Inquilab Logo

جے آر ڈی ٹاٹا ایئر انڈیا سمیت متعدد کمپنیوں کے بانی تھے

Updated: January 20, 2023, 4:43 PM IST | Mumbai

جے آر ڈی ٹا ٹا ملک کے خلاباز، تاجر، ٹاٹا گروپ کے صدر نشین اور ٹاٹا سنز کے شراکت دار تھے۔

In 1929, JRD Tata became the first Indian pilot to be licensed.
ء ۱۹۲۹میں جے آر ڈی ٹاٹا وہ پہلے ہندوستانی پائلٹ بنے جنہیں لائسنس دیا گیا۔

جے آر ڈی ٹا ٹا ملک کے خلاباز، تاجر، ٹاٹا گروپ کے صدر نشین اور ٹاٹا سنز کے شراکت دار تھے۔ ان کا پورا نام جہانگیر رتن جی دادابھوئے ٹاٹا ہے۔ وہ ہندوستان کے مشہور تجارتی خاندان ٹاٹا خاندان کے چشم و چراغ تھے۔ والد کا نام رتن جی دادا بھوئے ٹاٹا اور والدہ کا نام سوزان بریری تھا۔ ان کی والدہ ملک میں کار ڈرائیو کرنے والی پہلی خاتون تھیں۔ ۱۹۲۹ء میں جے آر ڈی ٹاٹا وہ پہلے ہندوستانی پائلٹ بنے جنہیں لائسنس دیا گیا۔ وہ ٹاٹا کنسلٹینسی سروسز، ٹاٹا موٹرز، ٹائٹن انڈسٹریز، ٹاٹا سالٹ، وولٹاس اور ایئر انڈیا سمیت ٹاٹا گروپ کی متعدد کمپنیوں کے بانی تھے۔ ۱۹۸۳ء میں انہیں فرانس میں لیجن آف آنر سے نوازا گیا۔ ۱۹۵۵ءمیں حکومت ہند نے پدم وبھوشن اور ۱۹۹۲ء میں بھارت رتن سے نوازا۔
 جے آر ڈی کی ولادت ۲۹؍ جولائی۱۹۰۴ء کو فرانس کے ایک پارسی خاندان میں ہوئی تھی۔ ان کا نام جہانگیر رکھا گیا۔ وہ اپنے والدین کی دوسری اولاد تھے۔ ان کے والد ہندوستان کے مایہ ناز تاجر اور صنعت کارجمشید جی کے کزن تھے۔ان کے ابتدائی ایام فرانس ہی میں گذرے اور فرانسیسی زبان ان کی مادری زبان بنی۔ وہ دوسری جنگ عظیم کے دوران میں سپاہی ریجیمینٹ کا حصہ تھے۔
 انہوں نے کیتھیڈرل اینڈ جان کونن اسکول،ممبئی میں تعلیم حاصل کی۔ ٹاٹا کی تعلیم لندن، جاپان، فرانس اور ہندوستان میں ہوئی۔جب ان کے والد نے ٹاٹا کمپنی میں شمولیت اختیار کی تو ان کا پورا خاندان لندن منتقل ہوگیا۔ اسی دوران جے آر ڈی ٹاٹا کی والدہ کا انتقال ہوگیا۔اپنی بیوی کی موت کے بعد رتن جی دادابھائے ٹاٹا نے اپنے خاندان کو ہندوستان منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ۔وہ مزید تعلیم کیلئے کیمبرج جانا چاہتے تھے لیکن ان کے والد نے انہیں ہندوستان لانے کا فیصلہ کیا اور وہ ٹاٹا کمپنی میں شامل ہو گئے۔ 
 ۱۹۲۹ میں جے آر ڈی ٹاٹا نے اپنی فرانسیسی شہریت چھوڑ دی اور ہندوستانی شہری بن گئے ۔ ایک مرتبہ جب جے آر ڈی ٹاٹا دورے پر تھے، ان کے دوست لوئس بلیروٹ، جو انگلش چینل پار کرنے والے پہلے شخص تھے، نے پرواز کرنے کو کہا۔ ۱۰؍ فروری ۱۹۲۹ءکو، ٹاٹا کو ہندوستان میں جاری ہونے والا پہلا پائلٹ کا لائسنس ملا۔ انہوں نے ۱۹۳۲ء میں ملک کی پہلی کمرشیل ایئر لائن، ٹاٹا ایئر لائنز کی بنیاد رکھی، جو ۱۹۴۶ء میں ایئر انڈیا بن گئی۔
 ۱۹۳۸ء میں، جے آر ڈی ، ٹاٹا سنز کے چیئرمین منتخب ہوئے۔ کئی دہائیوں تک، انہوں ٹاٹا گروپ آف کمپنیز کو اسٹیل، انجینئرنگ، پاور، کیمیکل کو کامیابی کے ساتھ چلایا۔ان کی سربراہی میں ٹاٹا گروپ کے اثاثے ۱۰۰؍ملین ڈالر سے بڑھ کر۵؍ بلین امریکی ڈالر تک پہنچ گئے۔انہوں نے کئی تعلیمی و تحقیق اداروں کی بنیاد رکھی ۔ جن میں ۱۹۴۱ء میں ممبئی میں ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسز ، ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف فنڈا مینٹل ریسرچ ،کینسر ریسرچ اینڈ ٹریٹمنٹ کیلئے ٹاٹا میموریل سینٹر قائم کیا جو ایشیا کا پہلا کینسر اسپتال تھا۔ ۱۹۴۵ء میں انہوں نے ٹاٹا موٹرز کی بنیاد رکھی۔ ۱۹۵۳ء میںہندوستانی حکومت نے انہیں ایئر انڈیا اور انڈین ایئر لائنز بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چیئرمین مقرر کیا ۔انہیں کئی ملکی و غیر ملکی اعزازات ملے تھے ۔ ان کا انتقال۲۹؍ نومبر ۱۹۹۳ء کو جینوا میں ہوا تھا۔
(وکی پیڈیا اور برٹانیکا ڈاٹ کام)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK