Inquilab Logo

گیریٹ مورگن امریکی موجد،بزنس مین اور سماجی کارکن تھے

Updated: November 03, 2023, 2:52 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

انہوں نے ٹریفک لائٹس کی ایک قسم،سموک ہُڈ کی ایجاد کی اور ہیئر ریفائننگ کمپنی کی بنیاد رکھی۔انہوں نے پوری زندگی سیاہ فام امریکیوں کی مدد کی

Garrett Morgan is known for important inventions. Photo: INN
گیریٹ مورگن اہم ایجادات کیلئے جانے جاتے ہیں۔ تصویر:آئی این این

گیریٹ مورگن (Garrett Morgan) امریکی موجد ، بزنس مین اور سماجی کارکن تھے جو۲۰؍ویں صدی کے اوائل میں اپنی حفاظتی اختراعات کیلئے جانے جاتے ہیں۔ان کی اہم ایجادات میں تین طرفہ ٹریفک لائٹ کی ایک قسم شامل ہے اس کے علاوہ انہوں نے ایک حفاظتی سموک ہڈ جو جدید گیس ماسک تھا ، ایجاد کیا تھا جسے خاص طور پر ۱۹۱۶ءکی سرنگ کی تعمیر میں تباہی سے بچاؤ میں استعمال کیا گیا تھا۔ مورگن نے بالوں کی پروسیسنگ اور سیدھا کرنے کا ایک کیمیائی حل بھی دریافت کیا اور اسے خود تیار کیا تھا جس کی بنیاد پر انہوں نے ’جی اے مورگن ہیئر ریفائننگ نامی ایک کامیاب کمپنی بنائی تھی۔ وہ افریقی امریکن سماجی کاموں میں بھی پیش پیش تھے۔
گیریٹ مورگن ۴؍ مارچ۱۸۷۷ء کو کینٹکی، امریکہ میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ اپنے ۱۱؍ بھائی بہنوں میں ساتویں نمبر پر تھے۔ مورگن نے صرف چھٹی جماعت تک تعلیم کینٹکی کے برانچ ایلیمنٹری اسکول میں حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے اسکول چھوڑ دیا۔ ۱۴؍ سال کی عمر میں کام کی تلاش میں انہوں نے سنسناٹی، اوہائیو کا رخ کیا۔ وہاں انہوں نے ایک ہنڈی مین کی ملازمت اختیار کی اور اپنی تعلیم جاری رکھنے کیلئے ایک ٹیوٹر کی خدمات حاصل کیں۔ ۱۸۹۵ء میں وہ کلیولینڈ چلے گئے جہاں انہوں نے سلائی مشینوں کی مرمت کا کام شروع کیا۔ اس تجربے نے مورگن کی دلچسپی میں اضافہ کیا۔
۱۹۰۷ء میں، گیریٹ مورگن نے خود کی سلائی مشین کی دکان کھولی۔ایک سال بعد انہوں نے اپنی بیوی میری اینے کے ہمراہ ’مورگنس کٹ ریٹ لیڈیز کلاتھنگ اسٹور‘ کھولی اور اپنے یہاں ۳۲؍ملازمین رکھے۔ اس وقت سلائی مشینوں کے ساتھ ایک عام مسئلے کو حل کرتے وقت انہوں نے ایک ایسا محلول تیار کرلیا جو کپڑے کے ریشوں کو سیدھا کرتاتھا۔ بعد میں انہوں نے اس محلول کو بالوں کو سیدھا کرنے کیلئے محفوظ گردانا اور اس فارمولے کو پیٹنٹ کر الیا۔ ۱۹۱۳ءمیں مورگن نے’مورگن ہیئر ریفائننگ کمپنی‘ کی بنیاد ڈالی جس میں بالوں کی دیکھ بھال کرنے والی متعدد اشیاء متعارف کروائی گئیں، اور دھیرے دھیرے کمپنی منافع بخش بن گئی۔
 اپنی کمپنی کی کامیابی کے بعد، مورگن کلیولینڈ میں ایک مشہور شہری بن گئے تھے۔ ۱۹۲۲ء میں،انہوں نے گھوڑا گاڑی اور کار کے درمیان ایک حادثہ دیکھا جس نے مستقبل میں پیش آنے والے واقعات کے امکان کو روکنے کیلئے تحریک پیدا کی۔ اس وقت، اس طرح کے حادثات عام تھے۔ ٹریفک سگنلز کے پاس صرف دو ہی آپشن تھے’اسٹاپ اینڈ گو‘جو بغیر کسی وارننگ کے بدل جاتے تھے۔ اس مسئلے کو حل کرنے کی تلاش میں، مورگن نے ایک ٹریفک سگنل ایجاد کیاجو ٹریفک کو تمام سمتوں میں رکنے یا جانے کی ہدایت کرتا تھا۔ اگرچہ یہ مورگن کی ایجاد کردہ پہلا ٹریفک سگنل نہیں تھا، لیکن انہوں نے پہلے کے بہت سے سگنلز سے بہتر ٹریفک کو کنٹرول کیا۔
اپنے پورے کریئر میں، گیریٹ مورگن نے سیاہ فام امریکیوں کی مددکی۔ وہ نیشنل اسوسی ایشن فار دی ایڈوانسمنٹ آف کلرڈ پیپل (NAACP) کےرکن رہے۔۱۹۲۰ء میں انہوں نے سیاہ فام امریکیوں کے مسائل پر بات کرنے کیلئے ہفتہ وار اخبار’ کلیولینڈ کال‘ شروع کیا۔ اس کے علاوہ،انہوں نے سیاہ فام کالجوں اور یونیورسٹیوں کو رقم عطیہ کی۔ گیریٹ مورگن کا انتقال ۲۷؍ جولائی۱۹۶۳ء کو اوہائیو میں ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK