ادھوٹھاکرےنے ڈومبیولی کے بھاگیہ شالا میدان میں بارش میں بھیگتے ہوئے خطاب کیا۔ وزیراعظم ، وزیراعلیٰ اور نائب وزیراعلیٰ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
EPAPER
Updated: May 17, 2024, 8:14 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai
ادھوٹھاکرےنے ڈومبیولی کے بھاگیہ شالا میدان میں بارش میں بھیگتے ہوئے خطاب کیا۔ وزیراعظم ، وزیراعلیٰ اور نائب وزیراعلیٰ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
یہاں ۲؍ روز قبل شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کا انتخابی جلسہ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا اور جمعرات کادن مقرر کیا گیا تھامگر شومئی قسمت کہ ادھو ٹھاکرے کے خطاب سے قبل ایک بار پھر زور دار بارش شروع ہوگئی۔اس مرتبہ ادھو ٹھاکرے نے بارش کی پرواہ کئے بغیر جلسہ سے خطاب کیا اور وزیراعظم نریندر مودی ، وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس کو جم کر تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ مودی کو شکست قریب دکھائی دے رہی ہے اس لئے وہ بار بار وہیں موضوعات کو اٹھا رہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ مودی کیلئے تقریر لکھنے والا چھٹی پر چلا گیا ہے کیونکہ وہ ہر انتخابی جلسے میں ایک ہی بات کو دہرا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
’’ نوٹ بندی کو ’ڈی مونیٹائز‘ کہا گیا تھا،۴؍ جون کو
پورا ملک ’ڈی مودی نیشن‘ منائے گا‘‘
مہاوکاس اگھاڑی کی امیدوار ویشالی دریکر کی انتخابی مہم کیلئے شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے بھاگیہ شالا میدان پر پہنچے اور شدید بارش کے باوجود انہوں نے بھیگتے ہوئے تقریباً ۲۰؍ منٹ خطاب کیا۔ادھو ٹھاکرے نے اچانک نوٹ بندی کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نوٹ بندی کے وقت کہا گیا تھا کہ آج سے ۵۰۰ ؍اور ۱۰۰۰ ؍کی کرنسی کاغذ کا ٹکڑا ہے اور اسے ’ڈی مونیٹائز‘ کہا گیاتھا، آنے والے ۴ ؍جون کو مودی صرف مودی رہیں گے، وزیراعظم نہیں رہیں گے اور پورا ملک اس دن ’ڈی مودی نیشن‘ منائے گا۔‘‘
گئو ہتھیا پر بی جے پی کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ’’امیت شاہ کہتے ہیں گئو ہتھیا کرنے والوں کو الٹا لٹکا دینا چاہئے مگر میں کہتا ہوں کہ منی پور میں خواتین کی عزت کی بے حرمتی کرنے پر صرف تماشائی بننے والوں کو الٹا لٹکا دینا چاہئے۔‘‘مودی کو چیلنج کرتے ہوئے ادھوٹھاکرے نے کہا کہ ’’ساورکر کے نام کی مالا جپنے والوں کو پہلے معلوم کرنا چاہئے کہ ان کا گائے سے متعلق کیا کہنا تھا۔
نائب وزیر اعلیٰ دیویندر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ’’ اکشے کمار کو ۴ ؍جون سے پہلے تربوز کا انٹر ویو لیناچاہئے کیونکہ تربوز کا بھاؤ کم ہونے والا ہے۔فریونس کہتے ہیں کہ میں دوبارہ لوٹ کر آؤں گا،بھلے ہی چپراسی بن کر۔
’’کھوکھے سرکار پیسہ پانی کی طرح بہارہی ہے‘‘
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو غدار کہتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ’’ویشالی دریکر کے سامنے غدار کا لڑکا میدان میں ہے۔کھوکھے سرکار ایک خاتون کے سامنے پیسہ پانی کی طرح بہا رہی ہے لیکن ووٹرس انہیں سبق سکھا کر رہیںگے۔‘‘
شرد پوار نے کہا تھا کہ الیکشن کے بعد چھوٹی چھوٹی پارٹیاں کانگریس میں ضم ہوجائے گی جس پر مودی نے ادھو ٹھاکرے کی پارٹی پر طنز کرتے ہوئے کہا تھاکہ شیوسینا بھی کانگریس میں ضم ہوجائے گی ۔اس پر ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ جب ہم بی جے پی کے ساتھ ۲۵ ؍سال رہنے کے باوجود ضم نہیں ہوئے تو اب کانگریس میں کیسے ضم ہوںگے؟ انہوںنے مزیدکہا کہ پرمود مہاجن کی بی جے پی کو اپنے خون سے سینچا، ان کی بیٹی پونم مہاجن کا ٹکٹ کیوں کاٹ دیا؟
ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی سے سوال کیا کہ اس نے اپنے لیڈر گنپت گائیکواڑ کو یوں اکیلا کیوں چھوڑ دیا۔