• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پیکابو: جابر بن حیان کے اطراف ہاتھ سے لکھی کتابوں کا انبار تھا!

Updated: November 20, 2026, 4:00 PM IST | Taleemi Inuqilab | Mumbai

ماحول بالکل سنجیدہ ہونے کے باوجود میری ہنسی نہیں رُک رہی تھی۔ پروفیسر صاحب مجھے ایسے دیکھ رہے تھے جیسے میرے مستقبل سے انہیں کوئی امید ہی نہیں رہ گئی ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

کیمسٹری لیب میں رنگ برنگے کیمیکلز،  فلاسک اور مختلف آلات دیکھ کر میرا ہنس ہنس کر برا حال تھا۔ ان چیزوں کو دیکھ کر لگ رہا تھا کہ ابھی کوئی چڑیل نمودار ہوگی اور اپنی جادوئی دیگچی میں کچھ پکانے لگے گی۔

ماحول بالکل سنجیدہ ہونے کے باوجود میری ہنسی نہیں رُک رہی تھی۔ پروفیسر صاحب مجھے ایسے دیکھ رہے تھے جیسے میرے مستقبل سے انہیں کوئی امید ہی نہیں رہ گئی ہے۔ اچانک انہوں نے ایک مشکل سوال پوچھ لیا۔ مَیں جواب سوچ ہی رہی تھی کہ میری ساتھی نے نہ جانے کون سے دو کیمیکلز ملادیئے کہ ایک عجیب سی بُو کے ساتھ اطراف میں دھواں پھیلنے لگا۔ کچھ ہی دیر میں لیب میں اتنا دھواں بھر گیا کہ کچھ نظر نہیں آ رہا تھا۔ لیکن جب دھواں چھٹا تو لیب غائب تھی!

مَیں ایک پرانے شہر میں کھڑی تھی۔ بازار میں ارد گرد علمی محفلیں اور کتابوں سے بھری دکانیں تھیں۔ مارے گھبراہٹ کے مجھے پسینہ چھوٹنے لگا۔ خود کو چمٹی لی کہ شاید یہ خواب ہو لیکن بے سود۔ تبھی ایک شخص نظر آیا جو موٹی موٹی کتابیں اٹھائے میری ہی طرف آ رہا تھا کہ اچانک لڑکھڑا کر گر پڑا۔ مَیں نے آگے بڑھ کر کتابیں اٹھائیں اور پوچھا، ’’جناب! آپ ٹھیک ہیں؟ اتنی موٹی موٹی کتابیں کہاں سے لا رہے ہیں؟‘‘

انہوں نے جواب دیا، ’’مَیں امام جعفر الصادق کی علمی مجلس سے واپس آ رہا ہوں، میرا نام جابر ہے۔‘‘

میری آنکھیں حیرت سے پھیل گئیں، ’’کیا آپ ہی مشہور کیمیاں داں جابر بن حیان ہیں؟‘‘

یہ بھی پڑھئے: عالمی کہانیوں کا اردو ترجمہ: خوش نصیب رِیا کار

انہوں نے اثبات میں گردن ہلائی اور مجھے اپنے غریب خانے پر چائے کی دعوت دی۔ مجھے یقین نہیں ہو رہا تھا کہ مَیں معروف زمانہ کیمیاداں جابر بن حیان کے ساتھ ہوں۔ اِن کے زمانے میں نوبیل انعام ہوتا تو مسلسل کئی برسوں تک یہی اس انعام کے حقدار ہوتے۔ مَیں کسی معمول کی طرح ان کے پیچھے چل پڑی۔ گھر دکھانے کے بعد جب وہ مجھے اپنی تجربہ گاہ میں لے گئے تو مَیں وہاں مختلف دھاتوں کے نمونے، شیشے کے برتن، آلات اور ہاتھ سے لکھی ہوئی کتابوں کا ڈھیر دیکھ کر دنگ رہ گئی۔ تبھی یاد آیا کہ ایسے ہی عجیب عجیب آلات دیکھ کر مَیں ہنس رہی تھی، اور اب یہاں پہنچی ہوں۔ انہوں نے میز پر کچھ دھاتوں کے نمونے رکھتے ہوئے کہا، ’’ذرا غور سے دیکھو۔ کیا یہ سب ایک جیسی ہیں؟‘‘ مَیں نے کہا، ’’بالکل نہیں۔ سبھی کے رنگ، چمک اور وزن یکسر مختلف ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’میرے ذہن میں بھی یہی سوال پیدا ہوا تھا کہ یہ تمام دھاتیں زمین سے نکلتی ہیں، لیکن ان کی خصوصیات اتنی مختلف کیوں ہیں؟‘‘

میرے چہرے پر تجسس دیکھ کر انہوں نے بتایا کہ ’’مَیں نے مختلف دھاتوں کا مشاہدہ کیا۔ ان کے رنگ، وزن، چمک اور ان پر حرارت کے اثرات کا موازنہ کیا۔ اپنے مشاہدات لکھتے ہوئے مجھے ایک حیران کن نظریہ کا علم ہواجسے ’سلفر مرکیوری تھیوری‘ کہا جاتا ہے۔ اس نظریہ کے مطابق دھاتوں کی تشکیل میں دو بنیادی اصول اہم تھے، سلفر اور مرکیوری۔‘‘

’’یعنی ہر دھات ان دو دھاتوں سے بنتی ہے؟‘‘ میرے سوال پر انہوں نے توصیفی نظروں سے دیکھتے ہوئے جواب دیا، ’’اس نظریہ کے مطابق مختلف دھاتوں میں ان دو اصولوں کا تناسب اور خالص پن مختلف ہوتا ہے۔ اسی فرق سے دھاتوں کی خصوصیات بھی مختلف ہوتی ہیں۔ ہمارے نظریے میں ان ناموں کا مطلب ’ایلکیمی‘ کے دو بنیادی اصول ہیں۔ ہم اس وقت مادّوں کی تشکیل کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:اسپیم فولڈر کی آپ بیتی

پھر انہوں نے کہا، ’’چلو کچھ دلچسپ بتاتا ہوں۔‘‘

یہ کہہ کر وہ مجھے لیب کے دوسرے حصے میں لے گئے جہاں ان کے شاگرد ’ڈیسٹیلیشن‘ یعنی مادّوں کو الگ کرنے کے عمل میں مصروف تھے۔ وہاں انہوں نے مجھے مختلف تجربات مثلاً ’کرسٹلایٔزیشن‘ یعنی محلول سے کرسٹل بنانے کا عمل، ’سبلیمیشن‘ یعنی ٹھوس مادے سے بخارات اور پھر دوبارہ ٹھوس بنانے کا عمل اور ’کیلسینیشن‘ یعنی حرارت سے مادّوں میں ہونے والی تبدیلیوں کے بارے میں بتایا جو آج کیمسٹری میں اینالیٹکل تکنیک میں شامل ہے۔

آخر میں مَیں نے ان سے پوچھا، ’’ان تجربات کے دوران آپ کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے؟‘‘

انہوں نے جواب دیا، ’’مجھے کبھی کبھی اس بات کا افسوس ہوتا ہے کہ لاعلم افراد میری تحقیقات کو جادو سمجھتے ہیں اور مجھ سے دوری اختیار کرتے ہیں۔ لیکن میرا مقصد محض قدرت کے راز سمجھنا ہے۔‘‘

ہم باتوں میں مشغول تھے کہ ان کے کسی شاگرد نے دو ایسے کیمیکلز ملا دئیے کہ ایک عجیب بُو پھیلی، پھر دھماکہ سا ہوا اور مَیں اپنے لیب میں لوٹ آئی۔

اس سفر نے مجھے یہ احساس دلایا کہ کیمسٹری صرف ’ری ایکشنز‘ کا نام نہیں بلکہ یہ کائنات کو سمجھنے کا ایک طریقہ، سوال پوچھنے اور جواب تلاش کرنے کی خواہش اور نئی ایجادات کا نام ہے۔ 

کالم نگار رضوی کالج آف انجینئرنگ، باندرہ میں سول انجینئرنگ کی سالِ سوم کی طالبہ ہیں اور تعلیمی انقلاب کی سابق اسٹوڈنٹ ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK