George Beadleنےتحقیقی معیار بہتر بنانے اور حیاتیات کے مختلف شعبوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔
EPAPER
Updated: November 20, 2026, 4:33 PM IST | Taleemi Inuqilab | Mumbai
George Beadleنےتحقیقی معیار بہتر بنانے اور حیاتیات کے مختلف شعبوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔
جارج ویلز بیڈل امریکہ کے ممتاز ماہرِ جینیات تھے، جنہوں نے جینز اور خلیوں میں ہونے والے کیمیائی عمل کے درمیان تعلق کو سمجھنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ ان کی تحقیق نے جدید جینیات اور سالماتی حیاتیات (Molecular Biology) کی ترقی کی راہ ہموار کی۔ انہیں۱۹۵۸ء میں ایڈورڈ ٹیٹم اور جوشوا لیڈربرگ کے ساتھ طب و فعلیات کا نوبیل انعام دیا گیا تھا۔
ابتدائی زندگی، تعلیم اور سائنس سے دلچسپی
جارج ویلز بیڈل۲۲؍ اکتوبر۱۹۰۳ء کو امریکی ریاست نیبراسکا کے شہر واہومیں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد زراعت سے وابستہ تھے اور خاندان کا گزر بسر کھیتی باڑی سے ہوتا تھا۔ جب جارج کی عمر صرف چار سال تھی تو ان کی والدہ کا انتقال ہوگیا۔ اس کے بعد ان کے والد نے ان کی اور ان کے بہن بھائیوں کی پرورش کی۔ان کے والد چاہتے تھے کہ وہ بھی زراعت کے شعبے سے وابستہ ہوں، لیکن اسکول میں سائنس کے ایک استاد نے ان کی صلاحیتوں کو پہچانا اور انہیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دی۔ جارج بیڈل نے یونیورسٹی آف نیبراسکا کے کالج آف ایگریکلچر میں تعلیم حاصل کی جہاں سے انہوں نے ۱۹۲۶ء میں سائنس کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی تعلیم جاری رکھتے ہوئے۱۹۲۷ء میں ماسٹرز کی ڈگری مکمل کی۔ ابتدائی تحقیق کے دوران ان کی دلچسپی گھاس کی اقسام، پودوں اور ان کی وراثتی خصوصیات کے مطالعے سے پیدا ہوئی۔ اسی تحقیق نے انہیں جینیات کے شعبے کی جانب متوجہ کیا۔اعلیٰ تعلیم کیلئے انہوں نے کارنیل یونیورسٹی میں داخلہ لیا جہاں انہوں نے ماہرِ جینیات رولنز اے ایمرسن کی نگرانی میں مکئی کے پودوں اور ان کی وراثتی خصوصیات پر تحقیق کی۔۱۹۳۱ء میں انہوں نے جینیات میں پی ایچ ڈی مکمل کی۔
یہ بھی پڑھئے: شلجم اعصابی نظام کی کارکردگی بہتر بناتا ہے
تحقیقی سفر اور فروٹ فلائی پر تجربات
پی ایچ ڈی کے بعد جارج بیڈل نے کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں کام کیا۔اس ادارے میں انہوں نے پھلوں پر پائی جانے والی مکھی، جسے فروٹ فلائی کہا جاتا ہے، کے جینز کامطالعہ کیا۔
’’ایک جین، ایک خامرہ‘‘ کا نظریہ
جارج بیڈل اور ایڈورڈ ٹیٹم نے۱۹۴۱ءمیںیہ نظریہ پیش کیا کہ ہر جین کسی مخصوص خامرے کی تیاری یا اس کے کام سے متعلق ہوتا ہے۔ اس تصور کو ’’ایک جین، ایک خامرہ‘‘ (One Gene One Enzyme Hypothesis) کہا گیا۔ اس نظریے نے سائنسدانوں کو یہ سمجھنے میں مدد دی کہ جینز کس طرح جانداروں کی جسمانی خصوصیات اور خلیوں کے اندر ہونے والے کیمیائی عمل کو متاثر کرتے ہیں۔ بعد کی تحقیق سے دوسرے نتائج سامنے آئے اور اس نظریے میں ترمیم کرکے اسے ’’ایک جین، ایک پولی پیپٹائڈ‘‘ کے تصور سے جوڑا گیا۔
آخری ایام اور وفات
زندگی کے آخری برسوں میں جارج بیڈل کو الزائمر کی بیماری لاحق ہوگئی تھی۔۹؍ جون۱۹۸۹ءکو ۸۵؍ سال کی عمر میں امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر پومونامیں ان کا انتقال ہوگیا تھا۔