا کپ میں بھی قومی ٹیم کی جرسی میں نظر آئے تھے جہاں ہندوستان کو پاکستان کیخلاف سپر ۔۴؍میں شکست کا منہ دیکھنا  پڑا تھا۔ حالانکہ اس ٹورنامنٹ کے بعد انہیں ہندوستانی ٹیم کیلئے کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا۔ لکھنؤ سپر جائنٹس کیلئے کھیلنے والے بشنوئی نے آئی پی ایل کے ۱۴؍میچوں میں ۱۶؍وکٹیں حاصل کی تھیں۔
 کلدیپ یادو اور یزویندر چہل کی جوڑی ابھی تک ٹیم میں برقرار ہے جبکہ شیوم ماوی ۱۵؍رکنی اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے میچ جیتنے والے فنشر رنکو سنگھ کو بھی ہندوستانی ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز جانے کا موقع نہیں ملا۔ نیوزی لینڈ کی ٹی ۔۲۰؍ سیریز سے باہر ہونے کے بعد اسکواڈ میں شامل مکیش کمار ہندوستانی جرسی میں میدان میں اترنے کے منتظر ہیں۔
 ہندستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ۵؍ ٹی۔۲۰؍ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ۳؍اگست کو برائن لارا کرکٹ اکیڈمی ترینیڈاڈ میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا اور تیسرا ٹی ۔۲۰؍ میچ گیانا میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں آخری ۲؍ میچ کھیلنے امریکہ کے شہر فلوریڈا روانہ ہوں گی۔
ویسٹ انڈیز کے دورے کیلئے  ٹی ۔۲۰؍  ٹیم
  ایشان کشن (وکٹ کیپر)، شبھمن گل، یشسوی جیسوال، تلک ورما، سوریہ کمار یادو (نائب کپتان)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا (کپتان)، اکشر پٹیل، یزویندر چہل، کلدیپ یادو، روی بشنوئی، ارش دیپ سنگھ، عمران ملک، اویس خان، مکیش کمار۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK