میرا نام خلائی لباس ہے اور لوگ مجھے انگریزی میں اسپیس سوٹ(Space suit) کہتے ہیں۔ میں کوئی عام لباس نہیں ہوں کہ صبح پہنا، شام کو اتارا اور دھلنے کیلئے واشنگ مشین میں ڈال دیا۔
EPAPER
Updated: November 28, 2026, 4:34 PM IST | Taleemi Inuqilab | Mumbai
میرا نام خلائی لباس ہے اور لوگ مجھے انگریزی میں اسپیس سوٹ(Space suit) کہتے ہیں۔ میں کوئی عام لباس نہیں ہوں کہ صبح پہنا، شام کو اتارا اور دھلنے کیلئے واشنگ مشین میں ڈال دیا۔
میرا نام خلائی لباس ہے اور لوگ مجھے انگریزی میں اسپیس سوٹ(Space suit) کہتے ہیں۔ میں کوئی عام لباس نہیں ہوں کہ صبح پہنا، شام کو اتارا اور دھلنے کیلئے واشنگ مشین میں ڈال دیا۔ میں تو وہ خاص لباس ہوں جسے پہن کر انسان زمین سے لاکھوں میل دور خلا کی سیر کرنے نکل پڑتا ہے۔ میری زندگی بھی عجیب ہے، نہ مجھے گرمی سے شکایت کرنے کا حق ہے، نہ سردی سے، نہ بارش سے کوئی گلہ، اور نہ ہی کبھی یہ کہنے کی اجازت ہے کہ آج میرا پہننے کو دل نہیں چاہ رہا!میری پیدائش کا قصہ بھی بڑا دلچسپ ہے۔ جب انسان نے ہوائی جہازوں کے ذریعے بلندیوں پر پرواز کرنا شروع کیا اور بعد میں خلا میں جانے کے خواب دیکھنے لگا، تو اسے احساس ہوا کہ زمین اور خلا کا ماحول ایک جیسا نہیں۔اس لئے سائنسدانوں نے ایسا لباس بنانے کی کوشش کی جو انسان کو خلا کے خطرناک ماحول سے محفوظ رکھ سکے۔ بیسویں صدی میں میرے ابتدائی نمونے تیار ہوئے اور خلائی سفر کی ترقی کے ساتھ میری شکل و صورت اور صلاحیتیں بھی بہتر ہوتی گئیں۔ اب ذرا میری روزمرہ زندگی کا حال سنئے! جب کسی خلاباز کو خلا میں جانا ہوتا ہے تو سب سے پہلے اسے میرے اندر داخل کیا جاتا ہے۔ سچ پوچھیں تو مجھے پہننا اتنا آسان نہیں جتنا عید کے دن نیا کرتا پہننا ہے۔ میرے اندر داخل ہونے کیلئے خاصی محنت کرنی پڑتی ہے۔ کبھی خلاباز کے ہاتھ ادھر پھنس جاتے ہیں، کبھی پاؤں ادھر اٹک جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:جوزف سوان سائنسداں، موجد اور ماہر کیمیا تھے
میری سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ میں انسان کو خلا میں سانس لینے کیلئے آکسیجن فراہم کرتا ہوں۔ میں اس کے جسم کو مناسب دباؤ میں رکھتا ہوں اور اسے نقصاندہ شعاعوں، گردوغبار اور درجۂ حرارت کی شدید تبدیلیوں سے بچانے میں مدد دیتا ہوں۔ میرے اندر ٹھنڈک پہنچانے کا نظام بھی ہوتا ہے، تاکہ خلاباز پسینے میں شرابور ہو کر یہ نہ کہنے لگے کہ ’’مجھے خلا میں بھی پنکھا چاہئے!‘‘ لیکن میری زندگی صرف حفاظت کرنے تک محدود نہیں۔ جب خلا باز خلا میں تیرتا پھرتا ہے تو میں بھی اس کے ساتھ ادھر اُدھر گھومتا رہتا ہوں۔ کبھی وہ خلائی جہاز کی مرمت کرتا ہے، کبھی سائنسی تجربات کرتا ہے تو کبھی زمین کی خوبصورت تصویریں بناتا ہے۔ میں خاموشی سے سب کچھ دیکھتا ہوں، مگر افسوس! میری اپنی کوئی تصویر بنانے والا نہیں ہوتا۔
میری خواہش ہے کہ انسان علم و تحقیق کے ذریعے خلا کے مزید راز دریافت کرے اور میری مدد سے دوسرے سیاروں تک پہنچے۔ میں چاہتا ہوں کہ ایک دن مریخ پر بھی میری دھوم مچے اور لوگ کہیں، ’’واہ! کیا لباس ہے!‘‘آخر میں بس اتنا کہوں گا کہ مجھے پہن کر خلا میں جانا بچوں کا کھیل نہیں۔ہاں، اگر کبھی آپ مجھے پہننے کی خواہش کریں تو پہلے خوب ورزش کر لیجئے گا، ورنہ مجھے پہننے سے پہلے ہی آپ کی سانس پھول جائے گی!
کالم نگار مکتب مسجد قدیم سمرو باغ، بھیونڈی میں معلم کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔