• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گوگل میپس کی آپ بیتی

Updated: November 20, 2026, 4:35 PM IST | Taleemi Inuqilab | Mumbai

آج شہر میں’آپ بیتی‘ مقابلہ ہے، ہال کھچا کھچ بھرا ہوا ہے۔ ابھی ابھی جیمینائی اپنی آپ بیتی سنا کر گیا ہے اور اب سامنے کھڑا ہے ایک لال، پیلا، ہرا، نیلا رنگ والا، آنکھوں پر چشمہ لگائے ہوئے... نام ہے گوگل میپس!

Photo: INN
تصویر: آئی این این

آج شہر میں’آپ بیتی‘ مقابلہ ہے، ہال کھچا کھچ بھرا ہوا ہے۔ ابھی ابھی جیمینائی اپنی آپ بیتی سنا کر گیا ہے اور اب سامنے کھڑا ہے ایک لال، پیلا، ہرا، نیلا رنگ والا، آنکھوں پر چشمہ لگائے ہوئے... نام ہے گوگل میپس! جناب مائیک پکڑتے ہی شور مچا دیتے ہیں اور بڑے ہی فخر سے سینہ تان کر کہتے ہیں: میں ہوں! کیب ڈرائیوروں کا دوست، شہر میں نئے مسافروں کی امید ،تنگ گلیوں اور ٹیڑھے راستوں میں پھنس جانے والوں کا سب سے بڑا سہارا ۔میرا آغاز۲۰۰۴ء میں آسٹریلیا میں ہوا، جہاں دو بھائیوں لارس اور جینس راسمون نے مجھے ایک سافٹ ویئر کے طور پر تیار کیا تھا۔ مگر میری صلاحیتوں کو دیکھ کر انٹرنیٹ کی دنیا کے بادشاہ گوگل نے اسی سال مجھے خرید لیا۔ پھر گوگل نے مجھے دیولپ کیا، میرا رنگ و روپ بدلا، اور۸؍ فروری۲۰۰۵ء کو مجھے’ Google Maps‘ کے نام سے ویب اپلی کیشن کے طور پر دنیا کے سامنے لا کھڑا کیا اور یوں میں۲۰۰۷ء میں موبائل فونز کی اسکرین پر نمودار ہوااوردیکھتے ہی دیکھتے میں نے دنیا بھر میں سفر کا انداز بدل دیا۔ جہاں پہلے لوگ سڑکوں پر گاڑی روک کرشیشے نیچے کر کے راہگیروں اور دکانداروں سے راستہ پوچھتے تھے یا بڑے بڑے کاغذی نقشے لئے پھرتے تھے، وہاں اب صرف اسکرین ٹچ کرتے ہی میں ان کی منزل ان کے سامنے رکھ دیتا ہوں۔اب لوگ مجھے اپنا راہبر ماننے لگے ہیں اور میرے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:جارج ویلز بیڈل مشہور امریکی ماہر جینیات تھے

لیکن جناب! میری یہ رہبری کبھی کبھی خود مجھے اور مسافر دونوں کو مشکل میں ڈال دیتی ہے، پچھلے ہی دنوں کی بات ہے میں ایک ایسی گاڑی کےڈیش بورڈ پر موجود تھا جب اماں اپنے ہونہار لڑکے کے ساتھ چاچا ماجد کی دکان سے اپنی سوٹ کا میچنگ دوپٹہ لینے جا رہی تھیں۔ لڑکے نے وقت بچانے کیلئے مجھ پر بھروسہ کیا اور شارٹ کٹ لے لیا، مگر راستے میں نیٹ ورک غائب ہو گیا۔ ہوا یہ کہ گاڑی ایک گہرے تالاب کے سامنے جا رکی، جہاں دور دور تک دوپٹہ کی دوکان تو کیا، کوئی انسان بھی نہ تھا! اماں اپنے سپوت کو ایسی خطرناک اور ترچھی نظروں سے گھور رہی تھیں کہ لڑکا سہم کر رہ گیا اور میں ڈیش بورڈ پر لگا کھسیانی ہنسی ہنس رہا تھا۔ قصور چاہے موسم کا ہو، ٹریفک کا ہو یا شہر کی ٹیڑھی میڑھی گلیوں کا، جہاں ہر دوسرے موڑ پر سمتیں بدل جاتی ہیں۔ لیکن اگر میرا مسافر غلط راستے پر نکل جائے تو ساری بدنامی مجھے ہی جھیلنی پڑتی ہے۔

میری بدولت منزلیں قریب آتی ہیں،یہی وجہ ہے کہ آج میں دنیا کے۲۲۰؍سے زیادہ ممالک اور علاقوں کے راستے دکھا سکتا ہوں۔ اچھا جناب! اب مجھے اجازت دیجئے، میرے کئی مسافر اپنی منزل کے انتظار میں ہیں، یہ کہتے ہوئے جناب گوگل میپس مائیک رکھتے ہی ہیں کہ پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھتا ہے۔

کالم نگار نے بارہویں مکمل کیا ہے اور ایلن انسٹی ٹیوٹ سے NEET امتحان کی تیاری کر رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK