Inquilab Logo

سڈنی میں عثمان خواجہ کی دوسری سنچری، آسٹریلیا کی مضبوط برتری

Updated: January 09, 2022, 8:50 AM IST | sydney

سڈنی ٹیسٹ کے آخری دن انگلینڈ کو فتح کیلئے ۳۵۸؍رن درکار۔ عثمان خواجہ نے دوسری اننگز میں ناٹ آؤٹ ۱۰۱؍رن بنائے۔انگلش گیندباز لیچ نے ۴؍وکٹ لئے

Usman Khawaja
عثمان خواجہ

 فارم میں کھیلنے والے عثمان خواجہ نے اپنی واپسی کو صحیح ثابت کرتے ہوئے چوتھے ایشیز ٹیسٹ کی دوسری اننگزمیں شاندار سنچری (ناٹ آؤٹ۱۰۱؍رن) بنائی جس کی بدولت آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف یہاں جاری میچ کے چوتھے دن سنیچر کو اپنی دوسری اننگز ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر ۲۶۵؍رن بنا کر مہمان ٹیم کے سامنے۳۸۸؍ رن کا مشکل ہدف رکھا جس کے تعاقب میں انگلینڈ نے اسٹمپ تک بغیر کوئی وکٹ گنوائے۳۰؍ رن بنا لیے۔ انگلینڈ کو سیریزکا اسکور۱۔۳؍ کرنے کے لئے۳۵۸؍ رن درکار ہیں جبکہ آسٹریلیا کو سیریز میں اسکور صفر۔۴؍پہنچانے کیلئے تمام۱۰؍ وکٹ کی ضرورت ہے۔
 انگلینڈ نے صبح اپنی پہلی اننگز کو۷؍ وکٹ پر ۲۵۸؍ رن سے آگے بڑھایا۔ جونی بیریسٹو نے ۱۰۳؍رن اور جیک لیچ نے ۴؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ لیچ ۲۹؍گیندوں پر۱۰؍ رن بنانے کے بعد آف اسپنر ناتھن لاین کا شکار بنے۔ بیریسٹو اپنے اسکور میں صرف۱۰؍ رن کا اضافہ کر سکے اور۱۵۸؍ گیندوں پر۸؍چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۱۱۳؍ رن بنا کر اسکاٹ بولینڈ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
 اس کے بعد بولینڈ نے اسٹورٹ براڈ کو۱۵؍ رن  پر آؤٹ کرکے انگلینڈ کی اننگز کو۲۹۴؍رن پر سمیٹ دی۔ انگلینڈ نے اپنے اسکور میں ۳۶؍ رن کا اضافہ کیا اور اپنے باقی ۳؍ وکٹ گنوا دیئے۔ اس طرح آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں۱۲۲؍ رن کی برتری حاصل ہوگئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے بولینڈ نے۳۶؍ رن  پر۴؍ اور لاین  نے۸۸؍ رن دے کر۲؍ وکٹ لئے۔ پیٹ کمنس کو ۶۸؍ رن پر ۲؍وکٹ ملے جبکہ مشیل  اسٹارک اور کیمرون گرین کوایک ایک وکٹ ملا۔
 برتری کے ساتھ دوسری اننگز میں کھیلنے اترے آسٹریلیا کی شروعات خراب رہی اوراس نے ۸۶؍ رن  پر اپنے ۴؍ وکٹ گنوا دیئے۔ پہلی اننگز میں ۱۳۷؍ رن بنانے والے خواجہ نے دوسری اننگز میں بھی محاذ سنبھالا اور گرین کے ساتھ ۵؍ویں وکٹ کے لئے۱۷۹؍ رن کی شراکت کرکے آسٹریلیا کو مشکلات سے نکال کر مضبوط پوزیشن میں پہنچادیا۔ آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں ڈیوڈ وارنر ۳، مارکس ہیرس ۲۷، مارنس لبوشین ۲۹؍ اور اسٹیو  اسمتھ۲۳؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ خواجہ نے اگست۲۰۱۹ء کے بعد اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلتے ہوئے اپنی۱۰؍ویں سنچری اسکور کی اور۱۳۸؍ گیندوں پر۱۰؍ چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے۱۰۱؍ رن بنا کر ناقابل شکست لوٹے۔ گرین نے ۱۲۲؍ گیندوں پر ۷؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۷۴؍ رن بنائے۔ الیکس کیری صفر پر آؤٹ ہوئے اور ان کے آؤٹ ہوتے ہی کمنس نے آسٹریلیا کی دوسری اننگز ۸؍ وکٹ پر۲۶۵؍ رن پرڈکلیئر کردی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK